دل پر ہاتھ رکھ کر سچ بتائیے؟
دنیا میں سب سے زیادہ پیار کس سے کرتے ہیں ؟
بچوں سے؟
ماں باپ سے؟
بیوی سے؟
گھر سے؟
اپنے وطن سے؟
دوستوں سے؟
اچھی آسودہ زندگی سے؟
یا
ان سب سے؟
اگر ان سب کو چھوڑ دینے کا کہا جائے تو؟
مشکل، ناممکن، ناقابل برداشت، اذیت ناک،
درست!!
کوئی تھا جس نے کسی کے پیار میں ان سب کو چھوڑ دیا!
بڑھاپے میں قسمت اور دعاؤں سے نصیب ہونے والے پیارے بیٹے کی گردن پر محبوب کے کہنے پر چھری چلا دی!
اسی پیارے کے اشارے پر خوبصورت اور وفا شعار بیوی اور معصوم بیٹے کو جنگل، بیابان ویرانے میں ایسے چھوڑ آیا گویا جانتا تک نہ ہو!
اسی کے ایک اشارہ پر آبائو اجداد کی سرزمین، دوست، صدیوں کی رشتہ داریاں، تعلقات اور آسودہ زندگی کو لمحوں میں، پیارے کے بس ایک اشارے پر بےنیازی سے چھوڑ کر ہزاروں میل دور چلا آیا.
ایک ایسا شخص جس کو آگے پیچھے، دائیں بائیں، اندر باہر، اوپر نیچے اپنے پیارے کے سوا کچھ دکھتا ہی نہ تھا.
یارو! بھلا بتاؤ،
کہ ایسا انسان کیا پھر اس قابل نہ تھا کہ اسے اس کا محبوب امر نہ کر دیتا؟
اسی لیے تو قرآن کہتا ہے انہ کان صادق الوعد و انہ کان صدیق نبیا،
وہ تو محبت کے وعدے میں سچا نکلنے والا میرا سچا پیام بر تھا،
اسی لیے اسے محبوب نے سچا سُچا پکا گہرا اور محبت میں ڈوبا دوست ”خلیل اللہ“ کہا،
اسی لیے اس کی وفا کو مثال بنا کر امر کر دیا اور کہہ دیا کہ یہ پیمانہ ہے، یہ ہے حد میری محبت کے دعوی کو ثابت کر دکھانے کی،
اور یارو! پیارا اللہ تو ہم سے ان میں سے کچھ بھی نہیں مانگ رہا!
کوئی خواب دکھا کر کوئی مطالبہ نہیں کر رہا،
ذرا اپنے اکلوتے بیٹے کو گود میں بٹھا کر پیار سے اس کی گردن پر ہاتھ پھیرتے ہوئے لمحے بھر کو سوچو، یہاں اپنے ہاتھ سے چھری پھیرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا!
کیا ہونا تھاگردن سے گرم خون کی دھار!
جھرجھری آ گئی ناں؟
دل مٹھی میں آگیا ناں؟
مگر نہیں وہ آپ سے یہ نہیں مانگ رہا، کہتا ہے اس کا گلا نہیں بس اس پر موجود دماغ کو میرا فرمانبردار بنا دو،
بس اسے پیار سے میرا پیارا بنانے کی کوشش کر دو، یہ میرا ہے اسے میرے دشمن کے کام آنے سے بچا لو،
بس! اتنا سا ہی تو مطالبہ ہے؟
کوئی ہے جو پیارے ابراہیم علیہ السلام کی ہلکی سی یاد تازہ کرنے کا فیصلہ کرے؟
اپنے پیارے بچوں کو گود میں بٹھائے، محبت سے ان کے سر پر ہاتھ رکھے، ممکن ہو تو
[pullquote] انی وجھت وجھی للذی فطر السموات والارض[/pullquote]
والی قربانی کی دعا پڑ ھ لے اور پھر یہ دعا کرے کہ اے اللہ میں ان کی پیشانیوں کو تیری فرمانبردار پیشانیاں بنائوں گا.
اے اللہ میں ان کے دماغوں کی ذہانتوں کو تیرے لیے استعمال کروانے کی کوشش کروں گا۔
کوئی ہے؟
ہے کوئی ابراہیم اور اسماعیل علیھما السلام کا چاہنے والا؟
تبصرہ لکھیے