ہوم << شاعری اور اسلام - طالبۃ الفردوس

شاعری اور اسلام - طالبۃ الفردوس

زمانہ جاہلیت اور شاعری
عرب اپنی زبان دانی اور فصیح الکلامی کی بدولت مشہور رہے ہیں. شاعری سے عربوں کا چولی دامن کا ساتھ رہا ہے. فطری ذوق اور معاشرتی حالات نے اس کو مزید نکھارا حتی کہ کہا جا سکتا ہے کہ شاعری عرب کے خون میں رچی بسی تھی. قبل از اسلام عرب میں شاعری کی کئی اصناف مروج تھیں. منافرت، ہجو، قصیدہ، شباب، عشق، ہجر و وصال غرض ہر طرح سے ہی شاعری عرب کا اوڑھنا بچھونا رہی ہے. مختلف شعری مقابلہ ہوتے، کلام کی فصاحت و بلاغت کو دیکھتے ہوئے افراد کے مراتب طے کیے جاتے، بہترین کلام کو خانہ کعبہ میں لٹکایا جاتا اور عزت و تکریم دی جاتی تھی. عام گفتگو میں نثر سے زیادہ شعر بیان ہوتے. چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ قبل از اسلام کا شعری ذخیرہ نثر سے کہیں زیادہ ہے. اگر یہ کہا جائے کہ نثری ادب نہ ہونے کے برابر تھا تو غلط نہ ہوگا. غرض شاعری ان کی زندگی تھی.
بعثت نبوی ﷺ اور شاعری
نبی کریم ﷺ بعثت کے بعد مشرکین مکہ نے آپ ﷺ کو آپ کے کلام الہی کی بےانتہا تاثیر پر کہا یہ تو کوئی شاعر ہے، یعنی ان کے نزدیک عمدہ ترین اور اثر انگیز بات شاعروں کی ہی ہوتی ہے یا وہ شعر کو مجازاً جھوٹ پہ محمول کرتے ہوئے آپ کو شاعر کہتے تھے نعوذ باللہ.
اللہ پاک نے فرمایا ”اور شاعروں کے پیچھے بہکے ہوئے لوگ چلتے ہیں. کیا آپ نہیں دیکھتے، وہ ہر وادی میں بھٹکتے پھرتے ہیں، اور یقینا وہ کہتے ہیں جو کرتے نہیں (الشعراء223 تا 226)“ یعنی تم لوگ دیکھو تو سہی جس شخص کو تم شاعر کہہ رہے ہو، اس کا مزاج، اس کا وقار، اس کے صحابیوں کے انداز، کیا یہ شاعروں والا مقام و انداز ہے؟ اللہ فرماتا ہے [pullquote]وما علمنہ الشعر وما ینبغی لہ [/pullquote] ”ہم نے اسے شعر کہنا سکھایا ہی نہیں اور نہ ہی یہ اس کے لائق ہے، یہ تو محض ایک نصیحت ہے اور واضح قرآن ہے (یسین 69)“
یعنی دیکھو تو سہی تمہارے ہی درمیان رہنے والا شخص شعر کہنا نہیں جانتا جبکہ تمہارا تو بچہ بچہ شعری میلان رکھتا ہے، ذرا دیکھو تو جسے شاعر کہہ رہے ہو، وہ شاعر لگتا ہے کیا؟
یہی وجہ ہے کہ اللہ کے نبی ﷺکبھی پورا شعر درست قواعد اور وزن کے مطابق نہ کہہ پاتے اور فرماتے چلو مقصد پورا ہوا، یعنی آپ ﷺاپنی گفتگو میں شعر بیان کرتے تو باوجود جوامع الكلم ہونے کے درست وزن بیان نہ ہوتا، اللہ کی بات سچی ہے کہ ”ہم نے اسے شعر کہنا سکھایا ہی نہیں.“
اللہ پاک آپ ﷺکو اس الزام سے بھری کرنا تھا چنانچہ آپ کو شعر گوئی نہیں آتی تھی. مگر اس کے باوجود آپ اچھے اشعار کو پسند کرتے تھے. ہمیں درست اسناد کے ساتھ ایسے واقعات ملتے ہیں.
جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم شعر سے خوش ہوئے
←کعب بن ابی ذوہیر کو آپ نے اپنی چادر دی تھی جب اس نے قصیدہ سنایا تھا
