اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نیب ترمیمی بل کے خلاف ہر فورم پر مزاحمت اور اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 26 سال پہلے انصاف کی تحریک شروع کی تھی.
اور اس وقت سے کہہ رہا ہوں کہ اگر قانون کی حکمرانی نہ ہو تو ملک ترقی نہیں کرسکتا، نبی کریمؐ نے جو صدیوں قبل کہا تھا کہ قانون سب کے لیے ایک ہو، تب ہی قوم ترقی کرسکتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بڑے مجرموں کو قانون کے نیچے لانے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا، نیب میں کی گئی ترامیم کو اسی ہفتے سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے، جن لوگوں نے نیب کے قانون میں ترامیم کی ہیں انہیں جیلوں میں ڈال دینا چاہیے، یہ حکومت آئی ہی اسی لیے تھی کہ اپنے خلاف کیسز کو ختم کرسکے، نیب قانون میں ترامیم کرکے بے شرمی کا مظاہرہ کیا گیا، امید ہے کہ سپریم کورٹ اس بات کا نوٹس لے گی۔
انہوں ںے کہا کہ شرعی اور قانونی اعتبار سے یہ بات درست ہے کہ آمدنی سے زائد اثاثے ہونے پر فرد خود ثابت کرے کہ زائد اثاثے کیسے ہوئے لیکن اب اس قانون میں ترمیم کرکے زائد اثاثوں کو ثابت کرنے کا بوجھ نیب پر ڈال دیا گیا ہے، آمدنی میں زائد اثاثے رکھنے والے اب قانونی کارروائی سے بچ جائیں گے، اب منی لانڈرنگ کے کیسز نیب کے دائرہ کار سے نکال کر ایف آئی اے کے حوالے کردیے گئے ہیں یعنی نیب اب خود رانا ثنا اللہ کے نیچے ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ نیب قانون میں ترمیم سے نواز، شہباز اور زرداری فیملی بچ جائے گی، نیب قانون میں ترمیم سے آمدنی سے زائد اثاثے رکھنے والے سارے لوگ بچ جائیں گے، اصولاً شہباز شریف کو جیل میں ہونا چاہیے تھا کیوں ان پر 24 ارب روپے کے کیسز ہیں، نیب قانون میں ترمیم ملک پر بمباری سے بڑا جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے سوئٹزرلینڈ کے 60 ملین ڈالر ہضم کیے، پرویز مشرف کی جانب سے انہیں این آر او دیے جانے میں بھی امریکا کا ہاتھ تھا۔
پارٹی رہنماؤں کا اجلاس، خرم دستگیر اور خواجہ آصف کے بیان پر بحث
پریس کانفرنس سے قبل عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عمران خان نے نیب قوانین میں ترمیم پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ جانتا تھا کہ یہ اقتدار میں آ کر اپنے آپ کو بچائیں گے اور انہوں ںے ریفارمز کے نام پر اپنے کیسز بند کرنے کی کوشش کی ہے۔عمران خان نے کہا کہ این آر او نے اس ملک کو معاشی اور اخلاقی طور پر نا قابل تلافی نقصان پہنچایا، نیب ترامیم کے خلاف خاموش نہیں بیٹھیں گے، ہر آئینی اور قانونی فورم سے رجوع کیا جائے گا۔
اجلاس میں خرم دستگیر کے حالیہ بیان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ خرم دستگیر کا بیان ثبوت ہے کہ یہ این آر او لینے کے لیے حکومت میں آئے، مہنگائی اور عوامی مسائل امپورٹڈ حکومت کی ترجیح نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق شرکا کے درمیان خواجہ آصف کا صدر مملکت سے متعلق بیان بھی زیر بحث آیا۔ رہنماؤں نے خواجہ آصف کے بیان کو شرم ناک اور حلف سے انحراف قرار دیا۔
تبصرہ لکھیے