کراچی: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف نام نہاد مہم اسی لیے چلائی کہ اپنی کرپشن کو چھپا سکیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عمران خان ملکی تاریخ کے سب سے بڑے چور ثابت ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کا بیانیہ جھوٹا نکلا۔ پی ٹی آئی کی بنیاد ہی کرپشن پر رکھی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن کو تحقیقات سے روکنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کرنے والے عمران خان آج قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ غیرملکیوں سے فنڈز لے کر غیرملکی سازش کا نعرہ لگانا پی ٹی آئی کی منافقت تھی، جس کا پردہ اب چاک ہوچکاہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ جو شخص جھوٹا حلف نامہ الیکشن کمیشن کو دے.
وہ صادق اور امین نہیں ہوسکتا۔ عمران خان نے کرپشن کے خلاف نام نہاد مہم اسی لیے چلائی کہ اپنی کرپشن کو چھپاسکیں۔ غیرملکیوں سے پیسے لے کر ملکی سیاست کو آلودہ کرنے والے عمران خان عوام کے مجرم ہیں۔
تبصرہ لکھیے