ہوم << موت کی تعریف اورموت میں مدد دینے کا شرعی حکم (حصہ دوم) - مفتی منیب الرحمن

موت کی تعریف اورموت میں مدد دینے کا شرعی حکم (حصہ دوم) - مفتی منیب الرحمن

زندگی سے موت

(۷) شدید زخمی ہونے کی صورت میں کسی شخص کے جسم سے بڑی مقدار میں خون نکل گیا ،اگر بروقت اس کے جسم میں خون نہ پہنچایا گیا تو وہ مرجائے گا، اس صورت میں بھی انتقال خون کے ذریعے اس کا علاج کرانا ضروری ہے۔

(۸) ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے کسی شخص کے کسی عضو پر فالج گر گیااورمستقل معذوری کا خطرہ ہے، اب چونکہ فالج قابلِ علاج ہے، اس لیے علاج کرانا واجب ہے۔

(۹) شوگر، ہائی بلڈ پریشر ایسی بیماریاں ہیں کہ اگر ان کا باقاعدگی سے علاج اور پرہیز نہ کیا گیا تو فالج، برین ہیمبرج، ہارٹ اٹیک، گردے یاجگریا کسی اور عضو کے ناکارہ ہونے اور کینسر وغیرہ کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے اور ان بیماریوں کا علاج نہ کرنا اپنے آپ کو ہلاکت کے خطرے سے دوچار کرنا ہے۔

(۱۰) شدید کالی کھانسی، نمونیہ، چیچک، تپ دق، گردن توڑ بخار وغیرہ ایسی بیماریاں ہیں کہ اگر ان کا بروقت علاج نہ کر ایاجائے تو انسان مرتا تو نہیں ،لیکن وہ ناقابلِ کار ہوجاتا ہے اور اس کے لیے زندگی عذاب بن جاتی ہے ، پس ان صورتوں میں بھی علاج کرنا ضروری ہے۔

یہ ایک واضح اور بدیہی بات ہے کہ شدید بیماری کے سبب انسان اپنے معمول کے کام انجام نہیں دے پاتاحتیٰ کہ عبادت سے بھی قاصر ہوجاتا ہے ، اگر وہ مزدور ہے یا روز مرہ کی اجرت پر کام کرتا ہے ، اگر وہ علاج نہیں کرے گا تو کام پر نہیں جاسکے گااور نہ صرف یہ کہ اللہ تعالیٰ کے احکام کی اطاعت اور اس کی عبادات میں خلل واقع ہوگا، بلکہ زندگی بوجھ بن جائے گی ،اس صورت میں بھی علاج واجب ہے۔

عام حالات میں شریعت کی رُو سے علاج سنّت ہے، فرض کے درجے میں نہیں ہے کہ اس کا تارک گناہگار قرار پائے ، لہٰذا مہلک امراض کے انتہائی درجے میں کہ جب علاج کے باوجود بحالی اور نفع مند زندگی گزارنے کا یقین یاظنِّ غالب نہ رہے ، تو علاج ترک کیا جاسکتا ہے۔شریعت نے ضرورت کے وقت قرضِ حسن لینے کی اجازت دی ہے، لیکن ہر ایک کی استطاعت کی حد تک ہے۔

فقہائے متقدمین کے زمانے میں میڈیکل سائنس ابتدائی مراحل میں تھی اور بہت سی پیچیدہ بیماریوں کے علاج کے نتائج زیادہ حوصلہ افزا نہیں تھے، علاج کے باوجود ہلاکت کا تناسب زیادہ تھا، اسی وجہ سے علماء نے علاج کو صرف مستحب کہا تھا اور ان کے نزدیک علاج نہ کرانے والا گناہگار نہیں قرارپاتاتھا۔ لیکن آج صورتِ حال مختلف ہے جو ہر ذی شعور پر واضح ہے۔ لہٰذا ہم نے جوعلاج کو بعض صورتوں میں لازم قرار دیا ہے، وہ ان علماء کے قول کی مخالفت نہیں ہے،بلکہ امراض اور علاج کے بارے میں جدید طبی تحقیقات کی روشنی میں انسانی جان کی حرمت کے تحفظ اور انسان کو ممکن حد تک راحت پہنچانے اور تکلیف سے نجات دلانے کے لیے ہے،تبدیلی حالات سے بعض اوقات احکام بھی بدل جاتے ہیں۔

