ملتان کی پانچ ہزار سالہ ادبی، ثقافتی ،سماجی اور مذہبی تاریخ کو محفوظ کرنے کے لیے پانچویں ریشم دلان ملتان کانفرنس 3 ستمبر کو ملتان ٹی ہاؤس میں منعقد ہورہی ہے ، جس میں ملک بھر میں موجود، ملتان سے تعلق رکھنے والے نامور اہل قلم شرکت کریں گے۔ سرزمین اولیا ء کو باری تعالیٰ نے بے شمار نعمتیں عطاء کی ہیں اور یہاں کے مکینوں کو بھی فنی، تحقیقی اور تخلیقی صلا حیتوں سے نوازا ہے ۔ قدرت نے اہل ملتان کو شیریں لب و لہجے سے بھی نوازا ہے، اسی وجہ سے ہمارے دوست معروف شاعر و ادبی شخصیت عامر شہزاد صدیقی نے ملتان کے مکینوں کو ’’ ریشم دلان ملتان ‘‘ کا خطاب دے رکھا ہے۔ ملتان کے لوگ جہاں سرائیکی زبان ، آم اور کھجور کی طرح میٹھے و ریشم دل ہیں وہیں ملتان کا آرٹ،کلچر اور شعروادب کے حوالے سے ایک بلند مقام ہے۔ ملتان کو ملکی تاریخ، معیشت، سیاست اور ثقافت میں بھی مرکزی حیثیت حاصل ہے، جنوبی پنجاب اور اس کے صدر مقام ملتان سے تعلق رکھنے والے شاعروں، ادیبوں سمیت اہل علم و فن نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے ۔
تخلیق کار فن کے کسی بھی شعبے سے تعلق رکھتا ہو اسے اپنے قبیلہ کشتگاں سے وابستگی اور رابطے کی ضرورت رہتی ہے ، جہاں نئی تخلیقات پر بحث ہوتی ہے ادب ، معاشرے کے تعلق پر روشنی ڈالی جاتی ہے، شعور، محبت ،اقدار اور عصری تقاضوںپر گفتگو کی جاتی ہے ۔ اور صحت مند معاشرے میں ادب کے فروغ کی بحث جاری رہنی چاہیے ، مذاکرے کی فضاء قائم ہونے سے حالات بہتری کی جانب گامزن ہوتے ہیں۔ اہل علم وفن میں رابطے کی ضرورت کے پیش نظرسال 2016 ء میں ملتان ٹی ہاؤس کا قیام عمل میں آیا ، جہاں شعراء، ادیبوں، دانشوروں اور لکھاریوں کو مکالمے کے لئے بہترین جگہ میسر آئی ۔ ملتان ٹی ہاؤس چار کنال کے رقبے پر تعمیر ہے ،جس کا تمام فرنیچر انتہائی دیدہ زیب اور ایش وڈ سے بناہواہے ، جبکہ اس فرنیچر پر جو آرٹسٹک کام کیا گیاہے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ایک سو ساٹھ کرسیوں پر مشتمل شاندار ہال۔ دیواروں پر ادیبوں شاعروں ، صداکاروں ، ڈراما نویسوں ، کہانی کاروں ، محقق ، مصور اور نقادوں کے ساتھ ساتھ علم دوست اور ادب دوست شخصیات کی آویزاں تصویریں، ملتان کے مشاہیر کے قلمی اسکیچ اور پورٹریٹ۔تقریبات کے لئے بالائی منزل پر علیحدہ خوبصورت ہال۔ بلاشبہ پورے جنوبی پنجاب کے ادیبوں اور شاعروں کو اس سے بہتر کوئی ایسی جگہ میسر نہیں آسکتی۔
