ہوم << رحمت کی نمائندگی - کومل بنتِ محمد عالم

رحمت کی نمائندگی - کومل بنتِ محمد عالم

رحمت، صرف پروردگار کی عطا نہیں، بلکہ یہ انسان کے رویوں، الفاظ اور اعمال میں بھی جھلکتی ہے۔ جب کوئی نرم گوئی اختیار کرتا ہے، کسی کے زخموں پر مرہم رکھتا ہے، یا ہمدردی سے کسی کے دل کو سہارا دیتا ہے، تو درحقیقت وہ رحمتِ الٰہی کی ترجمانی کر رہا ہوتا ہے۔ ایک تبسمِ دلنشیں، کسی بےکس کی دستگیری، یا ایک شفیق نگاہ ۔۔۔ یہ سب وہ ذرائع ہیں جن سے خدا کی رحمت کا فیض عام ہوتا ہے۔

اگر رحمت کا کامل ترین مظہر دیکھنا ہو، تو سیرتِ طیبہ کی جانب نظر اٹھائیے! رسولِ اکرم ﷺ محض ایک نبی نہیں، بلکہ سراپا رحمت تھے۔ وہی ہستی جس کے لبوں پر ہمیشہ نرم کلمات مچلتے، جن کی آنکھوں میں امت کا درد جھلکتا اور جن کے دل میں ہر کمزور، ہر بےبس کے لیے شفقت موجزن رہتی۔ آپؐ کی سیرت رحمت کی جیتی جاگتی تصویر ہے۔

ارشادِ نبوی ہے: "تم میں سے بہترین وہ ہے جو اپنے اہل کے ساتھ سب سے بہتر ہو۔" پس، جو شخص نرمی اور مہربانی کو اپنا شعار بنا لیتا ہے، وہ درحقیقت اس سنت کی پیروی کر رہا ہوتا ہے جو ازل تا ابد روشنی بکھیرتی رہے گی۔