اپنے بچوں کی کامیابی کے لیے دعائیں مانگنا ایک خوبصورت عمل ہے، اولاد کے لیے والدین کی دعائیں نہ صرف ان کی زندگی میں برکت کا باعث بنتی ہیں بلکہ ان کی کامیابی، خوشحالی اور حفاظت میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ اولاد سے والدین کی محبت کا ایک پیارا طریقہ ہے اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار ہے۔ دعا ہی مومن کا وہ ہتھیار ہے جو مشکل اور غیر یقینی حالات میں بھی امید، حوصلہ اور اللہ کی مدد پر بھروسا قائم رکھتا ہے۔ یاد رکھیے!دعائیں ہمیشہ دل کے سکون اور برکت کا باعث بنتی ہیں۔ ضروری ہے کہ والدین اپنی مصروفیات کے باوجود دعا کو اپنی روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنائیں، کیونکہ دعا کے بغیر کی گئی محنت ادھوری بھی رہ سکتی ہے۔ دعا اور عملی جدوجہد کا امتزاج ہی وہ راستہ ہے جو ان کی اولاد کو کامیابی کی منازل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
رمضان المبارک کا اہم ترین تحفہ دعا ہے۔فرشتے روزہ داروں کی دعاؤں پر آمین کہتے ہیں۔ سحر و افطار، تہجد، شب قدر اور دیگر لمحات رمضان میں خوب خوب میسر آتے ہیں۔والدین کو چاہیے کہ ان لمحات سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے بچوں کے لیے مفید دعائیں کریں۔
ذیل میں والدین کے لیے اپنی اولاد کے لیے دین ، دنیا آخرت، کامیابی ، علم اور دیگر ضروری دعائیں تجویز کی جارہی ہیں ،آپ ان دعاؤں میں اضافہ بھی کرسکتے ہیں ۔ بعدازاں یہ دعائیں اپنے بچوں کو بھی سکھائیے۔
ہدایت کی دعا:
یا اللہ!ہمارے بچوں کو ہدایت عطا فرما، ان کے دل میں اپنی محبت عطا کر۔
علم و حکمت کی دعا:
یا اللہ !ہمارے بچوں کے کے علم و حکمت میں اضافہ فرما۔ انھیں وہ علم نصیب فرما جو ، ان کے لیے مفید ہو۔انھیں ٹیکنالوجی اور ریاضی میں سبقت عطا فرما، ان کے لیے نئی ایجادات اور دریافتوں کے راستے آسان کر دے۔ ان کے علم کو روشنی اور ہدایت کا ذریعہ بنا، اس علم کے ذریعے کسی کو بھی آزمائش میں نہ ڈال۔
صحت اور تن درستی کی دعا:
یا اللہ!ہمارے بچوں کو ہمیشہ صحت مند رکھ ، انھیں جان لیوا امراض سے عافیت عطا کر۔
بلند اخلاق اور اچھے کردار کی دعا:
یا اللہ!ہمارے بچوں کو بااخلاق اور باکردار بنا،انھیں سچ بولنے، ایمان دار رہنے اور دوسروں کے ساتھ حسن سلوک کرنے کی توفیق عطا کر۔
نیک ساتھیوں کی دعا:
یا اللہ! ہمارے بچے کو نیک ، اچھے او ر مدگار دوست عطا فرما جو ، انھیں ہمیشہ اچھے راستے پر رہنے کی ترغیب دیں، ان تمام ساتھیوں کو ہمیشہ نیکی کے راستے پر چلا۔
اخلا ص کی دعا:
یا اللہ!ہمارے بچے کو اپنے کاموں میں اخلاص نصیب فرما، انھیں اپنی زندگی کے مقصد کو سمجھنے کی توفیق عطا کر تاکہ وہ ہمیشہ تیری رضا کے لیے عمل کرتے رہیں۔
