ہوم << موسمی تغیّرات کے اثرات (2) - مفتی منیب الرحمن

موسمی تغیّرات کے اثرات (2) - مفتی منیب الرحمن

رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ خام ایندھن کو جلانے کی شرح میں اضافے کے باعث زہریلی گیسوں کا اخراج بڑھا ہے اور جنگلات میں لگنے والی آگ سے یہ مزید بدتر ہوگیا، جبکہ درختوں کی کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے کی صلاحیت بھی ممکنہ طور پرکم ہوگئی ہے، نیز 2023میں فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی سطح 420پی پی ایم تک پہنچ گئی تھی جو کہ صنعتی انقلاب کے عہد کے مقابلے میں 51فیصد زیادہ ہے۔

ماحول اورموسم کے ماہرین ایک عرصے سے متنبہ کر رہے تھے کہ ترقی یافتہ ممالک کے صنعتی نظام سے جو طرح طرح کی گیسیں خارج ہورہی ہیں، یہ بالائی فضا ، ماحول اور موسمی حالات کو متاثر کر رہی ہیں ، ان موسمی تغیرات کے نتیجے میںبرفانی تودے پگھل سکتے ہیں، جن سے بڑے پیمانے پرایسے سیلاب آسکتے ہیں کہ ان پرقابو پانا کسی کے بس میں نہیں ہوگا۔

سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ کلاڈیا ویب نے کہا تھا: ’’پاکستان ایک فیصد خطرناک گیسیں خارج کر رہا ہے، لیکن اس وقت موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے یہ دنیا کے دس سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ہے ، یہ متاثرہ ممالک ہم صنعتی ممالک کی لالچ کی قیمت چکانے پر مجبور ہیں .قطبِ شمالی کے بعد سب سے زیادہ برفانی تودے پاکستان میں ہیں ، ان کی تعداد سات ہزار دو سو تریپن بتائی جاتی ہے‘‘۔ ذرا سوچیں! اگر خدانخواستہ یہ پگھلنا شروع ہوئے تو پاکستان میں کیا بچے گا۔ اس سے پہلے پاکستان میں سیلاب دریائوں سے آتے تھے ، کبھی بھارت اپنے دریائوں (راوی، چناب اور ستلج) کا فاضل پانی پاکستان کی طرف موڑ دیتا تھا، لیکن دوبرس قبل یہ سارا سیلاب غیر معمولی بارشوں کی وجہ سے آیاتھا ۔2022کے بارانی سیلاب کے بارے میں ماہرین نے بتایا کہ اچانک بادل پھٹ پڑے اور بے پناہ موسلادھار بارش برسی ۔اُس وقت پاکستان کا تیس فیصد رقبہ اس وقت زیرِ آب آچکا تھا اوراب اس کی بحالی میں شاید کئی برس لگ جائیں۔ ہمارے ہاں جانی ،مالی، مکانات، زرعی اور مویشیوں کے نقصانات کے صحیح اور قطعی اعداد وشمارکبھی دستیاب نہیں ہوتے، جو کچھ بتایا جاتا ہے ،سب اندازوں اور ظنّ وتخمین پر مبنی ہوتا ہے۔ ان نقصانات کی تلافی توالگ بات ہے ، کسی کو اندازہ نہیں کہ آنے والے مہینوں اور برسوں میں موسم کی صورتِ حال کیا ہوگی۔یہ بھی بتایا جاتاہے کہ موسمی تبدیلی کے اثرات ہمہ گیر ہیں اور باری باری سب ممالک متاثر ہوں گے ۔ توانائی کی کمی کا مسئلہ بھی درپیش ہے ، جرمنی میں ابھی سے گیس کے کم استعمال کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور اگر عالمی درجۂ حرارت میں تبدیلی کا یہی رجحان رہا تو آنے والے برسوں میں مشکلات میں غیر متوقع اضافہ ہوسکتا ہے ۔

