کبھی کبھی یوں محسوس ہوتا ہے کہ بدعت کا رد کرتے کرتے ہم نے بدعت کے تنفر میں بھی کچھ اچھی روایات قائم ہونے نہیں دیں اور جو قائم ہوئیں انھیں پنپنے نہیں دیا. ظاہر ہے کچھ چیزیں دین ہوتی ہیں اور کچھ چیزیں رسوم و روایات یعنی انسانوں کے دین پر عمل پیرا ہونے اور دوسروں کو اچھائی کی طرف راغب کرنے کے اپنے اپنے موثر طریقے. جیسے مارکیٹ میں اشتہارات چلتے ہیں، اور جس طرح بازار کے لوگ مختلف مناسبات اور تہواروں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی پراڈکٹ کی تشہیر کرتے ہیں ایسے ہی اگر اچھائی یا دین کے فروغ کے لیے بھی مناسبات اور مواقع سے فائدہ اٹھا لیا جائے تو شاید اس سے کچھ بہتری پیدا ہوسکے.
اب مثلاً آج دو چیزوں کا دن ہے.
1. چھ ستمبر یوم دفاع
2. عشرہ ذوالحجہ کا تیسرا دن.
چھ ستمبر کو چونکہ میڈیا ایونٹ کے طور پر لے رہا ہے. فوج اس دن میں بھرپور شریک ہے. قوم کو اس بارے senstise کیا گیا ہے. چنانچہ آج ہم پاکستانیوں کی اکثریت یہ تو جانتی ہے کہ آج چھ ستمبر یوم دفاع ہے مگر وہ یہ نہیں جانتی کہ اس دفعہ یہ چھ ستمبر کس بابرکت عشرے میں آیا ہے. انھیں قطعاً اندازہ نہیں کہ ان کے لیے ان آسان ترین دس دنوں میں خیر، برکت اور دین و دنیا کے نفع کی آسمان کی طرف سے کس قدر لوٹ سیل لگا دی گئی ہے. اب چونکہ وہ جانتے نہیں. سو جسے وہ جانتے نہیں اس بارے کاوش یا خواہش بھی کیا کریں گے، سو عالم یہ ہے کہ منافع اور فائدے کا دریا ان کی ہر سانس کے ساتھ اور ان کے ہر در کی دہلیز کیساتھ بہہ رہا ہے مگر وہ بےچارے اس سے ایک قطرے کا بھی فائدہ نہیں اٹھا رہے.
آپ نے کئی ایسے مواقع دیکھے ہوں گے کہ جب آپ کی معمولی سی کوشش سے آپ کو اتنا فائدہ ہوجاتا ہے کہ آپ تو کیا آپ کی آئندہ کئی نسلیں بھی فراخی و خوشحالی سے زندگیاں گزار لیتی ہیں. مثلاً کسی نیلام یا انعام گھر میں سو کروڑ روپے یا ڈالر یا یورو یا پونڈ یا ایسا ہی کچھ قیمتی آپ کو محض ایک سوال کے درست جواب پر مل جائے تو غور کیجیے کہ آپ کی اس میں کیا محنت لگ جائے گی بھلا؟ پھر غور کیجیے کہ جس سوال پر آپ کو سو کروڑ مل گیا، اس سوال کا جواب آپ کو ایک عرصے سے معلوم تھا. تاہم اس جاننے نے آپ کو کبھی سو کروڑ ڈالر کا فائدہ نہیں دیا. مگر یہاں ایک خاص ٹائم فریم میں آپ کو اس سے اتنا فائدہ ہو گیا کہ جو عمومی حالات اور عمومی قاعدوں کے تحت کبھی آپ کو ہونے والا نہ تھا. اب یوں دیکھیے کہ خدانخواستہ اگر یہی سوال آپ کو بروقت سوجھنے کے بجائے متعینہ وقت گزرنے کے بعد یاد آئے یا آپ کہیں کہ گو وقت گزر گیا لیکن اب بعد میں آپ ایک دفعہ کے بجائے ایک ہزار دفعہ یہی جواب دہرانے کو تیار ہیں تو کیا کوئی اس نادانی کو مانے گا اور ہمارے چاہنے کے باوجود کیا اس سے وہی فائدہ ہو سکے گا جو بروقت جواب دینے پر ہوتا؟ یقیناً نہیں! کیونکہ ہر چیز حسب موقع ہی مفید ہوتی ہے. انگریزی میں کہتے ہیں کہ جو مکا آپ کو لڑائی کے بعد یاد آئے اسے اپنے ہی منہ پر جڑ لینا چاہیے.
اور پنجابی میں اس کا ترجمہ کچھ یوں بھی کیا جا سکتا ہے کہ
ویلے دی نماز تے کویلے دیاں ٹکراں!
اس سب تمہید کے بعد اب دو باتیں سن لیجیے.