اسی طرح اگر مریض کی بحالی اور صحت یابی کی صورت میں نفع بخش زندگی کا امکان ہو تو مریض کووینٹی لیٹر پر ڈالاجاسکتا ہے، لیکن اگرڈاکٹروں کو یقین یا ظنِّ غالب ہو کہ وینٹی لیٹر کے ہٹانے سے موت واقع ہوجائے گی، تو محض حرکتِ قلب جاری رکھنے کے لیے مریض کووینٹی لیٹر پر ڈالے رکھنا یعنی مشینوں کے ذریعے زندہ رکھنا ضروریاتِ شرعیہ میں سے نہیں ہے اور اس کے ہٹانے پر ڈاکٹر یا وارث گنہگار نہیں ہوں گے، یہ لمحات شدید کرب اور اذیت کے ہوتے ہیںاور شریعت اس امر کا پابند نہیں بناتی کہ آلات کے ذریعے محض سانس کی آمد ورفت کو جاری رکھا جائے ،جبکہ خدا ترس ماہرڈاکٹر یہ کہیں کہ انھیں یقین یا ظنِ غالب ہے کہ اب یہ شخص نفع بخش زندگی گزارنے کے قابل نہیں رہااور وینٹی لیٹر ہٹانے کی صورت میں موت واقع ہوجائے گی۔تاہم ہمارا مشاہدہ ہے کہ مالدار لوگ بعض اوقات اپنے مریضوں کووینٹی لیٹر پر ڈالے رکھتے ہیں ، ڈاکٹروں اور ہسپتالوں کا بل بنتا رہتا ہے جو اُن کے لیے مسئلہ نہیں ہوتا، لہٰذا نہ وہ وینٹی لیٹر کو ہٹانے کی اجازت دیتے ہیں اور نہ ڈاکٹر اس کامشورہ دیتے ہیں۔

1990کے عشرے میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں اس موضوع پر ایک سیمینار منعقد ہواتھا، اس موقع پر شفاء انٹرنیشنل ہاسپیٹل کے ایک اسپیشلسٹ ڈاکٹر نے مجھ سے پوچھا: ’’فرض کریں!ہمارے پاس ایک ہی وینٹی لیٹر ہے جو ایسے مریض کو لگا ہوا ہے ،جس کے بارے میں ہمیں یقین ہے کہ اگر وینیٹی لیٹر ہٹا دیا جائے تو جلد اس کی موت واقع ہوجائے گی، پھر اس دوران ایک نوجوان کو حادثہ ہوتا ہے ،اس کے دماغ پر چوٹ لگتی ہے ، وہ کومے میں چلا جاتا ہے، ہمیں یقین ہوتا ہے کہ اگر ہم اس لا علاج مریض سے وینٹی لیٹر ہٹاکر اس نوجوان کو لگادیں تو اس کی زندگی بچ جائے گی اور یہ نفع بخش زندگی گزار سکے گا۔ پس اگر ہم اس لاعلاج مریض سے وینٹی لیٹر ہٹاکر زندگی بچانے کے لیے اس نوجوان کو لگائیں ،تو کیا ہم پہلے مریض سے وینٹی لیٹر ہٹانے پر گناہگار ہوں گے ‘‘، میں نے انھیں جواب میں کہا: ’’میری دینی معلومات کے مطابق یہ عمل کرنے سے آپ گناہگار نہیں ہوں گے، کیونکہ ایک طرف جان بچانے کا مسئلہ ہے اور دوسری طرف محض مشین کے بل پر تنفُّس کو جاری رکھنے کا مسئلہ ہے، تو ترجیح جان بچانے کو دینی چاہیے اور میری اس رائے کی حکمت یہی تھی کہ اگر خداترس اسپیشلسٹ ڈاکٹر کو یقین یا ظنِّ غالب ہے کہ پہلے مریض سے وینٹی لیٹر ہٹانے کی صورت میں تھوڑی دیر میں اس کی موت واقع ہوجائے گی ،تو یہ ضروریاتِ شرعیہ میں سے نہیں ہے کہ مشینوں کے ذریعے اذیت پہنچاکر سانس کو جاری رکھا جائے‘‘۔

