ہوم << ڈرامے کا ڈراپ سین - کاشف نصیر

ڈرامے کا ڈراپ سین - کاشف نصیر

کاشف نصیر عامر لیاقت حسین نے کافی حد تک بھانڈا پھوڑ دیا ہے. دوسری طرف پریس کانفرنس کو ابھی چند گھنٹے نہیں گزرے کہ بیانات بدلنے لگے ہیں. پہلے کہا گیا کہ پارٹی پاکستان سے چلائیں گے، اب خبر ہے کہ مشاورت میں لندن آفس بھی شامل تھا جبکہ قائد تحریک کو صرف وقتی آرام کا مشورہ دیا گیا ہے.
ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ کوئی مائنس الطاف حسین بات نہیں ہوئی ہے. بس ڈیمج کنٹرول کی شاندر سیاسی پرفارمنس نے پارٹی کو بچالیا ہے. البتہ اتنی جلدی فاروق بھائی اینڈ کمپنی اپنا ہی راز خود کھول دے گی، یہ امید نہ تھی. ہم تو ایک سال سے کہہ رہے تھے کہ عامر لیاقت مردار کا گوشت نوچنے آئے ہیں، آپ کو سمجھ نہ آئی. ہم یہ بھی کہتے ہیں کہ عامر خان جھاڑو پھیرنے کے واسطے بھیجے گئے ہیں مگر آپ کو یہ بھی سمجھ نہیں آئے گی.
گزارش یہ ہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما اور کارکنان قوم کے جذبات کو اتنا ہلکا نہ لیں. خود آپ کے مہاجر ووٹرز نے آپ کو تنہا چھوڑ دیا ہے جبکہ فوج اور سیاسی اکابرین آپ کو مزا چکھانے کے لیے بدستور یکسو ہیں. صرف فوجی قیادت ہی نہیں, وزیر اعظم کا بیان بھی بہت واضع اور بھرپور ہے. اپوزیشن پہلے ہی آپ سے نالاں تھی.
ملک میں کوئی سیاسی جماعت اور مکتب فکر ایسا نہیں جو آپ سے ہمدردی رکھتا ہو. کیا مذہبی لوگ اور کیا سرخے، لبرل اور قوم پرست، سب آپ سے زخم کھائے ہوئے ہیں. میڈیا کا کوئی گروپ آپ کو کاندھا دینے اور کوئی دانشور آپ کے حق میں لکھنے پر رضامند نہیں ہے. اس کیفیت کو آپ نے سمجھا اور شاندار سیاسی کوشش سے قابو بھی کرلیا. لیکن پھر آپ صبر اور تقیہ برقرار نہ رکھ سکے، ضبط ٹوٹ گیا اور دل کا چور باہر آنے لگا.
صاحبو! یہ کوئی معمولی بات نہیں ہوئی ہے. الطاف حسین ایک عظیم جرم کے مرتکب ہوئے ہیں، جس کی کوئی معافی نہیں بنتی. دنیا میں ایسی کوئی بیماری نہیں جس میں کوئی اپنے وطن کو مغلظات سے نوازے اور دشمن کو مدد کے لیے پکارے. سیدھی سی بات ہے کہ یہ قدم سوچ سمجھ کر اٹھایا گیا تھا. ایم کیو ایم کے رہنما اگر ملک اور مہاجروں سے ذرا سا بھی مخلص ہیں تو انہیں واقعی میں الطاف حسین سے جان چھڑا لینی چاہیے.