مولانا فضل الرحمان کوگرفتار کریں گے - وزیرداخلہ

کوئٹہ: وفاقی وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ اگر جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لانگ مارچ اور دھرنے کے دوران گرفتاری والا کام کیا تو انہیں گرفتار کریں گے۔

کوئٹہ میں وفاقی وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے کہ مولانا فضل الرحمان اسلام آباد لانگ مارچ نہیں کریں گے، اگر وہ احتجاج کرنے آ رہے ہیں تو احتجاج کریں کوئی انہیں گرفتار نہیں کرے گا، لیکن اگر انہوں نے گرفتاری والا کام کیا تو گرفتار کریں گے، تاہم مجھے پورایقین ہے کہ مولانادھرنا نہیں دیں گے۔

اعجاز شاہ نے کہا کہ بھارت سے بات چیت کرنے کے تمام راستے اپنا لئے مگر کچھ فائدہ نہیں ہوا، بلوچستان میں ناراضگی کی کوئی بات نہیں، بھارت یہاں دہشت گردی کرتا ہے اور کرتا رہے گا، کسی دشمن ملک میں دہشت گردی کرنے کے لئے دشمن ملک لازمی نہیں اپنے بندے بھیجے۔

اعجاز شاہ نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی تو ہے اس میں کوئی شک نہیں، وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ عوام کے لئے کام کیا جائے۔