کردار کہانی سے بڑا ہوتا ہے۔ فتح و شکست کے میگنیٹیودڈ سے بھی بڑا۔
یہ میں کہا کرتی ہوں اور خصوصا مایوس اور فرسٹریٹ ہونے والے لوگوں سے کہنا چاہتی ہوں۔
ہماری یہ دنیا ایک کہانی ہے۔ اس کائنات کے عجائیب ، ا سکی وسعت، جلوے، شان و شوکت ، تباہکاریاں۔ اس دنیا کی ٹائم لائن کو دیکھئے اور اپنے آپ کو دیکھئے۔آپ کی کیا حقیقت ہے اس لاکھوں کروڑوں برس کی طویل عریض ملٹی ورس اور اس کی بےشمار مخلوقات میں ؟
مگر، آپ کو پتہ ہے نا ۔۔ یہ سب ختم ہوجائے گا اور ایسی لاپرواہی سے ختم کیا جائے گا کہ اپنی رونق کے جوبن پر آسمان پھٹے گا، تارے بکھریں گے، سورج بے نور ہوگا، پہاڑ اڑنے لگیں اور سب دھواں غبار بن کر ختم۔ یہ ہے “حالات” کی حقیقت ۔ جس کو میں “کہانی” سے تعبیر کرتی ہوں۔
خدا کے سامنے باقی کون رکھا جائے گا؟ آپ!!جو خود کو اس عظیم الشان کہانی میں ، مشکلات کے طوفان بلاخیز میں حقیر اور بے بس سمجھ بیٹھے تھے۔
مگر آپ کو اس وقت علم ہوگا کہ یہ ساری کہانی آپ کے لیے تھی، آپ کہانی کے لیے نہیں تھے۔
دیکھا جائے گا کہ آپ نے اپنا کردار کیسے نبھایا؟ جنت دوزخ سب آپ کے کردار نبھانے کے کریڈٹ پر ملیں گے۔
میرے عزیزو!
زندگی مشکل ہے؟ مگر زندگی کی مشکل تو سب کے لئے آتی ہے، اس مشکل کو مختلف لوگ کیسے برتتے ہیں؟ کتنے ہی جسمانی معذور لوگ ہم سے زیادہ کامیاب ہوئے، غربت کے باوجود دنیا کو حیران کیا۔
اس زندگی کی فتح و شکست بھی آپ سے بڑی نہیں ۔ اسماعیل ہنیہ ، رنتیسی، مرسی، احمد یاسین، علی گیلانی چلے گئے، ہزاروں فلسطینی چلے گئے، نوح علیہ السلامُ سے لے کر بہت سے انبیاء کرام چلے گئے۔ امام حسین چلے گئے ، سید احمد شہید چلے گئے ۔اور ان کے بالمقابل طاقت ور ترین لوگ اپنے عروج کے کمال تک پہنچے مگر ان کی “فتح” بھی چلی گئی۔
باقی کیا ہے؟
آپ اپنے بجائے اپنے حالات زندگی کی آسانی یا مشکل کو اس قدر اہمیت دیتے ہیں کہ ان کی وجہ سے مایوس ہوتے ہیں یا تکبر کرتے ہیں۔ مگر جس کو آپ کامیابی اور طاقت سمجھتے ہیں ، دنیا میں بے شمار کرداروں نے انہیں کمزوری ثابت کرکے دکھایا، اور جن چیزوں کو آپ رکاوٹ اور کمزوری سمجھے وہ کسی انسان نے اپنی طاقت بنا کر دکھا دی۔
آپ اور میں بڑے ہیں۔ اگر زندگی کے چیلنج کو آنکھوں مین آنکھیں ڈال کر ہار جیت کی پرواہ کیے بغیر ، زندگی اور امتحان سے متاثر ہوئے بغیر بڑے آرام سے جھیلتے ہیں۔
لمحے کے سحر کو خود پر طاری نہیں کرتے۔ دنیا کی ریت روایات کی پرواہ نہیں کرتے۔ بلکہ سچ کی راہ پر چلتے ہیں۔
آپ کی زندگی کی کہانی کو آپ کی وجہ سے بڑا ہونا چاہیے۔ اس کی مشکلات یا آسانیوں کی وجہ سے نہیں!!
تبصرہ لکھیے