ہوم << کام کروکام! مولانا محمد جہان یعقوب

کام کروکام! مولانا محمد جہان یعقوب

ایک تبلیغی بزرگ سے ان کے نوجوان شاگرد نے کہا:فلاں غیرمقلد نے تبلیغی جماعت کے خلاف کتابلکھی ہے،میں اُس کا جواب لکھنا چاہتاہوں۔
فرمایا:جب تم جواب لکھوگے پھرکیاہوگا؟
کہنے لگا:ممکن ہے وہ بھی اس کاجواب لکھیں۔
فرمانے لگے:پھر؟
کہا:پھراگر اس کا جواب لکھنا ناگزیر ہوا تومیں اس کا بھی جواب الجواب لکھ دوں گا۔
فرمایا:کیازندگی میں بس یہی کام رہ گیاہے کہ جواب در جواب ہی لکھتے رہو۔میاں!کرنے کے اور بھی بہت کام ہیں،غیرضروری باتوں میں پڑجاؤگے تووہ کام رہ جائیں گے۔اس لیے چھوڑوجوابوں کو،کام کروکام۔

ڈاکٹرخالد محمودسومروکے صاحبزادے مولاناراشد محمود سومرومجھ سے درس نظامی میں دو سال پیچھے تھے،شاید عمرمیں بھی دوتین سال کاہی فرق ہوگا،میں اُن کے مزاج سے واقف ہوں۔اُنھیں والدکی وراثت بدرجہ اتم ملی ہے،اُس میں اپنی جماعت سے غلوکی حد تک محبت بھی شامل ہے،غلوانسان سے دوسروں کی توہین وگستاخی بھی کروادیتاہے،اسی لیے نبی اکرم ﷺ نے غلوسے منع فرمایاہے۔اس کی وجہ یہی ہے کہ جوبھی غلومیں پڑے گاوہ کسی نہ کسی کے ایموشنس کوہرٹ ضرور کرے گا۔سوابّا حضور بھی یہی کرتے رہے،یہان تک کہ رب کے حوالے ہوگئے،اُن کاجانشین بھی یہی ذوق رکھتاہے،کیاآپ کسی کے ذوق پرقدغن لگاسکتے ہیں؟چار پانچ دن سے اُن کے حوالے سے تائیدی،تحسینی،مذمتی اور جوابی پوسٹیں چل رہی ہیں،کیافائدہ ہوا؟اس سے اچھانہیں تھاکہ اپنا اپناکام کرتے رہتے۔

مولاناڈاکٹرمحمدطارق جمیل آخری عمرمیں کچھ بدل سے گئے ہیں یا بدل دیے گئے ہیں،اُن پریوسف کاغلبہ ہے یاوہ خود کویوسف کے سپرد کرچکے ہیں،اُنھیں تبلیغی نظم سے نکالاگیا یاوہ خود نکلے ہیں؟خودساختہ والیِ ریاستِ مدینہ کی اُنھوں نے خود تائید کی ہے یا اُن سے کرائی گئی ہے؟مشورے میں اُن کانام بیان کے لیے پیش ہوکر کیوں رد ہوتاہے؟اُن کامزاج ایسی چھوٹی چھوٹی باتوں کواہمیت دینے کانہ تھاکیونکہ وہ بڑے انسان تھے بہت بڑے،اب بونوں نے اُنھیں پتانہیں کس کام میں لگادیا۔لیکن صاحبو!وہ جانے اُن کاکام،وہ یہ سب حبِ علیؓ میں کررہے ہیں یا بُغض معاویہؓ میں وہ رب کوجواب دیں گے ،مجھے اور آپ کواُن پرکس نے داروغہ بنایاہے؟کیاہمارے پاس کرنے کواورکوئی کام نہیں بچا؟کام ہیں اور بہت سے ہیں توپھرکریں ناکام ،یہ کیا شروع کردیاہے؟اس کاحاصل وصول کیاہے؟نفرتوں کے سوداگرکیوں بن رہے ہیں؟ااگریہ تبلیغ کلے خلاف سازش ہے تومقابلہ اُس رب سے ہے جس نے تمام نبیوں کو تبلیغ پرمامور کیا،اگریہ تبلیغی جماعت کے خلاف سازش ہے توتبلیغ کے بڑے زندہ ہیں،وہ اس کوہینڈل کرلیں گے۔آپ سے کس نے مدد مانگی ہے؟بے گانی شادی میں عبداللہ دیوانہ کیوں بن رہے ہیں؟

یارِمن مولاناعمارخان یاسرپرسپاہ والوں کواعتراضات ہیں،بلکہ شکایات ہیں تواُن سے براہ راست بات کریں نا۔قوم ایک پیج پرکھڑی ہے اور یہاں انتشار پھیلانے کے لیے کبھی
مولاناراشد سومروکومولانااورنگزیب فاروقی کے مقابل
کبھی اُن کومولانالدھیانوی کے مقابل
کبھی جمعیت کوسپاہ کے مقابل
کبھی مولاناطارق جمیل کوتبلیغی جماعت کے عمائدین کے مقابل
کبھی عماریاسر کوسپاہ کے قائدین کے مقابل
کھڑاکرکے آپ دین کی کون سی خدمت کررہے ہیں؟
جوکھڑے ہیں وہ بھی سوچیں کیاوہ اچھاکررہے ہیں؟

چکی کاپاٹ یہی ہے کہ کسی کومت چھیڑواپناکام کرو۔کام سے اپنی پہچان بناؤ۔جواب دینے اور دفاعی پوزیشن پرآنے سے کام کاحرج ہوتاہے ۔کام کوعزیز رکھیں،دنیاآپ کوعزیز رکھے گی۔

Comments

Avatar photo

مولانا محمد جہان یعقوب

ڈاکٹر مولانا محمد جہان یعقوب فاضل درسِ نظامی ہیں۔ وفاقی اردویونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ہے۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ کراچی میں پبلی کیشنز، تصنیف اور صحافت کے شعبہ جات کے نگران ہیں۔ کئی کتب، رسائل اور ریسرچ جرنلز کے مصنف ہیں۔ اصلاحی و تحقیقی موضوعات پر سو سے زائد رسائل لکھ چکے ہیں۔ ڈیجیٹل میڈیا سے بطور کانٹنٹ رائٹر، کمپیئر اور اینکر منسلک ہیں۔

Click here to post a comment