رمضان المبارک میں والدین کے لیےبچوں کی زندگی میں توازن برقرار رکھنا اور انھیں قرآن کی تلاوت کا شوق پیدا کرنا ایک چیلنجنگ ٹاسک ہوتا ہے، خاص طور پر جب ان کی زندگی پہلے ہی اسکول، دینی مدرسہ، کھیل، روزہ اور نیند کے گرد گھوم رہی ہو۔ اگرچہ یہ ایک مشکل کام ہرگز نہیں ، والدین تھوڑی سی کوشش سے بچوں کے لیے رمضان میں تلاوت قرآن کو معمول کا حصہ بناسکتے ہیں ۔
سب سے پہلے والدین تلاوت قرآن کا وقت ایسا رکھیں جس میں بچے چست ہوں اور اس وقت کسی اور کام کرنے کی انھیں جلدی نہ ہو ۔وقت کے بارے میں بچوں سے بھی پوچھ لیں ۔ اس طرح بچوں کو نہ صرف ماہ رمضان بلکہ سارا سال ہی تلاوت قرآن میں کوئی دشواری محسوس نہ ہوگی۔یہ وقت ہر ماہ کے اعتبار سے جدا جدا بھی ہوسکتا ہے مثلا ًرمضان میں سحری کرنے کے بعد/نماز فجر کے بعد۔
آسان سورتیں اور مختصر دعائیں
بچوں کو تلاوت قرآن کی طرف راغب کرنے کے لیے ابتدا آسان سورتوں اور مختصر قرآنی دعاؤں سے کیجیے جیسے: سورہ کوثر، سورہ اخلاص ، سورہ فاتحہ وغیرہ ۔ان سورتوں کے نام اور معنی بھی بتائیے۔اسی طرح چند قرآنی دعائیں بھی منتخب کرلیجیے جیسے :
قرآنی کہانیاں:
بچے کہانیوں میں کافی دل چسپی لیتے ہیں۔ ان کے لیے چندقرآنی کہانیاں منتخب کرلیجیے جیسے :حضرت عیسی ٰ علیہ السلام، حضرت موسیٰ علیہ السلام اور دیگر پیغمبروں کی کہانیاں۔اب یہ کہانیاں بچوں کو سنائیے کہ وہ ان کی زندگی سے سیکھ سکیں ۔
روزمرہ معمولات میں شامل کیجیے
قرآن کریم کی تلاوت کو بچوں کے روزمرہ معمولات کا حصہ بنائیے جیسے : فجر کے بعد یا سونے سے پہلے قرآن پڑھنے کا معمول بنا ئیے۔شروع میں طویل وقت یا سورہ پڑھنے کی بجائے مختصر وقت کے لیے چندآیا ت منتخب کیجیے۔ آپ کا پہلا کام بچے کے دل میں قرآن پاک کی محبت پیدا کرنا ہے تاکہ وہ ساری زندگی کے لیے قرآن پاک کی طرف راغب ہوسکے، اس لیے چھوٹی چھوٹی مگر قابل ہدف کوششیں کیجیے۔
تلاوت قرآن کو خاندانی سرگرمی کا حصہ بنائیے
گھر میں تلاوت ِقرآن کو ایک خاندانی سرگرمی بنائیے جیسے : نماز ِفجر،عصر، تراویح یا ایسے وقت جب سب لوگ گھر میں موجود ہیں ۔ پوراگھرانہ ایک ہی جگہ قرآن پاک کی تلاوت کرے ۔اس طرح بچے اس بات کو آسانی سے سمجھ سکیں گے کہ تلاوت قرآن خاندان بھر کے لیےایک اہم سرگرمی ہے۔
قرآن اور معلومات عامہ
قرآن کریم سے متعلق کچھ دل چسپ سوالات تیار کرلیجیے ، جیسے : سورہ مائدہ کے کیا معنی ہیں ؟قرآن مجید کی کس سورہ کی آیات سب سے پہلے نازل ہوئیں ؟قرآن مجید کی کس سورہ کا نام حضور صلی اللہ علیہ وسلم قبیلے کے نام پر ہے ؟اسی طرح قرآن کریم کی چھوٹی چھوٹی سورتوں کو یاد کروانے کا مقابلہ کرائیے۔ مقابلہ ہونے سے بچوں کی دل چسپی میں اضافہ ہوگا۔
قرآن کی محافل
بچوں کو قرآن کی محافل میں شرکت کروائیے ، کبھی کبھار اپنے گھر میں بھی چھوٹی سی محفل کا انعقاد کیجیے۔ اس طرح آپ کے بچے کسی تقریب کا انتظام کرنے ، دعوت نامے تیار کرنے اور تقریب کا نظم و نسق سنبھالنےجیسی مہارتیں بھی اپنے اندر پیدا کرسکیں گے۔
تعلیمی اداروں کا انتخاب
رمضان کے بعد بچوں کو قرآن کریم کی تلاوت کا عادی بنانے کے لیے انھیں کسی اچھے مدرسے یا ایسے اسکول میں داخل کروایا جاسکتا ہے جہاں باقاعدگی سے ناظرہ قرآن کی کلاسز ہوتی ہوں ۔
انعامات
بچوں کو ہر دن کی تلاوت پر چھوٹے چھوٹے انعامات دیجیے۔ ان کے لیے شاباش !واہ واہ یا دوسرے تعریفی کلمات کہیے۔والدین یہ بھی کرسکتے ہیں کہ ان کی روزانہ تلاوت کونوٹ کریں اور ہفتے یا مہینے کے آخر میں ان کی پسند کا انعام دیں ۔
مندرجہ بالا طریقے قرآن کریم کے ساتھ تعلق کو مضبوط بنانے اور تلاوت کا شوق پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ تھکاوٹ کی حالت میں بچوں سے تلاوت نہ کروائیے ۔انھیں ہمیشہ محبت اور شفقت سے تلاوت قرآن کی ترغیب دلائیے۔ وقتا ً فوقتا ً قرآن کریم کی اہمیت اور اس کے فائدوں پر بات چیت کیجیے۔اس طرح کی کاوشوں سے والدین اپنی اولاد کو اپنے لیے صدقہ جاریہ بناسکتے ہیں۔
تبصرہ لکھیے