ہوم << عکسِ رُخِ زیبائے تمنّا -حمّاد یُونُس

عکسِ رُخِ زیبائے تمنّا -حمّاد یُونُس

عکسِ رُخِ زیبائے تمنّا جن کی یاد کے خواب و خیال
آنکھ کھلے تو ان لوگوں کے نام بھی دُھندلا جاتے ہیں
(حمّاد یونُس)

وقت کے پہیے سے گِلہ ہے کہ یہ شاید ہمیں ایک دائرے سفر کرواتے ہوئے کسی نقطے پر واپس لے تو آتا ہے ، مگر کہیں چہروں پر دھول جم جاتی ہے اور کہیں چشمے کا نمبر بڑھ چکا ہوتا ہے ۔
اب سے ٹھیک چار برس پہلے، یہی گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ، سائٹ ایریا، کراچی تھا، یہیں ہم بھی تھے ، کیونکہ اسلامی جمعیت طلباء پاکستان کا 66 واں سالانہ اجتماع ارکان تھا ۔
سید منور حسن رحمۃ اللّٰہ علیہ نے اپنے خصوصی خطاب میں ہمیں تلقین فرمائی تھی کہ مطالعہ کا ذوق دوبارہ سے بیدار کیا جائے۔ سید صاحب کے خطاب سے ہمیشہ ہم نے کوئی اچھا سبق ضرور اخذ کیا۔

اور اب ٹھیک چار برس بعد ، وہی کراچی مقام ہے، وہی سائٹ ایریا کا گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ہے، جہاں یقیناً سعد بن صلاح شہید سمیت کئی شہدا کا نام درج ہے۔ یہاں اسلامی جمعیت طلباء پاکستان کا اجتماع ارکان جاری ہے۔ مگر اپنے اپنے مقام پر کبھی ہم نہیں کبھی تم نہیں۔(شکیل بدایونی)
سید منور حسن صاحب کو سننے کا ذوق بچپن ہی سے تھا ، کہ وہ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان تھے تو اکثر منصورہ مسجد میں جمعے کا خطبہ دینے کے علاوہ گاہے گاہے خطاب بھی فرمایا کرتے تھے ۔ کہاں گئے وہ لوگ!!! اب اس اجتماع میں ان کا خطاب کیوں نہیں ہو گا؟ زماں نہ سہی مکاں تو وہی ہے!!!
وہی مقام ہے مگر ہم یہاں نہیں ، کہ ہماری فراغت تو 2019 ہی میں ہو گئی تھی۔ تب 66 واں سالانہ اجتماع تھا ، وہ منظر تو بہت پیچھے دھندلا گیا ہو گا ناں۔
اب شاید 70 واں اجتماع جاری ہے ما شا ء اللّٰہ ۔
سمے کا دھارہ ، گھوم پھر کر دوبارہ اسی پہلے نقطے پر آ پہنچا ہے ۔ مگر وقت کے اس پہیے سے گِلہ یہی ہے کہ یہ جب ہمیں دائرے کے سفر میں پہلے مقام پر واپس لے آتا ہے تو کبھی آنکھ دھندلا جاتی ہے اور کبھی شہر۔۔۔
شہرِ نگاراں کی ایک حسیں یاد اتفاقاً سامنے آگئی تو یاد آیا کہ،

مِرے چشمے کا نمبر بڑھ گیا ہے
یقیناً دن گزرتے جا رہے ہیں
(حمّاد یونُس)

Comments

HammadYounas

حماد یونس

حماد یونس کالم نگار اور تحقیق کار ہیں جو مختلف نثری جہتوں پر عبور رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ اردو اور انگریزی زبان میں غزل ، نظم اور آزاد نظم بھی کہتے ہیں۔ نمل لاہور سے انگریزی لسان و ادب میں ایم اے کر چکے ہیں ۔

Click here to post a comment