عرفِ عام میں حیات کی ظاہری علامت تنفُّس کا جاری رہنا ہے ،چنانچہ حرکتِ قلب بندہوجانے یعنی تنفُّس کے منقطع ہونے کو موت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔بعض صورتوں میں دماغ مفلوج یا ناقابلِ کار ہوجاتا ہے،لیکن تنفُّس کا سلسلہ جاری رہتا ہے، اسی کو ’’کوما‘‘کی کیفیت کہتے ہیں ،لیکن ڈاکٹروں کے نزدیک Brain Stemکے مرجانے سے موت واقع ہوجاتی ہے ،اسے Brain Deathبھی کہتے ہیں۔ہمیں ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ یہ دماغ کی وہ اصل ہے جو ریڑھ کی ہڈی سے مرتبط رہتی ہے،باقی سارے بدن اور دماغ کے درمیان رابطے کا ذریعہ ہے، یعنی یہ دماغ کو سگنل دیتا ہے اور اس سے ہدایات لے کر جسم پر نافذ کرتا ہے،پس جب تکBrain Stemکام کرتا ہے، زندگی باقی رہتی ہے.

اور اس کی موت کی صورت میں طبی اعتبار سے موت واقع ہوجاتی ہے ۔ہم نے امریکہ میں مقیم ایک اسپیشلسٹ پاکستانی ڈاکٹر محترم خالد اعوان صاحب سے رابطہ کیا ،ڈاکٹر صاحب وسیع المطالعہ ہیں، دیندار ہیں اور ان کی دینی معلومات بھی قابلِ رشک ہیں، انھوں نے کہا: حرکتِ قلب بحال کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ دو دفعہ مریض کو وینٹی لیٹر پر ڈالنا کافی ہے، مستقل طور پر ایسا کرنا ضروری نہیں ہے، انھوں نے لکھا:

’’میرے خیالات اُسی کے مطابق ہیں جو آپ نے جواب کے اس حصے میں لکھا ہے۔ بہت عرصہ سے میں نے بیماری کے بہت بڑھ جانے کی حالت میں مریض کو حرکتِ قلب رک جانے کے سبب دوبارہ جاری کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ دو دفعہ وینٹی لیٹر پر ڈالنے کو کافی قرار دیا ہے، میں نے اس حدیث کوبنیاد بنایا :’’حضرت جعفر رضی اللہ عنہ کی شہادت پر ان کے گھر میں بیبیوں کو غم کی حالت میں نوحہ کرنے سے دو دفعہ منع کیا گیا اور تیسری دفعہ منہ کو مٹی سے بھردیے جانے کا حکم ہوا‘‘۔ میرے نزدیک غم بھی ایک بیماری ہی ہے، لہٰذا دو دفعہ انتہائی قدم اٹھانے کے بعد ایمان کا تقاضا ہے کہ مسلمان صبر کرے اور معاملہ اللہ کے سپر د کرے،جیساکہ آپ نے فرمایا ہے:

