ہوم << اقصادی بل فائٹنگ اور مشتعل سانڈ - اعظم علی

اقصادی بل فائٹنگ اور مشتعل سانڈ - اعظم علی

ویسے تو امریکی صدر ٹرمپ نے پوری دنیا ہی سے اعلان جنگ کردیا ہے لیکن انا پرست صدر ٹرمپ کو جوابی للکار چین نے ہی دی ہے۔ جس کے نتیجے میں روزانہ ہی چین سے امریکی آنے والی مصنوعات پر ٹیکسوں میں اضافے کا اعلان ہو رہا ہے جو اس وقت 125 فیصد تک پہنچ چُکا ہے۔

بُل فائٹنگ کے کھیل میں عموما بُل فائیٹر سُرخ رومال دکھا کر سانڈ کو مشتعل کرکے حملہ آور ہونے کی دعوت دیتا ہے اور نتیجہ ۔۔۔۔ تیا سرخ چین اس سانڈ کو سُرخ رومال کے ذریعے ہشکار کر کہاں لے جانا چاہ رہا ہے؟

چین کی امریکہ سے بڑی امپورٹس :-

سویابین
جہاز کے انجن
انٹیگریٹڈ سرکٹس (جس پر پہلے ہی کچھ نہ کچھ پابندیاں ہیں )
فارما سیوٹیکل
پیڑولیم پروڈکٹس ہیں

ان تمام اشیاء کے لئے چین کے پاس امریکہ کے علاوہ متبادل سپلائیر مل سکتے ہیں ،

جبکہ چین امریکہ کو :-
موبائیل فون
لیپ ٹاپ
بیٹریاں
کھلونے
ٹیلی کام ایکوپمینٹس

جن میں بیشتر امریکی کمپنیوں کے لئے چین میں تیار شدہ مصنوعات ہیں ۔۔ چین سے سپلائی لائن کے رُکنے کا فوری نتیجہ ان کمپنیوں کے امریکی کاروبار میں شدید نقصان کی صورت میں نکلے گا۔

ویسے بھی متبادل سپلائی لائن و کارخانوں کی سہولیات ایک دن میں نہیں بن سکتی ۔۔ اس دوران ان کمپنیوں کی کیا اسٹریٹجی ہوگی؟؟

فی الوقت امریکہ میں چین سے آنے والی مصنوعات پر 125 فیصد ٹیکس عائد ہے۔

اس قسم کے ٹیکس کی موجودگی میں امریکی کمپنیوں کے چینی کنٹریکٹ مینوفیکچررز کے ساتھ پہلے سے طے شدہ معاہدوں کا کیا ہوگا؟

کیا یہ کمپنیاں ان معاہدوں سے "force majeure"( ایک قانونی شق جس کے تحت غیر معمولی حالات میں معاہدے ناقابل عمل ہوجاتے ہیں) کے تحت آزاد ہو سکتی ہیں ؟

اگر "force majeure" کا تحفظ نہ مل سکا تو کئی بڑی امریکی کمپنیوں جنہوں نے کنڑیکٹ مینوفیکچرر کے ساتھ طویل المدت معاہدے کئے ہوئے ہیں کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اگر یہ تحفظ مل بھی گیا تو چین کے کارخانوں میں تیار شدہ امریکی برانڈوں کی مصنوعات کو کارخانہ دار کو دنیا بھر میں سستے داموں میں پھینکنے سے کس قانون کے تحت روکا جا سکتا ہے؟

اگر نہ روکا جاسکا تو ۔۔ اس کا نقصان بھی ان امریکی کمپنیوں ہی کو ہو گا۔

کیا یہ بھی ممکن ہے کہ (کم از کم عارضی طور پر) یہ کمپنیاں اپنے امریکی صارفین کے بزنس کو باقی دنیا کے بزنس سے علیحدہ کر کے ۔۔ موجودہ معاہدوں کے تحت چین میں تیار شدہ مصنوعات کو دیگر ممالک میں فروخت کریں ؟

نئے کارخانے لگانا راتوں رات کا کام نہیں ہوتا۔ کیا کمپنیاں فوری طور پر امریکی صارفین کے لئے متبادل مینوفیچرنگ کے انتظامات کرنے کے قابل ہوں سکیں گی؟

اور اس کے امریکی صارفین پر قیمتوں کے اثرات کیا ہوں گے؟

بظاہر امریکہ میں ان مصنوعات کی پیداوار کا نتیجہ امریکی صارفین کے لئے مہنگائی میں اضافے کی صورت میں نکلنا ہے۔ کہ امریکہ میں تیارشدہ پروڈکٹ کی قیمت چین میں بنی ہوئی قیمتوں سے ازحد مہنگی ہو گی۔

اس مہنگائی کا امریکی عوامی رد عمل اور اس آئندہ سال ہونے والے امریکی وسط المدتی انتخابات پر کیسے اثرات ہوں گے؟

Comments

Avatar photo

اعظم علی

اعظم علی سنگاپور میں مقیم ہیں۔ آئی ٹی بزنس سے وابستگی ہے۔ پاکستانی سیاست ، بین الاقوامی تعلقات اور ٹیکنالوجی کے امور پر گہری نظر ہے. غیرجانبداری سے صورتحال کا تجزیہ کرتے ہیں. ترجمہ نگاری میں مہارت رکھتے ہیں۔

Click here to post a comment