فی زمانہ رائج الوقت، ٹکسالی طریقہ دانشوری بتایا جارہا ہے، پھر نہ کہنا خبر نہ ہوئی. اب چند ہی دنوں میں آپ بن سکتے ہیں ایک دانشور.. دُنیا میں دانشوری کا اس سے آسان طریقہ ممکن ہی نہیں. صرف مملکت پاکستان میں, فیس بک مارکہ مشہور دانشور بننا ممکن ہوا. پر یہ کیسے......؟
مندرجہ ذیل ہدایات غور سے پڑھیں اور ان پر عمل بھی کریں.
1- آج اور ابھی سے اپنے آپ کو عقل کُل سمجھ لیں.
2- معاشرے میں وقوع پذیر ہونے والی ہر بات پر فرض سمجھ کر تنقید کریں.
3- گوگل کی مدد سے یورپ و امریکہ سے ڈھونڈ ڈھونڈ کر مثالیں جمع کرلیں. مستند اور غیر مستند کا دھیان رکھنے کی بھی ضرورت نہیں. پھر ان مثالوں سے وقتاً فوقتاً جا و بے جا ہر کس و ناکس کے سامنے ثابت کریں کہ آپ جاہلوں کے درمیان جی رہے ہیں.
4- ہر قومی دن پر اعتراضات کی توپیں داغا کریں. دلیل طلب کرنے والے کو جاہل کہہ کر بلاک کریں. اور بلاک کر کے پوسٹ کریں. تاکہ عوام دلیل نہیں بلاک کی دُم پکڑے رکھیں.
5- اسلامی تہواروں پر ڈھکے چھپے انداز میں تنقید کریں. مگر دھیان رہے یہاں ممتاز قادریوں کی بہتات ہے.
6- اکثر و بیشتر وکی پیڈیا اور گوگل سے مشکل مشکل اصلاحات کاپی پیسٹ کرتے رہا کریں.
7- پاکستان کا والی وارث کوئی نہیں، اس لیے اس کے بننے سے لے کر اب تک اس کے ہر نظام پر بلا خوف و خطر طعن و تشنیع میں بھگو بھگو کر تنقید کریں.
8- دانش ور کے لیے کسی کی عزتِ نفس و جذبات کا لحاظ کرنا جرم ہے. اس لیے کسی کو عزت دینے کی ہرگز ہرگز کوشش نہ کریں.
9- اپنے علاوہ سب کو اللہ تعالیٰ کی گائے سمجھیں. اور انسانیت کا ڈھنڈورا زور و شور سے پیٹتے رہیں.
10- پاکستان کے علاوہ ساری دنیا مظلوم ہے اس سلسلے میں جس قدر بھاری بھر کم اعداد و شمار پیش کریں گے اتنے ہی بڑے دانشور کہلائیں گے.
تبصرہ لکھیے