ہوم << لیجیے خان صاحب! روڈ میپ تیار ہے - ڈاکٹر عاصم اللہ بخش

لیجیے خان صاحب! روڈ میپ تیار ہے - ڈاکٹر عاصم اللہ بخش

ڈاکٹر عاصم اللہ بخش یوم تشکر کا جلسہ/جشن ختم ہوتے ہی اسلام آباد کے جزوی لاک ڈاؤن پر عمل پیرا ہو جائیے اور بنی گالہ میں واقع اپنی رہائش گاہ کو لاک ڈاؤن کر کے پشاور پہنچ جائیے. پھر سوا سال سے پہلے واپس نہیں آنا. سپریم کورٹ کا کام اپنی وکلا ٹیم کے حوالے رہنے دیں اور خود پشاور سے ان سے رابطے میں رہیں. اب یہاں آپ کا کوئی کام نہیں.
پشاور میں مستقل ڈیرہ لگا کر حکومت کی کارکردگی بڑھانے کے لیے جو کر سکتے ہیں کر ڈالیے. یہ مشورہ آپ کو پہلے بہت بار دیا جا چکا ہے تاہم اس بار مشورہ وہی ہے لیکن اس کا ہدف مختلف ہے. اب کی بار معاملہ یہ نہیں کہ خیبرپختونخوا میں پرفارم کریں تاکہ مرکز میں بھی حکومت بنا سکیں. اب چیلنج بدل چکا. اب صوبائی حکومت کو اس لیے فعال اور معجزاتی بنائیں کہ اگلے انتخابات میں اس کے بھی لالے پڑنے والے ہیں.
جن پر دو دفعہ چڑھائی کی، اور دیگر وہ جن کے سروں پر لفظی گولہ باری کے ایٹم بم پھوڑے، وہ لازماً بھرپور جوابی کاروائی کریں گے، متحد ہو کر. انہیں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنا پڑی، اتحاد بنانا پڑے، کسی گنگو تیلی کو وزیر اعلی بنانا پڑا. انہوں نے آپ کو نہیں آنے دینا.
اس لیے ابھی سے فوکس کریں، پلان کریں اور عمل کریں. صوبہ کے ایک ایک حلقہ کو دیکھیں، امیدوار فائنل کریں، پارٹی کیڈرز کو فعال اور متحد کریں، ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں.
گیم بدل چکی، انداز بھی بدلنا ہوگا. اب آپ نے دفاع کرنا ہے اور لشکر کشی دوسری پارٹی کرے گی.
آپ اور آپ کے ووٹرز کے سامنے بہت بڑا چیلنج ہے.
ہوشیار باش .... !

Comments

Click here to post a comment