تونسہ شریف: ملک بھر میں بارشوں کی تباہ کاریاں جاری ہیں، تونسہ شریف میں بارشوں اور سیلاب ریلوں سے سے جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی۔ تونسہ شریف اور کوہ سلیمان میں بارشوں نے تباہی مچا دی، مکان کی چھتیں گرنے اور سیلابی ریلوں سے اب تک 18 افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
سیلابی ریلوں کے سبب کئی ہزار مکانات تباہ ہوگئے، مال مویشی سیلابی پانی میں بہہ گئے، درجنوں بستیاں صفحہ ہستی سے مٹ گئیں جب کہ 100 سے زائد بستیاں سیلابی پانی کی نذر ہوچکیں، سیلابی ریلوں اور بارشوں سے لاکھوں ایکڑ اراضی سیلابی پانی میں زیر آب آ چکی۔ سیلاب سے متاثرہ علاقے میں تمام سرکاری اسکولوں کو فلڈ ریلیف کیمپ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں خوراک کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں۔ امدادی اداروں کو زمینی راستہ نہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو ریلیف آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اس ضمن میں آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ تونسہ، ڈی جی خان اور راجن پور میں بھی پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، تونسہ میں معمر افراد، خواتین اور بچوں کو فوجی دستوں نے کشتیوں کی مدد سے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک آرمی میڈیکل بٹالین کے دستے ڈی جی خان اور راجن پور میں میڈیکل کیمپس میں بیماروں اور زخمیوں کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں، راجن پور کے میڈیکل کیمپس میں 3 ہزار سے زیادہ مریضوں کو مفت علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
تبصرہ لکھیے