ہوم << خودکشی کے واقعات میں اضافہ - رانااعجاز حسین چوہان

خودکشی کے واقعات میں اضافہ - رانااعجاز حسین چوہان

خودکشی حرام موت ہے جو کہ کسی بھی حالت میں جائز نہیں، لیکن اس کے باوجود پاکستان میں خودکشی کے واقعات میں خوفناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے ، خودکشی کرنے والوں کی شرح گزشتہ 2 سال میں 3سے بڑھ کر 8 فیصد تک جا پہنچی ہے ۔

پاکستان میں سالانہ 5سے 7ہزار لوگ اپنی زندگی کا خود خاتمہ کرلیتے ہیں ۔ زندگی انمول نعمت ہے، دکھ ، پریشانیاں، مسائل اور آزمائشیں زندگی کا حصہ ہیں، ان میں سے بیشتر تو انسان کے اپنے اعمال ، افعال ، اقوال کی وجہ سے پیش آتی ہیں جبکہ چند ایک خالق کائنات کی طرف سے آزمائش ہوتی ہیں، اﷲ تعالیٰ اپنے بندوں کو آزمائش میں ڈال کر ان کے گناہوں کو مٹاتا ہے اور درجات کو بلند کرتا ہے ۔ جو لوگ آزمائش میں پورا اترتے ہیں وہ اﷲ کی رحمتوں کے سائے میں آجاتے ہیں اور جو ناکام ہوجاتے ہیں ان میں سے چند خودکشی کو راہ نجات سمجھتے ہوئے اپنا خاتمہ کر لیتے ہیں۔

وہ نہ صرف اپنا اور اپنے اہل و عیال و خاندان کا دنیاوی نقصان کرتے ہیں بلکہ اپنی آخرت بھی تباہ کر لیتے ہیں۔ بہترین انسان وہ ہے جو کہ مشکل حالات کا جائزہ لے، اسباب کو تلاش کرے ان کا مداوا کرے، مشکلات کو آسانیوں میں بدلے ، اور اللہ تعالیٰ پر کامل توکل و بھروسہ کرتے ہوئے مایوسی کی بجائے صبر و رضا میں زندگی بسر کرے ۔ قرآن مجید فرقان حمید کی سورۃ الشرح میں تکرار کے ساتھ دو آیات ہیں کہ ’’بے شک ہر مشکل کے ساتھ آسانی ہے ‘‘۔ تو بس اللہ پر یقین رکھے کہ یہ وقت بھی گزر جائے گا۔

ہر شخص زندگی کو بھرپور انداز میں جینا چاہتا ہے مگر زندگی میں کئی بار ایسے مقام آجاتے ہیں کہ انسان تمام تر مثبت سوچ کو نظر انداز کر کے صرف اور صرف منفی خیالات کی رو میں بہتا چلا جاتا ہے ، کبھی کبھار حالات ایسے بن جاتے ہیں کہ انسان نہ چاہتے ہوے بھی جینے کے برعکس موت کی تمنا کرنے لگتا ہے اور ایسے میں پھر بزدل انسان اپنی زندگی کو اپنے ہاتھوں ختم کرنے یعنی خود کشی جیسے قبیح عمل سے بھی باز نہیں آتا۔ ہم وہ خوش نصیب ہیں جو مسلمان پیدا ہوئے ، ہمیں وہ دین ملا جو کہ مکمل ضابطہ حیات ہے ، مگر المیہ ہے کہ ہمارے ہاں بھی اب خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق تقریباً 25 فیصدافراد ڈپریشن،ذہنی دباؤ اور دماغی بیماریوں میں مبتلا ہیں، جن میں زیادہ تعدادنوجوانوں کی ہے۔

ہمارے ہاں خودکشی کی وجوہات میں معاشرے میں عدم برداشت، خانگی تنازعات، غربت، مہنگائی اور معاشی صورت حال، پڑھائی میں اچھے گریڈ نہ لانا، گھریلو جھگڑے ، پسند کی شادی نہ ہونا اور آج کل سائبر کرائمز کے ذریعے لڑکے لڑکیوں کو تصاویر یا ویڈیوز کے لیے بلیک میل کرنا وغیرہ شامل ہیں۔ زندگی سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے مختلف طریقے ، آلات اور اشیاء استعمال کی جاتی ہیں جن میں زہریلی زرعی ادویات، رسی اور ڈوپٹوں کے پھندے ، خواب آور گولیوں کے علاوہ آتشیں اسلحے کا استعمال ہو رہا ہے ۔ اقدام خود کشی میں زیادہ تر گندم میں رکھنے والی گولیاں اور امونیا پر مشتمل بالوں کو رنگنے والا ’’کالا پتھر‘‘استعمال ہورہا ہے، جبکہ پورے ملک میں ان دونوں اشیاء کا غیر قانونی کاروبار اپنے عروج پر ہے اور متعلقہ ادارے اس حوالے سے مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ـ ماہرین نفسیات نے خودکشی کی سب سے بڑی وجہ معاشی بدحالی قرار دیا ہے ۔

