پیارے قارٸین! راولپنڈی سے کالم نگار اور ادبی شخصیت محترم ملک اعظم صاحب نے اپنے فرزند ملک فاروق اعظم کی کتاب”گزر جا عقل سے آگے!“بطور تحفہ عنایت فرماٸی۔دل کے دریچوں میں باد نسیم کے جھونکے خوشیوں کا پیام لاۓ۔کیوں نہ ہو یہ خوبصورت کتاب ”حج و عمرہ کی روداد“ہے۔اس کا انداز مصنف کے بہترین اسلوب نگارش کی عکاسی کرتا ہے۔اللہ مزید قلم میں زور اور قوت پیدا فرماۓ۔موصوف علم و حکمت کے چراغ روشن کرتے رہیں۔
ایک اچھی کتاب کی خصوصیت ہوتی ہے کہ اس کے اجلے اجلے صفحات پر نظر پڑے تو اطمینان کی دولت حاصل ہو۔مصنف موصوف بجا طور پر مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے حج و عمرہ کی مکمل روداد بیان کرنے کی جسارت کی اور انسانیت کے لیے انمول تحفہ مطالعہ کے لیے پیش کیا۔محترم ملک اعظم صاحب بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔جن کے فرزند ارجمند نے بہترین کتاب قارٸین کے لیے پیش کی۔
اب کتاب کے حوالے سے بات کرنی ہے۔کتاب خوشبو پبلیکیشنز راولپنڈی نے شائع کی ہے. سال اشاعت 2025 ہے۔حسن انتساب اپنے والدین کے نام جن کی محنت اور کوشش سے کتاب کی تکمیل ہوئی۔فہرست عنوانات بڑی جامع اور جاذب نظر ہے۔آیت قرآن مجید٬احادیث ٬نعت شریف کے بعد مصنف نے دیباچہ میں خانہ کعبہ کی زیارت٬روضہ رسولؐ کی زیارت٬مقدس مقامات اور آب زم زم کی افادیت کا تذکرہ کیا ہے اور بار بار دیار حرم جانے کی تمنا کا اظہار کیا ہے۔جو ہر مومن مسلمان کے دل کی آواز ہے۔موصوف کرونا سے پہلے دو بار سرزمین مکہ و مدینہ جانے کا ذکر شوق سے کرتے ہیں اور اب تیسری بار جانے کی سعادت ملنے پر اللہ کریم کا شکر ادا کرتے ہیں۔والدہ محترمہ اور والد محترم کےحج کی سعادت کا تذکرہ ،تاریخ مکہ مکرمہ اور تاریخ مدینہ منورہ،موصوف پہلی بار 2018اور دوسری بار2019میں عمرہ کی سعادت کا ذکر جمیل کرتے موتی بکھیرتے ہیں۔فیملی کے ساتھ عمرہ 2024 میں کیا اس کا مکمل حوال کتاب کی زینت بناتے ہیں اور دل کی بات خوبصورت پیراۓ میں بیان کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔
موصوف والدہ محترمہ کا سفر حج 2005 اور والد محترم ملک اعظم صاحب کی حج سعادت 2015 کے سال کا احوال بہت ہی دل نشین پیراۓ میں بیان کرنے کی بھرپور جذبات اور احساسات سے کرتے ہیں۔اور تین بار عمرہ کی ادائیگی اور درپیش حالات و واقعات کا تذکرہ تفصیل سے کرتے قارئین کی رہنمائی اور دلچسپی مدنظر رکھتے ہیں۔ایک اچھا مصنف ہمیشہ دل کی باتیں عام فہم اور سادہ پیراۓ میں بیان کرتا ہے۔موصوف نے اس روش پر چلتے بھرپور انداز سے مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے مناظر اور ساتھ ساتھ تاریخ بھی بیان کر دی جو منفرد روایت اور خوبی ہے۔
کتاب: گزر جا عقل سے آگے
مصنف: ملک فاروق اعظم
تبصرہ نگار: فخرالزمان سرحدی
تبصرہ لکھیے