ہوم << روحانی سلطنت کا تاجدار حضرت داتا گنج بخش - حافظ محمد اویس چشتی سیفی

روحانی سلطنت کا تاجدار حضرت داتا گنج بخش - حافظ محمد اویس چشتی سیفی

اویس چشتی گنج بخشِ فیضِ عالم مظہرِ نورِ خُدا
ناقصاں را پیر کامل کاملاں را رہنما
مخدوم الاولیاء والاصفیاء تاجدارِ سلطنتِ ولایت ، رونقِ بزمِ معرفت حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ اُن عظیم روحانی شخصیات کے سرخیل ہیں جن کی سعی ٔ جمیلہ کی بدولت ظلمت کدۂ ہند میں نورِ اسلام پھیلا ۔
نام و نسب
حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت باسعادت شہر غزنی کے محلہ ہجویر میں ہوئی اسی لئے آپ کو علی ہجویری کہتے ہیں آپ کی تاریخ ولادت میں اختلاف پایا جاتا ہے بعض روایات کے مطابق ۴۰۰ہجری کوسلطان محمود غزنوی کے عہد میں ہوئی ۔آبِ کوثر میں لکھا ہے کہ شیخ علی ہجویری جو داتا گنج بخش کے نام سے مشہور ہیں وہ ایک ہزار نو کے قریب پیدا ہوئے ، حافظ عبداللہ کی تحقیق کے مطابق آپ کی ولادت ماہِ ربیع الاول ۳۷۳ ہجری میں ہوئی ۔ آر اے نکلسن جس نے کشف المحجوب فارسی کا انگلش میں ترجمہ کیا ہے اُس نے کتاب کے مقدمہ میں لکھا ہے کہ علی ہجویری کی پیدائش دسویں صدی عیسوی کے آخر پر یا گیارہویں صدی عیسوی کے ابتدائی عشرے میں ہوئی ۔بہرحال اکثر مورخین کا اس بات پر اتفاق پایا جاتا ہے کہ آپ کی تاریخ ولادت سن ۴۰۰ ہجری ہے ۔
نسبی فضل و شرف
حضرت علی ہجویری داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کا سلسلہ نسب چند واسطوں سے حضرت سیدنا زید ابن امیر المومنین حضرت سیدنا امام حسن پر منتہی ہوتا ہے ۔
آپ بابِ مدینۃ العلم منبع ولایت شیرِ خدا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ سے نسباً بھی تعلق رکھتے ہیں اور اِسماً بھی حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کا نام بھی علی ہے آپ کے دادا جان کا نام بھی علی ہے اور آپ کے جدِ امجد کا نام بھی علی ہے ۔
کُنیت اور لقب
حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کی کنیت ابوالحسن اور لقب داتا گنج بخش ہے ۔ حضرت علی بن عثمان داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ منبعِ فیض و عطا ہیں صدیوں سے اولیائے کرام آپ کے دربار گہربار سے گہرہائے سے معرفت حاصل کرتے آرہے ہیں ۔داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ سے بعد میں آنے والے تمام اولیائے کرام آپ کی چوکھٹ پر حاضری دینا خیرو بھلائی کے حصول کا ذریعہ سمجھتے رہے ہیں ۔
حضرت علی ہجویری داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ اُسوۂ رسول کی کامل تصویر تھے آپ نے ساری زندگی حضور رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی اتباع میں گزاری ،آپ اوصافِ حمیدہ کا پیکر تھے ۔تقویٰ و ورع ، خوفِ خدا ، صبر و رضا ، جود و سخا ، فیض و عطا ، علم و فضل ، میں یگانہء روزگار تھے۔
خواجۂ خواجگان ، نائب رسول فی الہند ، سرچشمۂ رشدو ہدایت ، منبعٔ فضل و رحمت حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ آپ کے آستانِ نور سے فیض لینے کے لئے حاضر ہوئے اور اعتکاف فرمایا اور آپ کے حُسنِ سخاوت کو دیکھتے ہوئے بے ساختہ پکار اُٹھے ۔
گنج بخشِ فیضِ عالم مظہرِ نورِ خُدا
ناقصاں راپیر کامل کاملاں را رہنما
اس وقت سے حضرت علی بن عثمان رحمۃ اللہ علیہ کا لقب داتا گنج بخش مشہور ہوگیا آپ کا یہ لقب مبارک اس قدر مشہور و معروف ہوا ہے کہ آپ کا ذاتی نام پردے میں چلا گیا ہے اور آج لوگ آپ کو داتا گنج بخش کے نام سے زیادہ جانتے ہیں ۔
حضرت بابا فرید کی حاضری
داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے آستانِ اقدس پر عظیم اولیائے کرام نے حاضری دی اور فیض حاصل کیا ، حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ جو سلسلہ عالیہ چشتیہ کے عظیم روحانی پیشوا تھے اُن کو داتا حضور رحمۃ اللہ علیہ سے بڑی عقیدت تھی اور اس عقیدت کا رنگ کچھ ایسا تھا کہ آپ جب داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے دربارِ اقدس میں حاضر ہوتے تو نہایت باادب حاضری پیش کرتے ۔
حضرت بابا فرید الدین گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ نے حضرت علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار اقدس پر حاضر ہوکر یہاں اعتکاف فرمایا ، چلہ کشی کی اور اکتسابِ فیض کیا ، حضرت بابا فرید الدین رحمۃ اللہ علیہ کے حوالہ سے بیان کیا جاتا ہے کہ آپ جب بھی مرقدِ مبارک پر حاضر ہوتے تو گھٹنوں اور کہنیوں کے بل رینگتے ہوئے حاضر ہوتے ۔
{تجلی ہجویر ص۵۴}
حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے دربار عالی مرکزِ تجلیات میں برصغیر کے عظیم اولیائے کرام نے حاضری پیش کی یہاں اُن کی تفصیلات بیان کرنا مشکل ہے مقتدر اولیائے کرام کا دربارِ عالیہ سے فیض یاب ہونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کو روحانی سلطنت کا تاجدار بنایا گیا ہے

Comments

Click here to post a comment