ہوم << موٹروے پولیس واقعہ اور تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم - عمران زاہد

موٹروے پولیس واقعہ اور تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم - عمران زاہد

عمران زاہد پی ٹی آئی کے دوستوں کے سوشل میڈیا پر تازہ خیالات پڑھ کر میں نے مندرجہ ذیل نتائج اخذ کیے ہیں۔ شکر ہے انھیں تین دن بعد ہوش آیا اور انہوں نے اپنا فرض پہچانا۔
:
1- موٹروے پولیس نااہل، نکمی، رشوت خور اور ملک دشمن ہے۔ اس کا خاتمہ ملک کے اہم ترین مفاد میں ہے۔
2- ہمارے نوجوان کپتان ایک خفیہ مشن پہ جا رہے تھے جنہیں روک کر موٹروے پولیس نے ملک کی سالمیت کو داؤ پر لگا دیا۔ کیونکہ ان کو روکنے سے سو ڈیرھ سو بندے کے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے کا خدشہ تھا۔
3- موٹروے پولیس والے 30 کمانڈوز سے مار کھا مسکرا مسکرا کر تصویریں کھنچوا رہے تھے، یہ ان کے جھوٹا ہونے کا بین ثبوت ہے۔ کیونکہ کمانڈوز کی مار کے بعد تو ان کی لاشیں ہی نظر آنی چاہیے تھیں۔
4- تصویر میں نظر آنے والا واقعہ بالکل نظر کا دھوکا ہے۔ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ وہ فوجی جوان موٹروے پولیس والوں کی پٹائی نہیں کر رہے تھے۔ موٹروے پولیس والے انہیں گالیاں نکال رہے تھے۔
5- اور ہاں، اگر ہمارے جوانوں نے موٹروے پولیس والوں کی ٹھکائی کر بھی لی تو کیا ہوا، وہ اس کے مستحق تھے۔ انہیں کس نے حق دیا تھا کہ وہ انہیں روکیں۔
6- ہمارے مقدس جوانوں پر ملک کے کسی بھی قانون کا اطلاق نہیں ہوتا، خصوصاً ٹریفک قوانین کا۔ اگر وہ کسی قانون کو رضاکارانہ تسلیم کر لیتے ہیں تو یہ سراسر ان کی بڑائی، قانون پروری اور عظمت ہے، ورنہ ان پر یہ سب لازم ہرگز نہیں۔
7- یہ سب کچھ مسلم لیگ نون کی حکومت را اور موساد کی مدد سے کروا رہی ہے۔ بلکہ یہ واقعہ اسٹیج ہی انہوں نے کروایا ہے تا کہ فوج کے خلاف نفرت پھیلائی جا سکے۔
:
ان خیالات کی ترویج کے لیے پورا انصافی سوشل میڈیا گینگ بمع لال ٹوپی والی سرکار اور دوسرے معروف گملوں میں لگے دانشور تندہی سے مصروفِ عمل ہیں۔ مجھے ان کا شکریہ ادا کرنا ہے کہ آپ لوگوں کا جو تھوڑا بہت پردہ اور بھرم تھا وہ سب کھل کے سامنے آ گیا ہے۔ پہلے بھی آپ لوگوں کو شکست و ہزیمت ملی ہے۔ آئندہ پہلے سے بڑھ کر ملے گی۔ یہ راستہ کامیابی کا راستہ ہرگز نہیں ہے۔ خان صاحب خود تو ناکامی کے غار میں گر ہی رہے ہیں، ساتھ ساتھ اپنے نوجوان فالوورز کی قسمت میں بھی ایسی مایوسی لکھ کر جا رہے ہیں کہ ان کی آئندہ آنے والی دو تین نسلیں بھی تبدیلی کے لفظ سے دور بھاگیں گی۔
:
ہاں وہ جو تفتیش اور انصاف کا وعدہ ہوا تھا، اس کی بات نہ کریں، کیونکہ اس کی بات کرنے والا را اور موساد کا ایجنٹ ہوتا ہے۔ اور جو یہ سب خرافات نہ مانے وہ بھی را اور موساد کا ایجنٹ ہے۔

Comments

Click here to post a comment