ہوم << کراچی میں شدید بارش سے سیلابی صورتحال، کرنٹ لگنے سے 5 افراد جاں بحق

کراچی میں شدید بارش سے سیلابی صورتحال، کرنٹ لگنے سے 5 افراد جاں بحق

کراچی: شہر قائد میں شدید بارش کا سلسلہ آج دوسرے روز بھی جاری ہے جس کے نتیجے میں شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔مسلسل موسلادھار بارش کے باعث شہر کے بیشتر علاقے پانی میں ڈوب گئے، اہم شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنی لگیں اور نظام زندگی معطل ہوگیا۔ سب سے زیادہ بارش صدر میں 217 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے سبب آدھا شہر اربن فلڈنگ کی نذر ہوگیا۔ ملیرندی سمیت مضافاتی علاقوں کے قریب رہائش پذیرآبادی کو نقل مکانی کرنا پڑی، شہر کی کئی مرکزی اور ذیلی شاہراوں پر کئی کئی فٹ پانی نے معمولات زندگی کو مفلوج کردیا۔پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 5 افراد ہلاک ہوئے۔ یہ واقعات تیسر ٹاؤن، لیاری، سائٹ ایریا اور لیاقت آباد میں پیش آئے۔

قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی نے بارشوں کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عوام گھروں میں رہیں۔ بارشوں کا سلسلہ 26 جولائی تک برقرار رہیگا،دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں نیا مون سون سلسلہ 27 جولائی تک اثرانداز ہوسکتا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے بارش کی وجہ سے کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں آج پیر کو عام تعطیل ہے جس کی وجہ سے سرکاری و نجی دفاتر بند ہیں۔