ہماری بدنصیبی یہ ہے کہ ہماری حکومتوں کو اپنے مستقبل کا علم نہیں ہے، حالات غیر یقینی ہیں اور انھیں مزید غیر یقینی بنایا جارہا ہے، ایسے میں کسی طویل منصوبہ بندی کی توقع رکھنا عبث ہے۔ ملک کی قسمت سے کھیلنے والوں نے اپنے کیے کے نتائج اپنی آنکھوں سے دیکھ لیے ہیں۔ پس ضرورت اس امر کی ہے کہ ہوش کے ناخن لیے جائیں اور نظم کے تسلسل اور سنجیدہ منصوبہ بندی پر توجہ دی جائے ۔ اگر صورتِ حال یہی رہی کہ مقتدرہ کی ترجیح کوئی اور ہے، عدلیہ کی ترجیحات اور ہیں تو ایسے میں سول انتظامیہ مفلوج ہوکر رہ جاتی ہے ۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ملک کے حالات کو یہاں تک پہنچانے میں مقتدرہ کے ساتھ عدلیہ کا بھی حصہ رہا ہے، کوئی دانستہ آنکھیں بند کرنا چاہے توکرسکتا ہے ، ورنہ نوشتۂ دیوار ہر ذی ہوش کو نظر آرہا ہے۔

جب ہم دعا اور توبہ واستغفار کی بات کرتے ہیں تو اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہوتا کہ اسباب کو ترک کردیا جائے ، ہاتھ اٹھادیے جائیں اور ملک کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا جائے۔ توکل کے معنی ہیں:’’تمام تر ممکنہ اسباب کو اختیار کیا جائے ، تدبیر و تدبّر سے حکمتِ عملی مرتب کی جائے اور اس پر عمل کیا جائے ، مگر اسباب کے سازگار اور مؤثر ہونے کے لیے ذاتِ مسبِّبُ الاسباب پر بھروسا کیا جائے ‘‘۔ اسباب کی باگ ڈور قدرت کے دائرۂ اختیار میں ہے، اُس کی رحیمی اور کریمی متوجہ ہوجائے تو صورتِ حال بہتر بھی ہوسکتی ہے اور ہمارے حق میں بدل بھی سکتی ہے۔ قرآنِ کریم ہمیں یہی سبق دیتا ہے، ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ’’بھلا سوچو تو سہی، جو کچھ تم (زمین میں)کاشت کرتے ہو، اُسے تم اگاتے ہو یا ہم اگانے والے ہیں اور اگر ہم چاہیں تو اُسے ریزہ ریزہ کردیں اور تم باتیں بناتے رہ جائو کہ ہم پر تاوان پڑ گیا، بلکہ ہم تومحروم ہی ہو گئے، بھلا سوچو تو سہی! یہ پانی جو تم پیتے ہو، اُسے تم نے بادلوں سے اتارا ہے یا ہم اتارنے والے ہیں اور اگر ہم چاہیں تو اسے سخت کھارا بنادیں، پھر تم کیوںشکر ادا نہیں کرتے، (الواقعہ:63-71)‘‘۔

