لاہور: مسلم لیگ (ن) کے ارکان پنجاب اسمبلی اپنی پارٹی کی کارکردگی سے ناخوش ہیں، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کون ہوگا؟ مسلم لیگ ن تاحال اس بات کا فیصلہ نہ کرسکی۔
پنجاب حکومت چھن جانے کے بعد مسلم لیگ (ن) پنجاب کی پارلیمانی پارٹی تذبذب کا شکار ہوچکی ہے، پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن کی نمائندگی کون کرے گا، لیگی ارکان اسمبلی بھی اس بات سے لاعلم ہیں۔
سابق وزیراعلی پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حمزہ شہباز لندن میں موجود ہیں، پنجاب اسمبلی اجلاس کی حکمت عملی تیار کرنے کے لیے پارلیمانی پارٹی کا بھی اجلاس نہ بلایا جاسکا۔ اس سے قبل اجلاس کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس لازمی بلایا جاتا تھا۔
ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی جماعت کی ناقص کارکردگی پر شدید مایوسی کا شکار ہوگئی، پنجاب اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے لیگی ارکان اسمبلی کو باقاعدہ اطلاع بھی نہیں دی گئی جب کہ پنجاب اسمبلی میں 5 اراکین پر پابندی کے حوالے سے بھی حکمت عملی نہ بنائی جا سکی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات میں شکست اور حکومت چھن جانے کی ذمہ داری کا بھی تعین نہ کیا جاسکا ان عوامل کے باعث ن لیگی ارکان اپنی جماعت سے ناخوش ہیں۔
تبصرہ لکھیے