کراچی / لاہور / راولپنڈی: پاکستان میں نئی امیدوں اور عزم کے ساتھ نئے سال 2023 کا آغاز ہوگیا۔ پاکستان میں نئے سال کا جشن بھرپور طریقے سے منایا گیا اور رات بارہ بجتے ہی ملک بھر میں شاندار آتش بازی کے ساتھ سال 2023 کو خوش آمدید کیا گیا۔
پاکستان کے مختلف شہروں میں سال نو کی آمد کے حوالے سے رنگارنگ تقاریب منعقد ہوئیں، جشن کی سب سے بڑی تقریب بحریہ ٹاؤن کراچی 2 میں ہوئی جہاں شاندار آتش بازی کی گئی اور میوزیکل کنسرٹ منعقد کیا گیا، جس میں نامور گلوکار عاطف اسلم نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ جشن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
علاوہ ازیں بحریہ ٹاؤن راولپنڈی اور لاہور ایفل ٹاور میں بھی شاندار تقریب کا مظاہرہ کیا گیا جہاں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس کے باعث آسمان رنگ و نور کی روشنی سے جگمگا اٹھا۔اسی طرح ملک کے بڑے شہروں میں بھی سال نو کی آمد کے حوالے سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ نئے سال پر منچلوں نے بائیکس ریلیاں نکالیں، ون ویلنگ کی، سائلنسر نکال کر بائیکس دوڑائیں جس پر پولیس نے گرفتاریاں بھی کیں۔
کراچی میں ہزاروں نوجوان سی ویو پہنچے۔ رواں سال سندھ حکومت نے سی ویو کی سڑکیں بند نہ کرنے کا اعلان کیا تھا جب کہ وزیر اعلیٰ نے ڈبل سواری پر عائد پابندی کو ختم کردیا تھا۔
وزیر اعظم کا سال نو پر قوم کے نام پیغام
سال نو کے آغاز پر اپنے پیغام میں وزیرا عظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ 2023 کے سال کو انسانیت کی فلاح و بہبود اور امن و خوش حالی کا باعث بنائے،3 کروڑ 30 لاکھ سیلاب متاثرین کی زندگیوں میں اجالے کرنے کی سرتوڑ کوشش کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سال 2022 پاکستان کے لئے تلخ وشیریں ثابت ہوا، سیلاب کی تباہ کاریوں نے عوام کے مسائل اور تکالیف میں اضافہ کیا،دعا ہے کہ نیا سال دہشت گردی، مہنگائی سے نجات کا سال ہو، عوام کی جان اور معاش کا تحفظ ہو۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ نئے سال میں دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت ہمہ جہت چیلنجوں کاسامنا ہے،نئے سال کو آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کی پائیدار بنیاد بنانے کے لئے استعمال کرنا ہو گا۔وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ عہد کرتے ہیں کہ عوام کی زندگیوں کی تلخیاں کم کرنے اور حالات بہتر بنانے کے لئے دن رات کام کریں گے،نئے سال کو اپنے نوجوانوں کے لئے مواقع کا سال بنائیں گے۔ میاں شہباز شریف نے دعا کی کہ نیا سال مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال ہو۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال کے موقع پر شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں،اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر دے۔
وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی قوم کو نئے عیسوی سال کی مبارک
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ 2023 کو پاکستان کے عوام کیلئے امن، ترقی اورخوشحالی کا سال بنائے، نئے سال میں ہم پاکستان کو دہشتگردی اورانتہاپسندی سے مکمل نجات دلائیں گے۔ نئے سال کی آمد پرقوم کے شہدائے کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور وطن کی خاطر جان دینے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر دے۔ آمین
امید ہے 2023 قوم کیلیے خوش حالی لائے گا، بلاول بھٹو
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے نئے سال کی آمد کے حوالے سے پیغام میں کہا کہ ہم مشکل در سے نکل آئے، قوم نے کورونا وبا کا سامنا کیا، قوم کو دہشت گردی کا پھر سے سامنا ہے جس کا ہم ملکر مقابلہ کریں گے اور دہشت گردوں کو شکست دیں گے، امید ہے 2023 پاکستان میں خوش حالی لائے گا۔
2023 میں تحریک انصاف مضبوط حکومت قائم کرے گی، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی منظرنامے پر خصوصاً دیوالیہ پن کے امکانات کے باعث چھائی مایوسی کے باوجود میرا رب العزت پر ایمان اور اپنی قوم پر اعتماد ہےکہ تحریک انصاف بلاشبہ 2023 میں انتخاب کے ذریعے ایک مضبوط حکومت قائم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں آنے کے بعد پاکستان کو بحرانوں کے اس دلدل سے نکالے گی جس میں امپورٹڈ سرکار اور اسکے سرپرستوں نے دھکیلا ہے۔
تبصرہ لکھیے