صبر و تحمل کی دعا:
یا اللہ!ہمارے ہمارے بچوں کو صبرو تحمل، اور برداشت کی خوبیاں عطا فرما۔
رحمت وبرکت کی دعا:
یا اللہ!ہمارے بچوں کی زندگی میں اپنی رحمت اور برکت عطا کر ، ان کا ہر کام اپنی رحمت سے آسان بنا ۔
دین، دنیا اور آخرت میں کامیابی کی دعا:
یا اللہ!ہمارے بچوں کو، دین دنیا اور آخرت میں کامیابیاں عطا فرما۔ہمارے بچوں کا مستقبل روشن ہو ۔انھیں کامیابی کے راستے پر گامزن کر ۔انھیں وقت کی اہمیت کا احساس ہو، قبروآخرت کے جوابات دینے میں کامیاب ہوں۔ انھیں قیامت کے دن بہترین جزا عطا فرما، انھیں جنت کے بلند درجے عطا فرما۔
رزق کی دعا:
یا اللہ!ہمارے بچوں کو حلال رزق عطا فرما ، ان کی روزی میں برکت دے، انھیں اپنے سوا کبھی کسی کا محتاج نہ بنا۔
خوشیوں کی دعا:
یا اللہ!ہمارے بچوں کی زندگی کو خوشیوں سے بھر دے، ان کے دل میں سکون ہو،ان کے چہروں پر ہمیشہ مسکراہٹ سجی ہو۔
دل کی پاکیزگی اور نرمی کی دعا:
یا اللہ! ہمارے بچوں کے دل ہر قسم کی نفرت اور بغض سے دور ہوں، دوسروں کے لیے ان کا دل نرمی اور محبت سے بھرا ہوا ہو۔
محنت، بلند حوصلہ اور خود اعتمادی کی دعا:
یا اللہ! ہمارے بچوں کو محنتی، بلند ہمت اور بلند حوصلہ عطا کر، زندگی کے چیلنجز کا مقابلہ کر نے کی ہمت عطا فرما۔انھیں اعتماد کی دولت سے مالا مال کر ۔انھیں زندگی میں بڑے مقاصد حاصل کر نے کی قوت عطا فرما۔ ان کی محنت کو کامیابی میں بدل دے ، ان کے کاموں میں آسانی پیدا فرما، انھیں ہر قدم ،ہر میدان اور ہر امتحان میں کامیابی عطا کر۔
ظلم سے بچاؤ کی دعا:
یا اللہ! ہمارے بچوں کو ہر قسم کے ظلم اور جبر سے بچا، انھیں ہر ظالم کے شر سے محفوظ رکھ، اور ان کی زندگی میں امن و سکون عطا فرما۔
برائیوں اور شیطان سے محفوظ رہنے کی دعا:
یا اللہ!ہمارے بچوں کو برائیوں، فریب اور گناہوں سے بچا، جھوٹ، غیبت، چغلی، حسد، بغض ، فتنہ فساد ، دشمنوں اور شیطان کی چالبازیوں سے محفوظ فرما، انھیں ہر قسم کے حرام اور ناجائز کاموں سے محفوظ رکھ ۔
آزمائش سے بچاؤ اور اللہ کی پناہ میں رکھنے کی دعا:
یا اللہ! ہمارے بچوں کو ہر قسم کی آزمائش سے محفوظ رکھ ، انھیں شیطان کے وسوسوں اور فتنوں سے محفوظ رکھ ۔
یاد رکھیے!والدین کی دعائیں بچوں کے لیے ایک قوت کا کام کرتی ہیں ، ان کی زندگی میں سچائی، امن اور برکت پیدا کرتی ہیں۔ان کی زندگی کو روشنی اور برکت سے مالامال کرسکتی ہیں، ان کے لیے حفاظت کا ذریعہ ہو سکتی ہیں۔ ضروری ہے کہ والدین مستقل مزاجی سے اپنے بچوں کے لیے دعائیں کرتے رہیں اور بچوں کو بھی دعائیں مانگنے کی ترغیب دلاتے رہیں۔
تبصرہ لکھیے