ہوم << میرا سٹوڈنٹ دس لاکھ ماہانہ کما رہا ہے - حامد حسن

میرا سٹوڈنٹ دس لاکھ ماہانہ کما رہا ہے - حامد حسن

میرا سٹوڈنٹ دس لاکھ ماہانہ کما رہا ہے
آپ میں سے کتنے لوگ ہوں گے جو اس بات کی باقاعدہ تحقیق کریں گے کہ میں نے جو دعوی کیا وہ سچ ہے یا نہیں، میں جس کی مثال دے رہا ہوں واقعی وہ کما بھی رہا ہے یا نہیں۔ کوئی بندہ ایک عدد رینٹ پر سیوک لے لے، کسی اچھی سوسائٹی میں کسی کی کوٹھی کے آگے کھڑے ہو کر اعلان کر دے کہ میں ماہانہ پانچ کروڑ کماتا ہوں تو اس کی سیوک اور پیچھے نظر آنے والی کوٹھی ہی سب سے بڑا ثبوت بن جائے گا کہ بندے کے پاس جب سیوک ہے پیچھے کوٹھی ہے تو کنفرم یہ اتنا کماتا ہوگا تحقیق کرنے کی تکلیف اور زحمت کون کرے گا۔

حقائق۔
آج کل پوڈ کاسٹ کا ٹرینڈ ہے آپ کسی بھی بندے کو سامنے بٹھا دو پہلے دو گھنٹے اسے ریہرسل کرواؤ کہ میں یہ یہ سوال پوچھوں گا آپ نے اس طرح ان کے جوابات دینے ہیں اور بڑے کانفیڈنس سے بولنا ہے کہ میں تو ماہانہ دس پندرہ لاکھ کما لیتا ہوں سکرین شارٹ کے لئے وائلٹ اکاؤنٹ میں دس لاکھ ٹرانسفر کر کے بعد میں واپس کر دیں تو بس یہ ایک پلانٹڈ وائرل ویڈیو کنٹینٹ تیار ہے اور یہ کنٹینٹ راتوں رات وائرل ہوگا کیوں کہ بہت سے یوٹیوب چینلز، بہت سے نامی گرامی ٹی وی چینلز اور ویلاگرز بھی ویوز کے چکروں میں اس طرح کے وائرل کنٹینٹ کو اپنے چینلز پر جگہ دیتے ہیں اس سے یہ ہوتا ہے کہ لگی آگ پر مزید تیل لگانے والی بات ہو جاتی ہے۔۔۔

کسی مینٹور کا دعویٰ ہو کہ اس کے ہزاروں سٹوڈنٹس ہیں جبکہ پوڈ کاسٹ اور انٹرویو ایک دو بندوں کا ہی وائرل ہوجائے تو یہ نا انصافی ہے، ہونا تو یہ چاہئے کہ ستر فیصد یا پچاس فیصد یا چلو کم از کم دس فیصد سٹوڈنٹس ہی ہوں جو ماہانہ لاکھوں کماتے ہوں ان کو بھی سامنے لایا جائے لیکن نہیں بس ایک ہی سٹوڈنٹس ہے کافی ہے کہ اس کی ویڈیو ریلیز کر دو کہ جب یہ لاکھوں کما سکتا ہے تو آپ کیوں نہیں کما سکتے آپ بھی اسی طرح لاکھوں کما سکتے ہیں بس ضرورت اس بات کی ہے مجھ سے سیکھیں اور مجھے مشہور کریں، اس بات کی نفی نہیں ہے کہ کوئی ماہانہ لاکھوں نہیں کما سکتا ہے بہت سے لوگ ہیں جو ماہانہ کروڑوں بھی کما رہے ہیں، دن کے لاکھوں بھی کما رہے ہیں لیکن اتنی اندھیر نگری بھی نہیں ہے کہ بس فلاں سکل سیکھو، چند دن کام کرو اور پھر نوٹوں کی، پاؤنڈز اور ڈالروں کی بارش ہوجائے گی ہزاروں ڈالرز کا سفر طے کرنے کے لئے پہلے اکائی، پھر دھائی اور پھر ایک لمبے عرصے بعد فیلڈ کی ریاضت کے بعد ہزار ڈالر کا ہندسہ عبور ہوتا ہے۔۔۔