←ذوہیب بن ابی سلمہ اصحاب معلقات میں سے تھا
← حسان بن ثابت کو منبر پر بلایا اور کہا یہاں اور اور شعر سناؤ
← فرمایا یقنا بعض شعر میں حکمت ہے (ابی داؤد)
اسی طرح بہت سے واقعات ملتے ہیں جو ثابت کرتے ہیں آپ اچھے اشعار کی پزیرائی کرتے تھے.
خلفاء راشدین کے دور میں بھی شاعری اپنے اوج کمال تک پہنچی. خود خلفاء برمحل اشعار کہتے رہے.
اسی طرح علماء کرام آج تک برمحل اشعار کا استعمال کرتے ہیں.
یعنی شعر گوئی کسی بھی صنف میں کسی بھی طرح حرام کبھی نہیں رہی. شعر کہنا طبعی میلان کے تحت ہے ایک شاعر اپنے اس میلان سے عاجز ہوتا ہے اللہ سے برا منصف کوئی نہیں، کیسے ممکن ہے کہ وہ کسی کے طبعی میلان کو حلال راستہ نہ دکھائے؟ مگر شعر گوئی میں کچھ نقصانات بہرکیف ہیں، ہم ان سے چشم پوشی نہیں کر سکتے. اور اللہ تعالیٰ نے بھی جہاں بھٹکے ہوئےشعراء کا ذکر کیا، ساتھ ہی إلا الذین کہہ کر ایسے افراد کی نشاندہی بھی کر دی جو شاعر بھی ہیں اور پسندیدہ بھی (مفہوم آیت 227 الشعراء)
شعر کہنے کی مکروہات:
←قرآن میں شعراء کو پسندیدہ لوگ نہیں کہا گیا.
←نبی کریم صل اللہ علیہ و سلم کو بھی ناگوار تها شعر کہنا
←شعر کہنے میں جھوٹ کا اندیشہ ہے جو کبیرہ گناہ ہے
←زنا کے قریب لے جانے والے امور میں سے ہے
← حقائق سے دوری تصوراتی تخیلاتی دنیا میں رہنا نفس کی ہلاکت کا باعث ہے.
← شعر گوئی فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ بنتی ہے
← بعض اوقات نعت و قصائد شرک کا موجب بن جاتے ہیں
← وقت کا ضیاع ہے
← لغویات میں سے ہے
← شعراء اپنے کلام میں حلال و حرام کی تمیز نہیں رکھتے چنانچہ قاری کا وبال بھی شعراء کے سر پر ہوتا ہے
← گناہ، نفرت، ہوس، ہجر، مایوسی، بغاوت شرک پر ابھارتے ہیں چنانچہ معاشرہ بھی بگڑتا ہے
← شعراء غلو کرتے ہیں، افراد کو ان کے معیار سے بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں.
تمام شعراء کرام اور اشعار کو پسند کرنے والے افراد مندرجہ ذیل آیت کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنے لیے لائحہ عمل ضرور طے کر لیں اگر شاعری مطلقاً حرام نہیں ہے تو مطلقاً حلال بھی نہیں ہے مقصدیت اسے حلال یا حرام کرتی ہے.
”اور شاعروں کے پیچھے بہکے ہوئے لوگ چلتے ہیں کیا آپ نہیں دیکھتے کہ یقنا وہ ہر وادی میں بھٹکتے ہیں اور یقنا وہ کہتے ہیں جو کرتے نہیں سوائے ان کے جو ایمان لائیں اور جو اچھے کام کریں اللہ تعالٰی کو کثرت سے یاد کریں اور انہوں نے بدلہ لیا اسکے بعد کہ ان پہ ظلم کیا گیا اور جنہوں نے ظلم کیا جلد ہی وہ جان لیں گے کہ وہ پلٹ کر کس جگہ جاتے ہیں؟ (الشعراء223 تا 227)“
حوالہ جات کے لیے :
◀تفسیر تیسر القرآن
◀معارف القرآن
◀تفسیرقرطبی
◀صحیح بخاری
◀وکی پیڈیا
◀افتخار ڈاٹ اردو
وما علینا البلاغ

Comments

Click here to post a comment