آج ملتان ٹی ہاؤس روشنی پھیلانے اورمحبت کادرس دینے والون کاٹھکانہ ثابت ہو رہا ہے ، بلکہ یہاں کتابوں کی تقریبات اور ادبی محافل منعقد ہوتی ہیں ،جس سے فنون لطیفہ کی ترقی کا سفر جاری ہے۔ ملتان ٹی ہاؤس کے منیجر ارشد بخاری اپنے عمدہ اخلاق اور شیریں مزاج کی بدولت ممبران ٹی ہاؤس میں محبتیں بانٹ رہے ہیں۔ علم و ادب سے چاہ رکھنے والے اور عام لوگ بھی یہاں بیٹھ کر چائے کی پیالیوں کے دور چلا رہے ہوتے ہیں۔ ملتان ٹی ہاؤس کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کو ادیب و شعراء کی رفاقت نصیب ہو رہی ہے جس سے یقینا صحت مندانہ معاشرے کی بنیاد پڑے گی۔ ملتان ٹی ہائوس زاہد سلیم گوندل نے اس وقت تعمیر کروایا تھا جب وہ ملتان میں ڈی سی ہوا کرتے تھے ۔ ملتان کے لوگ خوش قسمت ہیں کہ انہیں ایک ایسا منتظم میسر آیا ہے جو حرف کی حرمت سے بھی پوری طرح واقف ہونے کیساتھ ساتھ خود اہل قلم اور اپنے دل میں ادیبوں اور شاعروں کا درد بھی رکھتاتھا ۔ملتان ٹی ہائوس سے متعلق معروف شاعر اسلم انصاری کہتے ہیں ’’جب تک اس شہر کے سینے پر ملتان ٹی ہائوس کا تمغہ سجا رہے گا ریشم دلان ملتان کے دل میں زاہد سلیم گوندل کی محبت موجزن رہے گی یہ خطہ ان کا یہ احسان کبھی چکا نہیں پائے گا‘‘ زاہد سلیم گوندل ایک اچھے آفیسر، محنتی انسان اورادب سے محبت کرنے والی شخصیت کے مالک ہیں۔ ان کی محنت سے قائم ملتان ٹی ہاؤس ادبی حوالے سے پورے ملک میں ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے ، اور ادب کی ترویج میں اہم ترین کردار ادا کرہا ہے ۔
ملتان ٹی ہاؤس کے زیراہتمام پانچویں ریشم دلان کانفرنس 3 ستمبر2022 ء سے ملتان میں منعقد ہوگی۔ رواں برس ریشم دلان ملتان کانفرنس کی صدارت چیئرمین اکادمی ادبیات پاکستان ڈاکٹر یوسف خٹک کریں گے۔جبکہ میزبان انجینئر عامر خٹک ہوں گے، جبکہ 3 ستمبر 2022ء کو پانچویں ریشم دلان ملتان کانفرنس کے موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن عامر خٹک کی مرتب کردہ کتاب ’’ مقالات ملتان نمبر 5‘‘ جوکہ دوسو صفحات پر مشتمل ہے ، اور اس میں ملتان کی تاریخ، تہذیب، ثقافت، سماجی حیثیت اورسیاسی صورت حال روشنی ڈالی گئی ہے ۔ مذکورہ کتا ب میں ملتان کے معروف ادیب و شعراء کرام ڈاکٹر اسلم انصاری، ڈاکٹر اسد اریب، ڈاکٹر حنیف چوہدری، معمار ملتان ٹی ہاؤس زاہد سلیم گوندل، سابق ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خان، پروفیسر حفیظ الرحمن، ڈاکٹر مختار ظفر،پروفیسر اصغر ندیم سید، ڈاکٹر غضنفر مہدی،ڈاکٹر محمد امین، خالد مسعود خان، رضی الدین رضی،روف کلاسرا ، سجاد جہانیہ، مختار پارس ،عامر ہاشم خاکوانی، قمر رضا شہزاد اور شاکر حسین شاکر کے مضامین شامل ہیں۔ یہ کتاب کانفرنس کے تمام شرکاء کو بطور تحفہ پیش کی جائے گی۔ ہم دعا گو ہیں کہ ملتان ٹی ہاؤس میں ایسی عظیم الشان تقریبات کا انعقاد ہوتا رہے ، اور کلچر اور شعرو ادب کا گہوارہ اسی طرح علم کی روشنی اور محبتیں بکھیرتا رہے۔
تبصرہ لکھیے