ماہرین کے مطابق تنہائی، چڑچڑا پن، شرمندگی،نشہ آور اشیا کا استعمال اور ایسی باتیں جو شرمندگی یا تکلیف کاباعث بنیں، انسان کو ذہنی بیماریوں کی طرف دھکیلتی ہیں، ایسے میں اہل خانہ کی توجہ اور ماہر نفسیات سے رابطہ ضروری ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زندگی میں مخلص دوستوں کا ہونا بھی ضروری ہے چاہے وہ زیادہ نہیں تو ایک دو ہی ہوں جن سے آپ دل کی ہر بات کہہ سکیں۔ کیونکہ جب دل پر مسائل، مشکلات اور پریشانیوں کا بوجھ بڑھ جاتا ہے ، تبھی دماغ آپ کو زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا کرتا ہے اور دماغ ایسے کیمیکل پیدا کرتا ہے جو آپ کو خودکشی کرنے پر اکساتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے دل پر بوجھ نہ بننے دیجئے ۔ اور اس کا سب سے آسان نسخہ اللہ کو یاد کرنا، اس کا شکر کرنا اور اس پر بھروسہ کرنا ہے ۔

خود کشی اسلام میں حرام قرار دی گئی ہے ۔ خاتم النبیین محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ جس نے پہاڑ سے اپنے آپ کو گرا کر خودکشی کر لی وہ جہنم کی آگ میں ہوگا اور اس میں ہمیشہ پڑا رہے گا اور جس نے زہر پی کرخود کشی کر لی وہ زہر اس کے ساتھ میں ہوگا اور جہنم کی آگ میں وہ اسے اسی طرح ہمیشہ پیتا رہے گا اور جس نے لوہے کے کسی ہتھیار سے خود کشی کرلی تو اس کا ہتھیار اس کے ہاتھ میں ہوگا اورجہنم کی آگ میں ہمیشہ کے لیے وہ اسے اپنے پیٹ میں مارتا رہے گا۔ (صحیح بخاری) خود کشی جیسے قبیح عمل کو روکنے کے لیے ہمیں اسلامی تعلیمات کو عام کرنا ہوگا کہ یہ عارضی زندگی ہمیں ایک بار ملی ہے اور اسی میں کیے گئے اعمال کا نتیجہ ہمیں آخرت میں ملے گا۔

ہمیں زندگی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہوگا، دوسروں میں مثبت سوچ پیداکرنی ہوگی، امیدوں کے دیے جلانے ہوں گے ۔ یہ کسی ایک کی ذمہ داری نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کا یہ فرض ہے۔ ہمیں ان اسباب کا بھی سدباب کرنا ہوگا جن کی وجہ سے لوگ اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرنے پر مجبور ہیں ۔ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو یہ احساس دلانا ہوگاکہ دنیا کی سب سے قیمتی شے ان کی جان ہے اور ہمیں خود کو ہر حال میں زندہ رکھنا ہے ۔خود کو زندہ رکھنے کی چاہ میں ہی انسان جنگلوں سے نکل کر اس جدید دور تک آیا،لیکن مایوسی اور عدم برداشت کی بدولت آج انسان اس زندہ رہنے کی چاہ سے محروم ہونے پر تلا ہے۔

خودکشی کو روکنے کے لیے لمبے چوڑے وعظ ،کانفرنسیں ،اور میٹنگ کرنے کی بجائے اگر زندہ رہنے کے جذبے کی آبیاری کی جائے توبلا شبہ خودکشی کو جڑ سے ختم کیا جا سکتا ہے ۔ بلاشبہ جو مشکل حالات کا مقابلہ کرنا سیکھ لے وہی حقیقی زندگی جیتا ہے۔ انسان کو اﷲ تعالیٰ پر مکمل بھروسا رکھنا چاہیے اور یہ بات بھی یاد رکھنی چاہیے کہ سب تکلیفوں اور مصیبتوں کو ختم کرنے والی ذات صرف اﷲ تعالیٰ کی ہے ۔ مشکلات و مصائب میں صبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور خود کشی جیسے قبیح فعل کے بارے میں کبھی سوچنا بھی نہیں چاہیے۔

Comments

Click here to post a comment