ہوم << ترکی میں اقتدار پر فوجی قبضے کی کوشش - ڈاکٹر عاصم اللہ بخش

ترکی میں اقتدار پر فوجی قبضے کی کوشش - ڈاکٹر عاصم اللہ بخش

( ترکی میں بغاوت کی یہ کوشش اب ناکام ہو چکی ہے لیکن اس مضمون کے چند نکات اب بھی متعلق ہیں، بالخصوص ہمارے تناظر میں . ادارہ دلیل)

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ترکی میں فوج نے اقتدار پر قبضہ کر لیا ہے.
حالیہ دنوں میں وقوع پذیر ہونے والی یہ اہم ترین تبدیلی ہے جسے ڈرامائی بھی کہا جاسکتا ہے، اپنے ظاہر ہونے کے لحاظ سے بھی اور اپنے اثرات کے لحاظ سے بھی. شام، سعودی عرب، پاکستان، یورپ، روس اور.... خود ترکی، سب پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہوں گے.
مشرق وسطی کے معاملات میں پاکستان کو اور زیادہ شامل ہونا ہو گا کیونکہ ایران سعودی کشمکش میں ایک بڑا بیلنسنگ فیکٹر اب اپنا کردار پوری طرح نہیں ادا کر پائے گا.
دوسری طرف ترکی میں اندرونی پرخاش بڑھنے کا خدشہ ہے جس میں اسلام اور سیکولرازم کی چپقلش ایک خطرناک رخ بھی اختیار کر سکتی ہے. یہ دیکھنا ہوگا کہ ملٹری سیکولر ازم پر زور دیتی ہے یا پھر اردوان کے سابق حلیف اور اب ایک بڑے حریف فتح اللہ گولن کو سامنے لاتی ہے. یہ بھی اہم ہو گا کہ اس بار عوام اس مارشل لاء کے متعلق کیا ردعمل رکھتے ہیں اور اس کا اظہار ہو گا یا ماضی کی طرح ہی سب کچھ نارمل چلتا رہے گا. یاد رہے ترک جنگ آزادی میں شریک رہنے کی وجہ سے ترک فوج کا مقام کسی عام فوج سے مختلف ہے.
مسلم دنیا کی بقایا تین بڑی فوجوں میں سے اب دو تو اقتدار کے معاملات میں الجھ گئیں... اب صرف پاکستان بچا ہؤا ہے. حالات اچانک ہی بہت بدل گئے ہیں. آج ہی پاکستان کی سول ملٹری قیادت کو فوراً ایک دوسرے کو اعتماد میں لے کر چند فیصلے کرنا ہوں گے. اس وقت عالمی سطح پر غیر معمولی تیزی سے صورت حال بدل رہی ہے. اس کا ادراک کرنا ہو گا. یہ وقت سیاست نہیں تدبر کا ہے . پاکستان نہ مارشل لاء کا متحمل ہو سکتا ہے اور نہ ہی تساہل پسند گورننس کا.
یہ وقت پاکستان کو مسلم دنیا کی سب سے بالغ نظر، مستحکم اور مدبر ریاست کے طور پر سامنے لا سکتا ہے، اور غلط فیصلے ہمیں بھی مصر اور ترکی کی راہ پر لے جائیں گے. یہ پاکستان کے لیے موقع بھی ہو سکتا ہے اور آزمائش بھی. ہمیں خود کو اسے موقع میں ڈھالنے کے قابل ثابت کرنا ہے.
کئی دہائیوں میں ایسی ایک ہی گھڑی آتی ہے.

Comments

Click here to post a comment