ہوم << غزہ کے غم میں - عبدالعلام زیدی

غزہ کے غم میں - عبدالعلام زیدی

آپ نے اکثر نوٹ کیا ہو گا کہ بہت سارے لوگوں اور گھروں کو جب کسی پریشانی ، حادثے یا تکلیف کا سامنا ہوتا ہے تو وہ آپس میں ہی ایک دوسرے کو الزام دینے لگتے ہیں ، ایک دوسرے سے الجھنا شروع کر دیتے ہیں ۔۔۔ بجائے اس مسئلہ کا حل نکالنے کے اسے مزید پیچیدہ کر دیتے ہیں ۔

مشکل وقت میں ایک دوسرے کے زخموں پر مرہم رکھنے اور حوصلہ دینے کی بجائے ۔۔ دکھ اور صدمے میں مزید اضافہ کر دیتے ہیں ۔۔۔ یہ چھوٹی ذہنیت اور ان ہیلڈ زخموں کے ساتھ ہوتا ہے ۔۔ ان کے لیے ایک دوسرے کو عذر دینا مشکل ہو جاتا ہے ، دکھ کو دیکھنے کی ہمت سے محروم دل ۔۔۔ صورت حال مزید مشکل بنا دیتے ہیں ۔

یہی صورت حال آج غز ہ میں جاری صورت حال پر پیش آ رہی ہے ۔ یہ نہایت تکلیف دہ صورت حال ہے ، زخموں سے ہر مسلمان چور چور ہے ، ایسے میں بجائے دشمن کو نقصان پہنچانے کا سوچنے کے ۔۔۔ بعض نوجوان علماء پر طنز اور انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔۔ حالانکہ اس وقت جتنے وہ دکھی ہیں اتنے ہی علماء بھی رنجیدہ ہیں ۔

ایسی صورت حال میں ایک دوسرے کو الزام دینے کی بجائے ۔۔ امت کا درد رکھنے والے سب لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب ہونا چاہیے ایک دوسرے کو گلے لگانا چاہیے ، حوصلہ بڑھانا چاہیے ۔۔۔ رہی بات اصلاح کی تو سب کو اصلاح کی ضرورت ہے ۔۔۔ سب میں غلطیاں ہیں ۔

ایک دوسرے کو محبت اور دردِ دل سے نصیحت کریں ، ایسی صورت حال میں غصے کا رخ ۔۔۔ امت کے جن دشمنوں کی طرف ہونا چاہیے انہی کی طرف رکھیں ۔۔۔ جمہوری انداز اختیار کرتے ہوئے ، آئینی حدود ( جو کہ اصل میں ہماری استطاعت کو طے کرنے والی چیز ہے ) میں رہتے ہوئے جتنا زور مار سکتے ہیں ۔۔۔ ہم پر فرض ہے ۔

کوئی شک نہیں کہ ہم مر رہے ہیں ، غز ہ میں ہم مر رہے ہیں ۔۔۔ مگر ہم مرتے ہوئے بھی ۔۔۔ امت کے کسی ملک کو کسی ایسے گڑھے میں پھینکنے کا مشورہ نہیں دیتے کہ جس سے مزید تباہی کا سامنا ہو ، دشمن کو اپنی سازشیں کامیاب کرنے کا مزید موقع ملے ۔

اپنے غصے اور دکھ کو اپنی طاقت بنائیں اور اسے درست سمت میں پوری قوت سے لگانے کی کوشش کریں ، ساتھ ہی اپنی حیثیت ، مقام اور لیول کو نہ بھولیں ۔۔ بہت سے مقامات دعا کرنے کے ہوتے ہیں ، وہاں دعا ہی کہ جاتی ہے اور بہت سی جگہیں ایکشن کرنے کی ہوتی ہیں وہاں ایکشن لیا جاتا ہے ۔۔۔ اس لیے علم و عقل کی روشنی میں دیکھیں کہ آپ کس پوائنٹ پر ہیں ۔

بس خود پر فوکس رکھیں ، غز ہ کی نصرت کو مرکزی ہدف بنائیں ۔۔۔ ہر وہ بات جس سے غز ہ کی مدد کرنے کی بجائے محض اپنے ڈپریشن کا اظہار ہو ۔۔ اس پر نظر ثانی کریں ۔۔ تا کہ ہم اپنے بھائیوں کے لیے واقعی کچھ کر جائیں ۔۔

البتہ ایک چیز جو بالکل درست ہے وہ ہے اس ساری صورتحال میں نفاق کا رول پلے کرنے والوں سے نفرت ، جس میں یقیناً وہ دو نمبر مولوی بھی شامل ہیں جو اپنی حکومتوں کی بے حسی میں پورے پورے شریک ہیں ، خاص کر کے عرب ریاستوں میں ۔۔۔ مدخلی ۔۔۔ ملاؤں نے اس پوری جنگ میں جو بدترین کردار پیش کیا وہ یقیناً قابل نفرت ہے ۔

مگر علمائے سوء کے برے کردار کی آڑ میں ۔۔۔ امت کے سارے علماء سے نفرت کو پانی دینا ، طعن و تشنیع کرنا ۔۔ کسی صورت بھی انصاف نہیں ہے ۔۔ دکھ اور خوشی ہی میں تو عدل و انصاف پر قائم رہنا اصل میں امتحان ہے ، نارمل حالت میں تو سب ہی اچھی باتیں کرتے ہیں ۔

اے خدا غز ہ کے مظلوم مسلمانوں کی مدد فرما ، جو ان کے ساتھ غداری کے مرتکب ہیں انہیں تباہ و برباد فرما ، امت کے سب دکھی طبقوں کو آپس میں جوڑ دے اور اس دکھ کی گھڑی میں غزہ والوں کے ساتھ ساتھ ان سے محبت کرنے والوں پر بھی صبر و رحمت نازل فرما آمین

Comments

Avatar photo

عبدالعلام زیدی

عبدالعلام زیدی اسلام آباد میں دینی ادارے the REVIVEL کو لیڈ کر رہے ہیں۔ اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے بی ایس کے بعد سعودی عرب سے دینی تعلیم حاصل کی۔ زکریا یونیورسٹی ملتان سے ایم اے اسلامیات اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولہور سے ایم اے عربی کیا۔ سرگودھا یونیورسٹی سے اسلامیات میں ایم فل کی ڈگری حاصل کی۔ سید مودودی انسٹی ٹیوٹ لاہور میں تعلیم کے دوران جامعہ ازھر مصر سے آئے اساتذہ سے استفادہ کیا۔ دارالحدیث محمدیہ درس نظامی کی تکمیل کی۔ دینی تعلیمات اور انسانی نفسیات پر گہری نظر رکھتے ہیں

Click here to post a comment