اللہ تعالیٰ نے زمین میں توازن پیدا کرنے کے لیے پہاڑ بنائے، ارشادِ باری تعالیٰ ہے:(۱)’’اور کیا ہم نے زمین کو فرش نہ بنایااور پہاڑوں کو کیلیں بنایا(تاکہ توازن قائم رہے)، (النبا:6-7)‘‘،(۲) ’’اور اس کے بعد زمین کو پھیلادیا ، اُس سے اس کا پانی اور چارہ نکالااورپہاڑوں کو اُس میں نصب کردیا، (النازعات:30-32)‘‘،یعنی زمین کا توازن قائم کرنے کے لیے پہاڑوں کو لنگر کی طرح زمین میں گاڑ دیا،اس کا ذکر ایک حدیث پاک میں بھی ہے:’’نبی ﷺ نے فرمایا:جب اللہ تعالیٰ نے زمین کو پیدا کیا تو وہ ڈولنے لگی،پھر(زمین کا توازن قائم کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے) پہاڑوں کو پیدا کیااور انھیں حکم دیا :اسے تھامے رکھو، پس زمین ٹھہر گئی،ملائکہ نے پہاڑوں کی طاقت پر تعجب کیا اور عرض کیا: اے پروردگار! کیا آپ کی مخلوق میں کوئی چیز پہاڑوں سے بھی زیادہ طاقتور ہے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ہاں ! وہ لوہا ہے (کہ آہنی آلات سے پہاڑوں کو بھی ریزہ ریزہ کردیا جاتا ہے)،فرشتوں نے پھر پوچھا:اے پروردگار!آپ کی مخلوق میں کوئی چیز لوہے سے بھی زیادہ طاقتور ہے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ہاں!وہ آگ ہے (کہ آگ میں لوہا پگھل جاتا ہے)، فرشتوں نے پھر پوچھا: اے پروردگار! آپ کی مخلوق میں کوئی چیز آگ سے بھی زیادہ طاقتور ہے، فرمایا:ہاں! وہ تندوتیز آندھیاں اورہوائیں ہیں، فرشتوں نے عرض کیا: اے پروردگار! آپ کی مخلوق میں کوئی چیز تندوتیز ہوائوں سے بھی زیادہ طاقتور ہے، فرمایا: ہاں! وہ بنی آدم ہے کہ دائیں ہاتھ سے صدقہ کرتا ہے تو اُسے بائیں ہاتھ سے پوشیدہ رکھتا ہے، (ترمذی:3369)‘‘، یعنی بندۂ مومن کے اخلاص کی طاقت بے حد وبے حساب اور بے پایاں ہے۔

جس طرح زمین میں توازن پیدا کرنے اور ٹھیرائوکے لیے اللہ تعالیٰ نے پہاڑوں کو پیدا کیا، اسی طرح طوفانی بارشوں ، سیلابوں اور زلزلوں سے زمین کے کٹائو کو بچانے کے لیے اللہ تعالیٰ نے جنگلات پیدا فرمائے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بارانی سلسلوں کے جاری رہنے کے لیے زمین کے کم از کم چوتھائی یا اس سے زیادہ رقبے پر جنگلات ہونے چاہییں ،جبکہ پاکستان میں جنگلات صرف چارفیصد رقبے پر بتائے جاتے ہیں، یہ شرح خطرناک حد تک کم ہے ۔ماضی میں آزاد کشمیر اور صوبۂ خیبرپختونخوا کے جنگلات کو با اختیار لوگ تباہ وبرباد کر کے اپنی دولت میں اضافہ کرتے رہے ہیں اور اب موسمی تغیّرات کے سبب بارشوں اور برفباری کی اوسط مقدار خطرناک حد تک کم ہوچکی ہے۔اس سال بارشوں کا تناسب بہت کم ہے اور نہ صرف بارانی علاقوں میں قلتِ آب کا خدشہ ہے ، بلکہ اس کا اثر مجموعی طور پر ملک پر بھی پڑے گا۔ بارشوں کی قلت کے سبب زیرِ زمیں پانی کی قلت ہوتی جاتی ہے اور اس کا اثر ملک کی مجموعی معیشت پر مرتب ہونا لازمی ہے، کیونکہ پہاڑوں پر برسنے والی بارش اور پگھلنے والی برف کا پانی ہی ندی نالوں اور دریائوں میں بہہ کر آتا ہے۔

اسلام میں شجرکاری کی اہمیت کا اندازہ لگانا ہو تو احادیثِ مبارکہ کا مطالعہ ضرور کیجیے، عام ضابطہ یہ ہے :’’اعمال پر جزا وسزا کا مدار نیتوں پر ہے ،(بخاری:1)‘‘، یعنی یہ کہ انسان کے عمل کے پیچھے کون سی نیت کارفرما ہے،اگر عمل بظاہر نیک ہے ، لیکن اس کے پیچھے جو نیت کارفرما ہے، اُس سے اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺکی رضا مطلوب نہیں ہے، تو وہ عمل اجرِ آخرت کے اعتبار سے ضائع ہوجائے گا۔ (جاری ہے۔۔۔)