پاکستانی تجھے سلام - احسن سرفراز

بہاولپور سے تعلق رکھنے والے سترہ سالہ حنین ضیاء نے O/A لیول میں دو سال میں چھیاسٹھ مضامین میں A اور A* گریڈ لے کر چھ ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔

حنین ضیاء نے کا پہلا ریکارڈ دوسال میں 66 اے گریڈ حاصل کرکے بنایا جس کے لیے انہوں نے 27 دن میں 45 مضامین کے 154 پیپرز میں شرکت کی جو کہ بذات خود کم وقت میں زیادہ زیادہ سے مضامین اور پیپرز دینے کا ایک ریکارڈ ہے دوسری جانب انہوں نے ایک دن میں 19، 19 گھنٹے لگا تار امتحان دے کر بھی ریکارڈ قائم کیا یا اور ایک سیشن میں 20 گریڈ لیے۔

حنین ضیاء کی تعلیمی میدان میں حیرت انگیز کامیابی سے بھی زیادہ اس کی منفرد سوچ ہے جو اس ورلڈ ریکارڈ کو قائم کرنے میں مہمیز ثابت ہوئی۔ حنین ضیاء جو ایک سال پہلے تک ایک عام طالبعلم کی طرح تعلیم حاصل کر رہا تھا، پھر اچانک اسے کسی وجہ سے اپنے سب سے عزیز دوست کی صحبت سے محروم ہونا پڑا۔ عزیز دوست کی جدائی نے اسے ایک راہ دکھائی کہ کیوں نہ وہ ہزاروں دوست بنانے اور دوسروں کی مدد کرنے کا راستہ تلاش کرے۔

اس نے سوچا کہ معاشرے میں موجود بےشمار ایسے لوگ ہیں جنہیں قدرت نے بے انتہا صلاحیتوں سے نواز رکھا ہے، کسی کی آواز قدرت کی نعمت ہے اور کسی کا ذہن انمول ہے، کوئی بہترین لکھاری اور کوئی شاعر بن سکتا ہے اور کوئی سائنس کے میدان میں اپنی صلاحیتوں سے دنیا کو حیران کر سکتا ہے۔ لیکن سفارش اور حکومتی عدم توجہی کی وجہ سے یہ باصلاحیت افراد کبھی سامنے نہیں آپاتے اور نتیجتاً ان کی صلاحیتیں زمانے کی گرد میں کھو جاتی ہیں۔

قائداعظم کو اپنا رول ماڈل ماننے والے حنین نے ان خدا داد صلاحیتوں کے مالک افراد کو تلاشنے اور ان کی حیرت انگیز صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے ایک پلیٹ فارم بنانے کا سوچا۔ اس نے اس سوچ کو سامنے رکھ کر ہم خیال افراد کا ایک گروپ ترتیب دیا اور اس گروپ نے مل کر سوچا کہ اس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو کامیاب کرنے کے لیے پہلے اس گروپ کا مشہور ہونا ضروری ہے اور اس کے لیے انھیں کوئی غیر معمولی کارنامہ سرانجام دینا ہوگا۔

لہذا گروپ کا فاؤنڈنگ ممبر ہونے کی وجہ سے حنین ضیاء نے دو سال میں O/A لیول کے اتنے سبجیکٹس میں A گریڈ لے کر ورلڈ ریکارڈ بنانے کا پلان تیار کیا۔ اپنے اس منصوبے کو سامنے رکھ کر حنین نے اپنے اساتذہ، والدین اور بڑی بہن کی مدد سے اس ناممکن کی حد تک مشکل ہدف کو مکمل کرکے ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا۔ اب حنین اسی مہینے اپنے گروپ کے زیراہتمام پہلے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے لیے رجسٹریشن شروع کرنے والا ہے۔

اللہ ارض پاک کے اس ہیرے کو اس کے نیک مقاصد میں کامیاب کرے، نظر بد سے محفوظ رکھے اور اسے ہر قسم کی مشکلات میں ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ حکومت پاکستان کو بھی چاہیے کہ اس حیرت انگیز سوچ اور صلاحیتوں کے مالک نوجوان کی بھرپور سرپرستی کرے کیونکہ یہی وہ چراغ ہیں جسکی روشنی سے پاکستان سے جہالت کے اندھیرے دور ہونگے اور ہمارا ملک بھی علم، سائینس، ٹیکنالوجی اور فنون لطیفہ کے میدان میں دنیا کی ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہو سکے گا۔

Comments

احسن سرفراز

احسن سرفراز

احسن سرفراز لاہور کے رہائشی ہیں. سیاست اور دیگر سماجی موضوعات دلچسپی کا باعث ہیں. ان کے خیال میں وہ سب کی طرح اپنے رب کی بہترین تخلیق ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ رب کی تخلیق کا بھرم قائم رہے.

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں