ہوم << یارب تیرے بندے ان ”شریف حکمرانوں“ سے کیسے نجات پائیں؟ زبیر منصوری

یارب تیرے بندے ان ”شریف حکمرانوں“ سے کیسے نجات پائیں؟ زبیر منصوری

زبیر منصوری
اے اللہ ہم اپنے گناہوں کا اعتراف کرتے ہیں کیا تو اپنے رحم سے ہماری سزا معاف نہیں کر سکتا؟
اے اللہ کیا ہماری جان ان ”شریفوں“ سے کسی طرح چھوٹ نہیں سکتی؟
اے اللہ ہم کن ظالموں کے اقتدار میں رہ رہے ہیں جو ہماری عورتوں کو سر بازار رسوا کرتے ہیں.
اے اللہ جو سیاسی مخالفین کو موت کے گھاٹ اتار دیتے ہیں.
اے اللہ جن کے لیے انسان کی حثیت ٹشو پیپر سے زیادہ نہیں.
ظالم شہباز شریف اور مستقبل کے بےرحم حاکم حمزہ شہباز! یہ عورت کیا تمہاری رعایا نہیں؟ کیا یہ تمہیں کہیں سے کلثوم اور مریم نواز نہیں لگتی؟ کیا اس کی بار بار سر سے اترتی چادر تمہاری حمیت کو کوئی کچوکا نہیں لگاتی؟
تمہارے تنخواہ دار بوٹ پالشیے اور مالشیے کہیں گے کہ اس نے قانوں ہاتھ میں لیا ہے، قانون کو پتھر مارا ہے مگر مجھے بتاؤ کہ کیا یہ قانون واقعی سنگسار کر دیے جانے کے قابل نہیں؟ معاشرے کی بےبس عورت کیا کرے؟ کیا تم نے اپنے دہائیوں کے اقتدار میں اس کے لیے سستے اور آسان انصاف کا کوئی دروازہ بنایا ہے؟
تم جمہوری حاکموں سے تو وہ بادشاہ اچھے تھے جنہوں نے اپنے دروازوں پر زنجیر عدل لٹکا رکھی تھی، تم نے تو وہ کتے باندھ رکھے ہیں جو کسی کو تمہارے قریب نہیں پھٹکنے دیتے، اسی لیے تم موت کے خوف سے سات پہروں میں بھی سکون سے محروم ہو۔
کوئی بتائے کہ آخر معاشرے کی مظلوم بے بس عورت جائے کہاں؟
ظالمو! ایسے لوگوں کو تو قرآن بھی تلخ نوائی کا حق دیتا ہے تم وہ بھی چھین لینا چاہتے ہو؟
فرض کرو اس عورت کا رویہ غلط تھا، فرض کرو یہ جھوٹ بول رہی تھی۔
تو کیا پھر یہ اس سلوک کی حق دار تھی؟
کیا اس کا ”حق“ اسے گھر کی دہلیز پر دیا گیا تھا کہ اس سے اس کے ”فرض“ پورا کرنے کا مطالبہ کیا جاتا؟
کیا اگر یہ غصہ میں شاہدرہ چوکی آن پہنچی تھی تو کوئی اسے نرمی سے سمجھانے والا نہیں تھا؟
کوئی اس کی بات سن کر اس کے دکھ کا مداوا کرنے والا نہیں تھا؟
سڑکیں اور پل تعمیر کرنے کو ترقی سمجھنے والو انسانوں کے رویوں کی تعمیر اصل ترقی ہے۔
خدا کے لیے بھارت اور چین کے اسٹریٹجک ایجنڈوں میں رنگ بھرنے سے پہلے اپنے پیارے لوگوں کے کردار میں رنگ بھرنے کے منصوبے بناؤ ورنہ سڑکیں اور راستے بھی بن جائیں گے، ٹرینیں اور پٹڑیاں بھی آباد ہو جائیں گی مگر انسانوں کے کردار اور اخلاق برباد ہو چکے ہوں گے۔
خاتون پر پولیس تشدد کی ویڈیو
https://www.youtube.com/watch?v=2nCHuATFY1k