ہوم << وزیراعظم کی زیرصدارت حکمراں اتحاد کا اجلاس آج ہوگا

وزیراعظم کی زیرصدارت حکمراں اتحاد کا اجلاس آج ہوگا

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت حکمران اتحاد کا اجلاس آج دوپہر لاہور میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق سیاسی صورتحال اورآئندہ کے لائحہ عمل پرغورکے لئے وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت حکمران اتحاد کا اجلاس آج ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہوگا۔ وفاقی حکومت اجلاس کو اپنی مدت پوری کرنے کے فیصلے سے باضابطہ آگاہ کرے گی۔

اجلاس میں پنجاب حکومت کے حوالے سے تمام آئینی اورقانونی آپشنزپر بھی بات چیت ہوگی جبکہ اتحادیوں کے ساتھ ہونے والی مشاورت کے بارے میں بھی بتایا جائے گا۔ اہم فیصلوں کے 22جولائی تک ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکمران اتحاد کے اجلاس میں چیئرمین نیب سمیت دیگر تمام تقرریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلا س میں آصف علی زرداری ،مولانا فضل الرحمن ،بی اے پی سمیت تمام اتحادی جماعتوں کے رہنما شرکت کریں گے۔