اکثر اس موضوع پر لکھا ہے کہ جو بندہ آپ کو لاکھوں کمانے کا مشورہ دے، موٹیویشن دے تو پہلے اس سے سوال کریں کہ آپ خود کتنا کماتے ہیں آپ کی اپنی ارننگ کیا ہے دوسروں کو فری لانسنگ کورسز کروانے والے، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، امازون یا دیگر کورسز کروانے والوں سے پہلے سوال کریں کہ آپ نے بذاتِ خود اس فیلڈ سے کتنا کمایا ہے کورسز سے لاکھوں کمائے ہمیں بھی پتہ ہے بس یہ بتا دیں کہ جس سکل سے مجھے کمانے کا مشورہ دے رہے ہیں آپ نے خود اس سکل سے ابھی تک کتنا کمایا ہے، اگر وہ حقیقت میں ماہر ہوگا، پروفیشنل ہوگا اور واقعی کمایا ہوگا تو تحمل سے آپ کو جواب دے گا باقاعدہ لائیو فری لانسنگ اکاؤنٹ دکھائے گا، ڈیجیٹل وائلٹس کی ٹرانزیکشن دکھائے گا تو اس کا مطلب ہے کہ اس بندے میں دم ہے کہ اس کی شاگردگی اختیار کی جائے اور اس سے سیکھا جائے، آپ یقین مانیں کہ ایسے بہت سے نیلے، پیلے، لال گلابی کورسز کروانے والوں سے جب کسی نے یہ سوال کیا، جب ان سے لائیو سکرین شارٹ یا ویب سائٹ ڈیش بورڈ ریفریش کرنے کا بولا تو فوراً بلاک فرما کر نو دو گیارہ ہوگئے، کیوں کہ فوٹوشاپ سے کسی بھی اکاؤنٹ کے ڈیش بورڈ پر ہزاروں ڈالر لگانا، ڈیجیٹل وائلٹ میں لاکھوں ڈالرز کے ہندسے ڈالنا یا پھر بنک ٹرانسفر کے فیک ٹرانزیکشن با آسانی بن جاتے ہیں اور لوگ بھی آسانی سے الو بن جاتے ہیں۔

دیکھیں۔۔۔!
جب بھی کوئی فیصلہ کریں اس سے قبل اچھی طرح سوچ بچار ضرور کر لیا کریں، خوب دیکھ بھال کیا کریں، کسی کی ویڈیو دیکھ کر، کسی کی تحریر پڑھ کر یا کسی کی موٹیویشن سن کر جذباتی فیصلہ نہ کریں جس فیلڈ میں آپ جانا چاہتے ہیں اس کے متعلق اچھی طرح سوچیں، تحقیق کریں، دیگر پروفیشنلز سے معلومات لیں اچھی طرح چھان پھٹک کرنے کے بعد ہی فیصلہ کریں۔۔۔

آپ اگر ماہانہ لاکھوں روپے کمانا چاہتے ہیں تو پہلے آپ ماہانہ ہزاروں کمانے پر تو آئیں، آپ ایک سکل پکڑ لیں اسے سیکھیں، سمجھیں اس میں اپنی جان کھپائیں اپنی ساری قابلیت صلاحیت لگائیں اس کے بعد یہ سکل پہلے آپ کو ماہانہ ہزاروں کما کر دے گی پھر جیسے جیسے آپ ماہر ہوتے جائیں گے اسی طرح آپ کی ارننگ بڑھتی جائے گی سینکڑوں سے ہزاروں روپے، ہزاروں سے لاکھوں روپے بننے میں پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں جان توڑ محنت کرنی پڑتی ہے پھر جا کر کہیں منزل مقصود کی طرف کامزن ہوتے ہیں۔۔۔

یہاں بہت سے لوگوں نے کسی کی باتوں میں آ کر، کسی کی موٹیوشن سن کر، کسی کی ظاہری ٹھاٹ بھاٹ دیکھ کر، ظاہری شو شاہ اور لش پش زندگی دیکھ کر اسی جیسا بننے کے چکروں میں، اس جتنی آمدن کے چکروں میں اپنے پاس جو کچھ تھا وہ بھی گنوایا اور اپنا وقت، مال اور قابلیت و صلاحیت بھی برباد کی، یقین کریں کہ بھیڑ چال کا شکار ہو کر کسی ٹرینڈ کے پیچھے پڑ کر، کسی کی واہ واہ اور ظاہری شان و شوکت دیکھ کر اسی راستے پر چل کر بہت لوگ لکھ پتی سے ککھ پتی ہوئے ہیں، اللہ نے عقل سمجھ دی ہے، سوچنے سمجھے کی بدھی دی ہے تو اسے استعمال کریں کسی کی باتوں میں آ کر جذباتی فیصلہ نہ کریں، اپنی محنت جاری رکھیں، اپنے اندر حوصلہ استقامت پیدا کریں، مستقل مزاجی سے لگن شوق سے محنت کریں ان شاء اللہ دیر سویر سہی لیکن کامیاب ہوجائیں گے، اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔۔۔