ہوم << فخرہزارہ ایوارڈ ،خودنمائی یا کاروبار؟ سید رحمن شاہ

فخرہزارہ ایوارڈ ،خودنمائی یا کاروبار؟ سید رحمن شاہ

گزشتہ دن جامعہ ہزارہ میں "فخر ہزارہ" نام سے چند طالبات اور خواتین میں ایوارڈ تقسیم ہوئے۔ کچھ تعجب تو اس وقت ہوا جب فلیکس پر بنت حوا ایوارڈ بھی لکھا ہوا تھا۔ سمجھ نہیں آرہی تھی کہ فخر ہزارہ ہے یا بنت حوا۔ بنت حوا کردیتے تو زیادہ بہتر تھا۔ ایوارڈ دینے والے شاید ہزارہ کے حدود اربع سے واقف نہیں، اس لیے وہی طالبات اور برائے نام عورتیں نظر آئیں جو مانسہرہ، ہری پور یا ایبٹ آباد کی تھیں۔ میرے پاس کچھ باتیں اور سوالات ہیں جن کے بعد آپ نے فیصلہ کرنا ہے کہ یہ ہو کیا رہا ہے؟۔

فخر ہزارہ ایوارڈ دینے والوں نے ایک آن لائن فارم تشکیل دیا تھا جس پر اس ایوارڈ کے لیے اپلائی کرنا تھا۔ یعنی ایوارڈ دینے والوں کو خود نہیں پتہ کہ کون بڑا کام کررہا ہے یا کون خاتون یا طالبہ اس بڑے نام کا اعزاز اپنے نام کرسکتی ہے۔ اگر آپ میدان میں نکلے ہی ہیں اور آپ نے ہزارہ کا ٹھیکا اٹھایا ہی ہے تو آپکو پتہ نہیں کہ ہزارہ کی اس بڑی سرزمین میں کون سی ایسی بنت ہزارہ یا بنت حوا ہے جو ایسے اعلی کام سرانجام دے چکی ہے جس پر آپ انھیں یہ ایوارڈ دے رہے ہیں۔

ایوارڈ کے لیے اپلائی کرتے وقت ہزار روپے کی فیس بھی جمع کرنی تھی۔ سوچیں ذرا۔ آپ کسی کے کام کو سراہ رہے ہیں۔ اسکو شاباش دے رہے ہیں اور پھر کہتے ہیں چلو اب پچاس روپے دو۔ ارے خدا کے بندو! اگر اسکو ایوارڈ دینا ہی ہے تو اس سے پیسے کس لیے لے رہے ہو۔؟ مجھے تو حیرانی تب ہوئی جب دیکھا کہ ڈسٹرکٹ یوتھ آفس مانسہرہ بھی ان کے ساتھ تعاون کررہا ہے۔ ظاہر ہے انھوں نے اتنا تعاون تو کیا ہی ہوگا کہ شیلڈ اور فلیکس انکو بنا کر دیا ہوگا۔ اگر ایسا ہی ہے تو پھر فیس کس لیے لی گئی؟ ریفریشمنٹ تو تھی نہیں۔ سب کا روزہ تھا۔ پانچ سال کی بچیوں کو تو ایوارڈ میں دیکھا نہیں گیا۔ یقینا ایسی کسی بچی کو بھی ایوارڈ دیتے اگر اسکا تعلق ینگ لیڈر پارلیمنٹ فورم سے ہوتا۔ یعنی پھر ہم کہہ سکتے تھے کہ ریفریشمنٹ بھی ہوئی تھی۔

جو شیلڈ دی گئی۔ ایوارڈ نامزد کا نہ کوئی نام ہے اور نہ متعلقہ شعبے کا کوئی حوالہ۔ ایک سادہ سی شیلڈ ہے جو ڈیڑھ سو روپے میں ڈیزائنر بنا دیتے ہیں۔ جس پر بس فخر_ہزارہ ایوارڈ لکھا ہے علاوہ ازیں یوتھ آفس اور ینگ لیڈرز پارلیمنٹ کے مونوگرام ہیں۔
کچھ ایوارڈ نامزد طالبات دیکھیں- جن کی تصویر کے ساتھ وہ اعلی کام کچھ اس طرح لکھا تھا
فلاں نام نامزد برائے ایوارڈ کیٹگری ایجوکیشن۔
فلاں طالبہ ۔ نامزد برائے ایوارڈ کیٹگری سوشل میڈیا۔ (چند نام چھوڑ کر باقی سب منظور نظر تھے)

ارے خدا کے بندو! اتنا بڑا نام یعنی فخر_ہزارہ۔ جس پر ہزارہ فخر کرے اور اس کو 2.5 سی جی پی اے پر یا ٹک ٹاک بنانے پر یہ ایوارڈ دے رہے؟ اب ہزارہ کے لوگوں کا اس کے جی پی اے یا ٹک ٹاک سے کیا تعلق؟ ذرا مجھے بتائیں کہ ہزارہ کے کسی گاوں میں ہل چلانے والے لال دین لالے کو اس پر کس بات کا فخر ہوگا؟ اندازہ کریں۔

ان چند باتوں کو مدنظر رکھ کر آپ کیا سمجھ سکے؟۔ آیا ایوارڈ ایسے دیتے ہیں؟ کیا ان سطحی قسم کے فورم نے ہزارہ کا ٹھیکا اٹھایا ہے؟ کیا ہزارہ اتنا چھوٹا ہے کہ بس یہ دس بارہ طالبات اور چند خواتین تھیں؟ کیا انھوں نے بٹگرام کی کسی گھر میں سلائی سکھانے والی خاتون کو تلاشا؟ کیا انھوں نے کوہستان کا رخ کیا؟ کیا تورغر کی کسی گھریلو صنعت میں پڑی بیوہ عورت سے انھوں نے پوچھا؟ کیا آلائی کا انھوں نے چکر لگایا؟۔۔ اگر نہیں تو کون سا ہزارہ بھائی؟

یہ بس سستی شہرت ہے۔ ایوارڈ نامزد سے رجسٹریشن کے پیسے لینے۔۔ یہ ایک کاروبار ہے۔ ایسے ہر گامے لالے کو ایوارڈ دینا یہ انکے فورم میں کام کرنے والے انکے منظور نظر ہیں۔ مجھے تعجب تو ان طالبات اور خواتین پر ہے جنھوں نے یہ ڈیڑھ سو روپے کی شیلڈ لی اور اسکے بدلے ہزار روپے فیس دی۔ نہ آپکا نام نہ شعبہ کا حوالہ۔ خدارا ہوش کے ناخن لیں!