ہوم << عارضی چھوٹے چاند ، تازہ ترین بڑی کھوج - محمد کامران خان

عارضی چھوٹے چاند ، تازہ ترین بڑی کھوج - محمد کامران خان

عارضی چھوٹے چاند (2024 PT5) اور پھر سیاروں کی لائن حاضری (پلینٹیری پریڈ) اور اب تازہ ترین بڑی کھوج YR2024. گزشتہ چند مہینے فلکیاتی تحقیقات اور قدرت کے نظاروں سے بھرپور رہے ہیں اور اب نیا دریافت ہونے والا سیارچہ 2024 YR4 ماہرین فلکیات کی خاص توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ یہ سیارچہ دسمبر 2032 میں زمین کے قریب پہنچے گا اور موجودہ حسابات کے مطابق اس کے زمین سے ٹکرانے کے امکانات 1.2 فیصد ہیں۔ اگرچہ یہ شرح کم ہے، لیکن اس کی ممکنہ تباہی کے پیش نظر خلائی ایجنسیز اسے سنجیدگی سے لے رہی ہیں اور مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔

یہ سیارچہ سب سے پہلے 27 دسمبر 2024 کو چلی کے El Sauce Observatory میں دریافت کیا گیا تھا۔ ابتدائی مشاہدات سے اندازہ لگایا گیا کہ یہ تقریباً 60 میٹر چوڑا ہے، جو کہ ایک فٹبال کے میدان کے نصف کے برابر ہے۔ اس وقت یہ زمین سے 27 ملین میل کے فاصلے پر موجود ہے، لیکن 22 دسمبر 2032 کو یہ محض 66,000 میل کی دوری سے گزرے گا۔ مدار کی معمولی تبدیلی کی صورت میں، یہ براہ راست زمین سے بھی ٹکرا سکتا ہے، جو کہ ایک بڑا خطرہ ثابت ہو سکتا ہے۔

اگر یہ سیارچہ زمین کی فضا میں داخل ہوتے ہی دھماکے سے پھٹ جاتا ہے تو یہ "ایئر برسٹ" کہلائے گا، جس کی شدت ایک ایٹمی دھماکے کے برابر ہو سکتی ہے۔ اگر یہ براہ راست زمین سے ٹکرا جائے تو ایک بڑا گڑھا بن سکتا ہے، اور اس کے اثرات کسی بھی بڑے شہر کو مکمل طور پر تباہ کرنے کے لیے کافی ہوں گے۔ ماہرین کے مطابق، یہ دھماکہ ایک ایٹم بم سے 100 گنا زیادہ طاقتور ہو سکتا ہے، جس سے لاکھوں افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔

موجودہ تخمینوں کے مطابق، اگر یہ سیارچہ زمین سے ٹکراتا ہے تو اس کے ممکنہ تصادم کے مقامات میں بحر اوقیانوس، بحر عرب، بحر الکاہل، جنوبی ایشیا، افریقہ اور جنوبی امریکہ کے شمالی علاقے شامل ہو سکتے ہیں۔ تاہم، جیسے جیسے مزید ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے، اس کے مدار کے بارے میں زیادہ درست اندازہ لگایا جا رہا ہے، اور امکان ہے کہ اس کے زمین سے ٹکرانے کے امکانات مزید کم ہو جائیں گے۔

ناسا اور دیگر خلائی ایجنسیوں کی مسلسل نگرانی کے مطابق، آنے والے مہینوں میں اس سیارچے کے زمین سے ٹکرانے کے امکانات کم ہو کر صفر ہو سکتے ہیں۔ ناسا کا ڈیفنس سسٹم، بشمول DART مشن، ایسے ممکنہ خطرات کو ٹالنے کے لیے کام کر رہا ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ اگر مستقبل میں خطرہ بڑھا تو اس سے بچاؤ کی کوئی نہ کوئی تدبیر کی جا سکے گی۔

سائنسدان اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں کہ زمین کو مستقبل میں کسی بھی بڑے سیارچے کے تصادم سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اس وقت کے اعداد و شمار کے مطابق، 2024 YR4 ہمارے لیے فوری خطرہ نہیں ہے، لیکن پھر بھی اس پر نظر رکھنا ضروری ہے۔ جہاں جدت نے معاشرے کو بہت سے دائمی نقصانات سے نوازا ہے وہیں نئی ٹیکنالوجی اور جدید آلات نے نا صرف آئندہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمیں بروقت تیار ہونے میں مدد کی ہے بلکہ کائنات کی بہتر معلومات اور قدرت کے نظاروں کو دیکھنے اور سمجھنے میں بے پناہ آسانی بھی کی ہے جو بلاشبہ سیکھنے اور سمجھنے والوں کے لیے بہترین نعمت ہے۔

Comments

Click here to post a comment