نمبر1. یہ جو دن گزر رہے ہیں، یعنی حج والے اسلامی مہینے ذوالحجہ کے یہ دس دن. میرا مطلب ہے کہ عیدالاضحیٰ آنے سے پہلے والے دس دن. یقین کیجیے کی یہ آپ کی زندگی کے سنہرے ترین دن ہیں. یوں سمجھیے کہ آپ نیلام گھر میں کئی سو کروڑ یورو کئی ٹن سونا بلکہ اس سے کہیں بڑھ کر منافع کما سکتے ہیں. بات یہ ہے کہ آپ کی پوری زندگی میں آنے والے کسی بھی دس دنوں میں کیے گئے آعمال ان دس دنوں میں کیے گئے نیکی و خیر کے اعمال کی کبھی برابری نہیں کر سکتے. لیکن دیکھیے لگتا یوں ہے کہ شاید ہمیں اس اہم ترین موقع اور Golden chance کی کچھ خبر ہی نہیں. ہم انھیں اسی طرح معمول کے مطابق اڑائے چلے جاتے ہیں. لیجیے پیارے رسول کی زبان اقدس سے ان گنتی کے محض دس دنوں کی فضیلت اک ذرا ملاحظہ فرمائیے
سیدنا ابن عباس سے مروی ہے کہ رسولِ معظمﷺ نے فرمایا
[pullquote]مَا العَمَلْ فِی اَیَّامٍ اَفضَلَ مِنھَا فِی ھٰذِہ) قَالْوا: وَلَا الجِھَادْ؟ قَالَ وَلَا الجِھَادْ اِلاَّ رَجْل خَرَجَ یْخَاطِرْ بِنَفسِہ? وَمَالِہ فَلَم یَرجِع? بَشَیئٍ.[/pullquote]
’’ذی الحجہ کے دس دنوں میں کیا گیا نیک کام خدا کو جتنا محبوب ہے اس کے علاوہ دیگر دنوں میں نہیں‘‘۔ صحابہؓ نے عرض کیا:اے اللہ کے رسول! کیا اللہ کے راستے میں اور دنوں میں کیا گیا جہاد بھی (ان دنوں کے عمل سے بڑھ کر نہیں)؟ فرمایا :’’نہیں۔ اور دنوں کا جہاد فی سبیل اللہ بھی نہیں‘ سوائے اس شخص کے کہ جو اپنی جان و مال کے ساتھ نکلے اور پھر ان میں سے کسی چیز کے ساتھ بھی واپس نہ لوٹے (یعنی ہر دو چیزیں رب کی راہ میں پیش کر ڈالے) ‘‘۔
اسی مفہوم کی روایت سیدنا ابن عمرؓ کے حوالے سے مسند احمد میں بھی موجود ہے۔ جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ان دس دنوں کا کوئی عام عمل تو خیر باقی دنوں کے اعمال سے کیا میل کھائے گا کہ یہاں کا اک عام عمل عام دنوں کے جہاد سے بھی بڑھ کر ہے. اللہ اکبر!
یہ نصیب اکبر لوٹنے کی جا ہے!
کچھ اندازہ ہوا یہ دن کتنے قیمتی ہیں. پھر اس کے باوجود اگر آپ ان دنوں سے مسلمانوں کو فائدہ اٹھاتے نہیں دیکھتے تو دو ہی باتیں ہیں.
یا تو انھیں واقعی اس کا علم ہی نہیں.
یا پھر وہ اس سے فائدہ اٹھانے کا طریقہ نہیں جانتے. بالکل ویسے ہی کہ جیسے ایک شخص بی ایم ڈبلیو کا مالک تو ہے مگر نہ اسے ڈرائیور میسر ہے اور نہ اسے ڈرائیونگ آتی ہے.
میں دیکھتا ہوں کہ رمضان میں ادنٰی سے ادنٰی ایمان والا بھی محنت کرتا ہے حالانکہ ان دس دنوں سے وہ دن کہیں مشکل یوں ہوتے کہ خالی پیٹ یعنی روزے کے ساتھ مشقت اٹھانا ظاہر ہے آسان نہیں ہوتا. جبکہ یہاں روزہ فرض نہیں. دیگر نفل عبادات کے مانند ہے اور کوئی بھی عمل کیا جا سکتاہے. یہ فضیلت ہر نیک عمل کے لیے ہے.
لوگوں کی عدم دلچسپی کی وجہ شاید یہ بھی ہے کہ جس طرح رمضان میں علمائے دین نے انھیں ایک ماحول دیا، یہاں وہ نہیں دیا سو سوائے مخصوص ترین اقلیت کے، اکثریت ان عظیم ترین بابرکت دنوں سے فائدہ نہیں اٹھا رہی یا نہیں اٹھا سک رہی. تجویز یہ ہے کہ اگر علماء ان دس دنوں کی تشہیر کے ساتھ ساتھ مختلف پروگرام بھی مرتب کرسکیں. وہ خطبہ و وعظ کے ساتھ ساتھ عبادات کی عملی مجالس بھی بپا کریں تو عین ممکن ہے کہ آہستہ آہستہ ہم ان دس دنوں سے بھی فائدہ اٹھانے والے بن جائیں. ڈر لیکن یہ ہے کہ کہیں میری یہ تجویز بدعت کے زمرے میں شمار کرکے مجھے احاطہ سرزنش میں نہ پکڑ لایا جائے. ویسے تو خیر یہ بھی غنیمت ہی ہوگا، جہاں ثقہ علما کے برعکس جاہلوں کے ہاں روش اور روٹین کفر سازی کی in ہو وہاں محض بدعتی کہہ کے چھوڑ دینا تو عین سخاوت اور جان بخشی ہو گی.
تبصرہ لکھیے