ہوم << کارٹونز؛ بچوں کی تفریح اور تربیت - عائش جدون

کارٹونز؛ بچوں کی تفریح اور تربیت - عائش جدون

’’مجھے ڈورے مون والا بیگ چاہیے‘‘
غلطی سے ابا حضور کوئی اور کریکٹر اٹھا لائے اور برخوردار نے شور مچا دیا ’’بابا مجھے یہ نہیں چاہیے تھا.‘‘
آخر جب ڈورے مون کی شکل نظر آئی تو گھر میں سکون آیا.
’’بابا میں نے غباره لینا ہے.‘‘
دل کی شکل کا بنا غبارہ جب ہاتھ میں آیا تو روتی آواز میں جواب ملا
’’نهیں مجھےچٹکی کی شکل والا غبارہ چاہیے.‘‘
’’مجھے موٹو پتلو کارٹون دیکھنے ہیں.‘‘
چار سالہ بچہ ہے، اسے کیا سمجھ یہی سوچ کر پنک پینتھر لگا دیے گئے. جوابا بچے نے غصے میں سکرین کو مکا دے مارا اور چنگھارٹی آواز میں بولا
’’میں نے موٹو پتلو کہا تھا، یہ کیا لگا دیا.‘‘
جو میوزک کو حرام سمجھتے ہیں وه بھی’’بچہ تنگ کرتا ہے‘‘ کا بہانہ تراش لیتے ہیں لہذا کمرہ میوزک والے ہندی کارٹون کے فلمی مناظر دکھا رہا ہے
’’اففففففف یہ بچہ کیا پھرکی کی طرح گھوم رہا ہے، ناراض ہے کیا؟‘‘
والده ہنس کر ’’نہیں نہیں یہ بھیم والے کارٹون دیکھتا ہے، بس اس لیے اس کی نقل اتارتا رہتا ہے۔ بیٹا آپی کو بتاؤ ذرا چھوٹا بھیم کیسے کرتا ہے؟‘‘
اور بچے کی الٹی سیدھی حرکات شروع.
یہ ان مناظر میں سے چند ایک ہیں جو میں اپنی آنکھوں سے دیکھ چکی ہوں اور اس بنیاد پر میرا خیال ہے کہ انسان کی شکل کے بجائے صرف کارٹون والی شکل گردن پر لگانا باقی ہے، باقی حرکات و سکنات اور جملے سب ہمارے بچوں میں آچکے ہیں.
بچوں پر مکمل پابندی لگا کر انھیں کارٹونز سے دور نہیں رکھا جا سکتا. دوست اور کزنز جب کارٹون کا تذکرہ کریں گے تو لامحالہ بچے کے دل میں بھی تجسس پیدا ہوگا، گھر میں پابندی ہوگی تو چھپ چھپا کے کہیں نہ کہیں سے شوق ضرور پورا کرے گا تو کیوں نہ بچے پر ایک ناممکن چیز کی پابندی لگانے کے بجائے اسے اس کا متبادل دے دیا جاۓ.
یہ تو سب مانتے ہیں کہ بچوں کے ذہن صاف سلیٹ کی مانند ہوتے ہیں، جو دیکھیں گے نقش بھی رہے گا اور پھر تمام عمر وہی پسندیدہ بھی. یہ کچھ کارٹون لنکس ہیں جو ہمارے گھر میں بچے بڑے سب شوق سے دیکھتے ہیں. اس کے دو فوائد میں نے دیکھے ہیں۔ ایک تفریح کی تفریح اور دوسرا آہستہ آہستہ بغیر سکھلائے عربی کی سمجھ آنا شروع ہو جاتی ہے۔ یہ کارٹون دلچسپ بھی ہیں اور تربیتی بھی. ایک سیریز اردو ہندی مکس ’’عبدالباری‘‘ کے نام سے ہے جس میں روزمرہ دعائوں کی نسبت سے کارٹون بنائے گئے ہیں۔ اور ایک عربی سیریز ہے ’’حامل المسک‘‘ کے نام سے جس میں مختلف قرآنی آیات کے اسباق دکھا کر کارٹون بنائے گئے ہیں۔ یہ سب ہیں تو عربی میں لیکن جب ناسمجھ بچے ہندی اور انگلش دیکھ اور ان کی حرکات سے کہانی سمجھ سکتے ہیں تو عربی کیوں نہیں؟ بس کچھ وقت مخصوص کریں، یہ نہ ہو کہ ان کا نشہ لگ جائے اور باقی سب کام ٹھپ ہو جائیں۔ پہلے خود دیکھیں اور ان میں سے جو مناسب لگیں وہ بچوں کو دکھائیں۔ یہ کام مشکل ضرور لگے گا لیکن بچوں کی تفریحی تربیت کرنے کے مقابل کچھ مشکل نہیں۔
عبدالباری سیریز
https://www.youtube.com/user/moralvision/videos
حامل المسک
https://www.youtube.com/channel/UCzyZr4G2Dn2PKZnpxkU4Zsw/videos
وصیت ابی (اس کارٹون میں ایک بچے کی عزم و ہمت کی داستان ہے جس میں وہ اپنے والد کے دوستوں کے ساتھ مل کر ان کی وصیت پوری کرتا ہے اور ایک بحری ڈاکو اس کی وجہ سے سیدھی راہ پر آتا ہے۔)
https://www.youtube.com/watch?v=MqbB2B-y5i4
ابطال العائدون (یہ چند چھوٹے جانوروں کی بہادری کی داستان ہے جو جنگل کے بھیڑیوں کا مقابلہ کرتے، اپنے محسن کے اہل خآنہ کو کس طرح بچاتے ہیں اور کس طرح ان کے اندر شامل ایک جاسوس ان کی جڑیں کاٹتا ہے۔ مزاح،خوف اور بہادری کی داستان لیے کارٹون)
https://www.youtube.com/watch?v=yFS99Yhi8SE
محمد فاتح مراد ثانی (مشہور اسلامی کمانڈر پر بنے کارٹوں جو اندلس کی تاریخ کے ایک رخ سے پردہ اٹھاتے ہیں)
https://www.youtube.com/watch?v=KX-9a_C3lKg
طارق بن زیاد کی زندگی پر بنے کارٹون "فتح الاندلس"
https://www.youtube.com/watch?v=GFXxTuUAj0k
اور یہ ایک ویب سائٹ ہے جس پر کارٹونز کا ڈھیر لگا ہوا ہے۔ بس یہ دھیان رہے حوصلے حوصلے سے دیکھنے ہیں تاکہ سٹاک طویل عرصہ چل سکے
http://www.alsalafway.com/cms/multimedia.php