ہوم << قوموں کی عظمت اور پاکستانی قوم - نعمان بخاری

قوموں کی عظمت اور پاکستانی قوم - نعمان بخاری

آپ نے میڈیا پر مختلف ممالک کے سربراہوں کو اپنی قوم کے عظیم ہونے کا دعویٰ کرتے دیکھا ہوگا. عظیم قوم بننے کے لیے کیا ضروری ہے؟ اس حوالے سے بہت سی آراء موجود ہیں. اقتصادی ترقی، فوجی قوّت، قدرتی وسائل، سائنسی و فنی علوم میں مہارت اور دنیا کی ترقی میں شراکت داری وہ چیزیں ہیں جو کسی قوم کے عظیم ہونے کے حوالے سے گنوائی جاتی ہیں. میری ناقص رائے میں ان خصوصیات سے کوئی قوم عظیم قوّت تو کہلا سکتی ہے مگر عظیم قوم نہیں. اگر اقتصادی حالت کی بہتری اور دولت سے عظیم ہونا ہوتا تو عرب ممالک عظیم ہوتے. فوجی برتری میں رومی کتنی قوت کے حامل تھے، قدرتی وسائل میں روس اور سائنس میں نازی جرمنی دنیا کے صف اول کے ممالک میں آتے تھے مگر کیا یہ عظیم تھے؟
ارسطو کا قول ہے کہ کسی قوم کا سیاسی استحکام اور کامیابی اس قوم کے لوگوں کی اخلاقی اقدار میں چھپی ہوئی ہوتی ہے. کسی قوم کے عظیم ہونے کے لیے ضروری ہے کہ وہ اعلیٰ اخلاق و کردار کی حامل ہو اور اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہ وہ کس طرح کے افراد تیار کرتی ہے. اس کے علاوہ جو خوبی قوم کو عظیم بناتی ہے وہ جذبہ اور اسپرٹ ہے. جذبہ ہی کسی فرد و قوم کو کچھ کرگزرنے پر اُبھارتا ہے. منگول قوم کی مثال لیجیے، ٹوٹے پھوٹے اور بکھرے لوگوں میں جب جذبہ آجاتا ہے تو وہ دنیا کو ہلا کر رکھ دیتے ہیں- مسلمانوں کی مثال بھی آپ کے سامنے ہے کہ ساز و سامان اور وسائل کے بغیر بھی جس جگہ پہنچے وہاں اپنے ایمانی جذبے کی بدولت کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے.
پاکستانی قوم نے اخلاقی اقدار اور اس کی ترویج کے لیے دو قومی نظریے کی تشکیل دی، اس کے لیے الگ ملک حاصل کیا اور دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت کی. اور اس کے بعد قربانیوں اور ایثار کی عظیم داستانیں رقم کیں. قوم کے ایک چھوٹے بچے اعتزازاحسن کی قربانی جیسی مثال شاید دنیا میں کہیں اور نہ ملے. ایثار میں پاکستانی قوم ایک رول ماڈل ہے. کئی ملین مہاجرین کو تین دہائیوں سے اپنے ملک میں جگہ دینا اور بھائیوں کی طرح رہنا اس قوم کو واقعی عظیم بناتے ہیں. پاکستانی قوم کا جذبہ حب الوطنی بھی دیدنی ہے. مختلف قومیتوں کے ہونے کے باوجود جب پاکستان کی بات آتی ہے تو ساری قومیتیں پاکستانی قوم میں ڈھل جاتی ہیں. اس کے ساتھ پاکستانی قوم کا گِر کر اُٹھنے کا جذبہ بھی دیکھ لیجیے کہ دہشت گردی کے شکار ممالک کی فہرست میں ہونے کے باوجود امن کا نوبل انعام جیتا ہے.
یہ سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے یہ بات بہت اہم ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کو اپنی اعلیٰ روایات اور اقدار سے روشناس کرائیں اور ان کو دنیا کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کی تربیت دیں تاکہ پاکستان رہتی دنیا تک عظیم قوم کہلائے.