پرویز ہود بھائی نے ٹھیک کہا ۔۔ لیکن - محمد طاہر مرسلین

سوشل میڈیا پر آج کل پاکستان کے معروف سیکولر پرچارک اور مہر طبیعیات جناب پرویز ہود بھائی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے اور وجہ ہے ان کا لعن طعن والا بیان۔
ہمارے ہاں ایک رویہ تمام "ازم" کے ماننے والوں میں مشترک ہے کہ ان کو اپنے نظریے پر چلنے والے کی محض اچھائیاں ہی نظر آتی ہیں اور برائیوں کو ایسے نظرانداز کرتے ہیں کہ گویا اندھے ہوں۔ کمیونزم کے ماننے والوں کو سٹالن کے ہاتھوں لاکھوں افراد کے قتل عام کے واقعات نظر نہیں آتے۔ کیپٹل ازم والوں کو سرمایہ داروں کے مفادات کی خاطر مارے جانے والے نظر نہیں آتے۔ پھر کمیونزم کے ساتھ دہریت اور کیپٹل ازم کے ساتھ سیکولر ازم بھی در آتا ہے۔ سیکولر ازم کے پجاریوں کو اپنے نظریے کے علم برداروں کے ہاتھوں دنیا بھر میں لگی آگ نظر نہیں آتی۔ اسی طرح میرے اسلام پسند بھائیوں کو ضیاء الحق میں کوئی خرابی دکھائی نہیں دیتی۔
بہرحال، ہود بھائی کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ وہ سیکولر ازم کےپیروکار ہیں، تو سمجھ جانا چاہیے کہ انہیں ایک اسلامی جمہوریہ میں کیونکر کوئي اچھائی نظر آئے گی؟ باقی انہوں نے جو کہا کہ بچوں کو جلانے والے دہشت گردوں کے پشت پناہوں پر لعنت بھیجتا ہوں تو بالکل ٹھیک کہا۔ ہم سب بھی یہی کہتے ہیں لیکن جن پر یہ الزام انہوں نے دھرا ہے وہ اس کے مستحق ہیں؟ کیا انفرادی واقعہ کو بنیاد بنا کر ساری قوم پر لعنت کرنا ٹھیک ہے؟ یا لعنتوں کے حقدار کوئی اور ہیں؟ چند سوالات کے جوابات اگر تلاش کرلیے جائيں تو ہود بھائی کی لعنتوں کے اصل مستحقین کی فوری شناخت ممکن ہے۔
سوال یہ ہیں کہ پہلی اور دوسری جنگ عظیم میں مرنے والے اور ایٹمی بم دھماکے کے ہاتھوں مارے گئے بڑوں اور بچوں کی تعداد کیا تھی؟
افغانستان میں اب تک امریکی حملوں میں جاں بحق ہونے والوں، ڈیزی کٹر بموں اور بی 52 طیاروں کے حملوں میں جھلسنے والے بچوں کی تعداد کیا ہے؟
عراق، شام، لبنان اور فلسطین کے کتنے بچے لقمہ اجل بن چکےہیں؟
کشمیر میں کتنے بچے یتیم ہوئے اور کتنی بچیوں کی عصمتیں پامال ہوئیں؟
پاکستان میں ڈرون حملوں میں شہید ہونے والے مظلوم بچوں کی تعداد کیا ہے؟
کیا یہ سارے کام کرنے والے خود دہشت گرد نہیں؟
داعش کا ہوّا کھڑا کرنے والا امریکا نہیں؟ شام میں لاکھوں افراد کا قاتل بشار الاسد دہشت گرد نہیں؟ اور اس کی پشت پناہی کرنے والا روس بھی نہیں؟
کیا بلوچستان میں آگ لگانے والے کلبھوشن کوبھارت نے نہیں بھیجا تھا؟ کیا کراچی کو دہائیوں تک خون سے رنگنے والا الطاف حسین بھارت کا آلہ کار نہیں؟
جب آپ ان تمام سوالوں کے جواب ڈھونڈیں گے تو آپ کو معلوم ہوجائے گا کہ لعنت تو صحیح بھیجی تھی لیکن نشانہ غلط سادھا گیا۔

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com