ہوم << شائستہ مکالمہ کے زریں اصول - ڈاکٹر رابعہ خانم درانی

شائستہ مکالمہ کے زریں اصول - ڈاکٹر رابعہ خانم درانی

1. میں درست ہوں، آپ بھی درست ہو سکتے ہیں لیکن مجھ سے کم.
2. آپ کا درست تب تک درست ہے جہاں تک میرے درست کی حد ہے. اس کے بعد مکالمہ ختم ہو جاتا ہے اور مناظرہ شروع جو مقصود نہیں.
3. میں، میں، میں، میں.
4. ہمارے درمیان شائستہ مکالمہ ممکن ہے اگر آپ کے سر کی اثباتی جنبش کے ساتھ واہ واہ کا بیک گرائونڈ میوزک جاری رہے یا کم از کم جی سر اوکے، اوکے سر کے ساتھ.
5. مکالمہ اپنی روح کھو دیتا ہے جب آپ کا سر نفی میں جنبش کرے یا آپ کا بیک گرائونڈ میوزک بدل جائے.
6. جس وقت آپ نے مجھ سے شائستہ اختلاف کی جرات کی، اس وقت مکالمہ ملاکڑہ بن گیا مکالمہ نہ رہا.
7. جس لمحے آپ کا شائستہ اختلاف میری دلیل سے بڑھ گیا، تبھی ہمارے راستے جدا ہوگئے کیونکہ آپ کی دلیل مجھے مکالمے سے ہٹا نہیں سکتی کیونکہ میں تو ہوں ہی درست.
8. ”اوکے باس“ کا راگ ”میں میں“ کی گردان کے ساتھ الاپا جائے تبھی شائستہ مکالمہ کی روح جوان رہے گی اور مکالمے کا سفر جاری رہے گا.
9. جو مکالمہ نہیں کرسکتے، اسے دلیل سے بات کرنا ہوگی اور میری دلیل سب سے بھاری ہے کیونکہ آپ کا درست میرے درست سے کمتر ہے.
10. اگر آپ کا درست میرے درست کے خلاف ہے تو وہ صرف لغو، فارغ، اور غلط ہے.
11. میں نے اپنی میں تو کب سے مار دی ہے، اب تو میری نیت آپ سب کی میں ختم کرنے کی ہے کیونکہ آپ کی میں، میری میں کو پسند نہیں، بےشک میری میں ختم ہو چکی لیکن ”میں“ تو باقی ہوں.
12. آئیے ہم سب، دلیل سے مکالمہ کریں تاکہ میں آپ کے کمتر درست کو ”نادرست“ ثابت کر سکوں کیونکہ میں تو ہوں ہی درست!

Comments

Click here to post a comment