میرے نزدیک زندگی اور موت کا فیصلہ سانس کے مکمل بند ہوجانے کے ساتھ ہے، حقیقت یہ ہے کہ طبی علم کی بنیاد پر بھی دل اور دماغ دونوں کا انحصار سانس پر ہے، مثلاً دماغ کے خلیے آکسیجن نہ ملنے پر دس منٹ بعد مرنا شروع ہوجاتے ہیں، اسی طرح ہارٹ اٹیک میں دل کے اعصاب (پٹھوں) کو آکسیجن نہ ملے، تو ایک گھنٹے کے بعد وہ مرنا شروع ہوجاتے ہیں اور چار گھنٹے کے بعدنہ ان کو آکسیجن بحال کرسکتی ہے ،نہ وہ دوبارہ بن سکتے ہیں اوراگر بن بھی جائیں تو فقط Scarیعنی Dead Tissuesپیدا ہوتے ہیں، Muscle یعنی پٹھینہیں بنتے۔ دینی طور پر بھی زندگی کا آغاز روح کے نفخ (Blow)سے ہوتا ہے، ظاہر ہے کہ نفخ کا تعلق سانس کے جاری رہنے سے ہے ،اس کا تعلق دورانِ خون یا دماغ کے اعصاب سے نہیں ہوتا۔

لہٰذا میرے نزدیک موت سانس کے مکمل بند ہونے کا نام ہے ، اگر ایک دو گھنٹوں سے زیادہ انسان کا سانس بند رہے تووہ طبعی اور شرعی دونوں اعتبار سے مرجاتاہے ۔نیز انھوں نے لکھا:’’ میں اسی کا قائل ہوں کہ Euthanasia یا خودکشی یا مریض کا اجازت دینا کہ مجھے موت کے گھاٹ اتار دیا جائے، مریض اور ڈاکٹر دونوں کے لیے حرام اور ممنوع ہیں،اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ’’گناہ اور ظلم میں ایک دوسرے کی مدد نہ کرو، (المائدہ:2)‘‘۔

’’ کوما‘‘ کی حالت میں مریض ہوش میں نہیں رہتا ، مگر تنفُّس(Breathing) کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ الغرض دماغ پورے بدن پر حاکم ہے ، لیکن دل پر اس کا اس طرح کا کنٹرول نہیں ہے جیساکہ باقی بدن پر ہے، چنانچہ کوما کی صورت میں مریض کے دیگراعضاء کام نہیں کرتے، لیکن بعض صورتوں میں جب تک زندگی ہے، تنفُّس کا عمل جاری رہتا ہے، اس لیے دماغ اور دل دونوں کواعضائے رئیسہ کہتے ہیں ۔ بعض اوقات حادثے یابرین ہیمبرج یا دماغ تک خون پہنچانے والی رگ بلاک ہونے کے نتیجے میں وقتی طور پر انسان ہوش میں نہیں رہتا، لیکن علاج کے ذریعے یاوقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہوش میں آجاتا ہے،پس ایسے مریضوں کے لیے ،جن کے ہوش میں آنے اور نفع بخش زندگی گزارنے کا یقین یاظنِّ غالب ہو،وینٹی لیٹر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

خلاصۂ کلام یہ کہ انسانی جان کا تحفظ مقدم ہے ، مقاصدِ شرعیہ میں سے ہے اور اللہ تبارک وتعالیٰ کو پسند ہے، لیکن محض سانس جاری رکھنے کے لیے وینٹی لیٹر پر ڈال کر مریض کو اذیت سے دوچار کرنا شریعت کا مطلوب نہیں ہے ، اگر مریض یا اُس کے قریبی رشتے دار یا ڈاکٹر ایسا کرنا چاہیں تو یہ اُن کی صوابدید ہے، یہ لمحات انتہائی کرب ناک ہوتے ہیں، اللہ تعالیٰ سب کو ایسے احوال سے عافیت اور امان میں رکھے ، یہ اس صورت میں ہے کہ جب ڈاکٹروں کو یقین یا ظنِّ غالب ہو کہ وینٹی لیٹر ہٹانے کی صورت میںمریض کی موت جلد واقع ہوجائے گی، حقیقتِ حال صرف اللہ کے علم میں ہے ۔