آپ کیوں شرمندہ ہیں؟ ابن حجر

ایک شخص نے اپنی بیوی کو اس لیے مارا کیونکہ وہ اس شخص کی پیاری بہن سے بد تمیزی سے پیش آتی تھی.
ایک شخص نے دوسرے کو اس لیے ذبح کر ڈالا کہ وہ شخص اس کے باپ کی توہین کر رہا تھا.
ایک شخص نے چند روپوں کی خاطر کئی انسانوں کو خون میں نہلا دیا.
کسی شخص نے ایک عورت سے شادی کی شرط پوری کرنے کی خاطر بینک میں ڈاکہ ڈال دیا.

کیا کبھی کسی نے اس سے یہ اخذ کیا کہ چونکہ کسی شخص کی بہن کی وجہ سے بیوی کو مار پڑی اس لیے پوری دنیا کے لوگوں کو اپنی بہنوں سے محبت نہیں رکھنی چاہیے؟ چونکہ کسی شخص نے باپ کی توہین کا بدلہ سفاک طریقہ سے لیا اس لیے یہ ”باپ کی عزت“ بھی کوئی فضول چیز ہے، ماں باپ کی عزت نہیں کرنا چاہیے؟ کسی شخص نے چند روپوں کی خاطر کئی انسانوں کی جان لی، اس لیے پیسہ ایک بری چیز ہے، پیسہ کمانا بند کر دینا چاہیے اور اس پر دو حرف بھیج کر فارغ بیٹھ جانا چاہیے؟ کسی شخص نے شادی کی خاطر ڈاکہ ڈالا، اس لیے شادی ایک بہت ہی بری چیز ہے، کنوارے ہی زندگی گزار کر کنوارے ہی مر جانا چاہیے؟

یا پھر ایسا ہے کہ آپ وجوہات کے بجائے ان لوگوں کو مورد الزام ٹھہرائیں گے؟

تو پھر آپ نے یہ کیسے سوچ لیا کہ کسی کی طرف سے اسلام کا نام لے کر خون خرابہ ہو تو آپ اس شخص کے طرز عمل کو غلط کہنے کے بجائے اسلام سے ہی نفرت کرنا شروع ہوجائیں؟ کوئی دیسی لبرل یا ملحد یہ بکواس کرے کہ فلاں فلاں گروہ نے جنّت یا حوروں کے لالچ میں عوام کا قتل عام کیا، تو آپ کا رد عمل؟ جنّت کا انکار؟ حوروں کے بارے میں عقیدہ پر شرمندہ شرمندہ؟ جہاد سے انکار؟
پیسے کی خاطر ہوتے ہوئے غلط کاموں کو دیکھ کر اس کے ردعمل میں کیا آپ نے پیسے پر لعنت بھیج دی اور فارغ ہو کر بیٹھ گئے؟ نہ بھئی نہ، اس بارے میں آپ بڑے سیانے واقع ہوئے ہیں، ارے لعنت بھیجنا تو دور کی بات، آپ کو تو روپیہ پیسہ کی شکل میں اپنی جائز آمدنی پر خوشی، فخر اور اطمینان ہے، تو پھر شرمندگی کیسی؟
پھر آپ کو اپنے اس دین پر کیوں شرمندگی محسوس ہو رہی ہے، جس کے جواز میں کچھ درندہ صفت لوگ غلط کام کر رہے ہیں؟
آپ کا جنّت پر سے یقین کیوں اٹھ رہا ہے؟ اور جنّت کی نعمتوں اور حوروں پر آپ کا یقین کیوں متزلزل ہوا جا رہا ہے؟ جہاد کے نام پر ناجائز کاموں کے رد عمل میں آپ اسلامی ریاست کی طرف سے کیے جانے والے جہاد کے جائز حق سے بھی کنارہ کش ہو رہے ہیں؟ آپ کو لفظ جہاد سے ہی الرجی ہو گئی ہے؟ کیوں؟ روپے پیسے سے تو آپ کو الرجی نہیں ہوئی. کیا آپ کی ساری معذرت خواہیاں، شرمندگی اور خفت صرف دین کے لیے ہی رہ گئی ہے؟ بڑے سیانے ہیں آپ!
آپ شرمندہ کیوں ہیں؟