لفظ دختر کتنا خوبصورت ہے سنتے ہی دل کو سکون سا آ جاتا ہے جب یہ کسی گھر میں اپنے ننھے ننھے قدم رکھتی ہے تو ایسے لگتا ہے کہ جیسے بہار سی آ گئی ہو ہر طرف خوشیوں کے پھول سے کھل گئے ہوں جب یہ لفظ دختران کی شکل اختیار کرتا ہے تو پھر اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوتا ہے اس کی اہمیت وہی لوگ جانتے ہیں جن کو رب تعالیٰ پالنے اچھی تربیت کرنے اور پھر دوسرے گھر بھیجنے کی صلاحیت دیتے ہیں - اپنا پیٹ کاٹ کر انھیں اچھی تعلیم و تربیت دیتے ہیں زمانے کی اونچ نیچ سے آگاہ کرتے ہیں - نہ صرف اپنے بلکہ شوہر اور سسرال سے جڑے رشتوں سے آشناس کراتے ہیں-
ان دختران کو دینی اور دنیاوی تعلیم دینے کے لیے راولپنڈی میں موجود دختران اکیڈمی ہے جہاں اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ انھیں عالمہ اور حافظہ کا کورس کرا کے معاشرے کا بہترین فرد بناتی ہیں اور یہ آنے والی نسلوں کے لیے بہترین مائیں ثابت ہوتی ہیں -
آج دختران اکیڈمی میں عید ملن پارٹی تھی شام سے ہی سبھی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی کسی کو فون کیا تو کسی کے گھر جا کر بتایا کسی نے بچوں کے سکول سے جلد لوٹنے کا مسلہ بتایا تو کسی نے نند کے آجانے کا ، کوئی بیماری کا مسلہ لے بیٹھی - خیر جنہیں پارٹیوں میں شامل ہونے کا شوق تھا انھوں نے فوراً سے حامی بھر لی - اگرچہ ان کے کاموں کی بھی یہی لسٹ تھی مگر نہایت سمجھ داری سے سبھی معاملات کے حل کی ترکیب کر ڈالی - پارٹی کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے ہونا تھا کلاس ٹیچر کا حکم تھا کہ یہ کوئی درس قرآن نہیں آپ سبھی نے بہت اچھے سے بہت پیارے کپڑے پہن کر آنا ہے ایسے لگے کہ جماعت کی لڑکیاں اور خواتین ہر وقت برقعہ ہی نہیں پہنے رہتی بلکہ خوشیوں کو ہر طریقے سے مناتی ہیں ، پھر یہ سبھی کا حق تھا کہ ہورا مہینہ اس ذات کا کلام پڑھا اور سنا اب اسی نے حکم بھی تو دیا ہے کہ بھن سنور کر رہو مگر اپنی حدود کے اندر -
دیکھنا صرف یہ کہ کہیں زمانہ جاہلیت کی طرح نہ ہو جانا - پارٹی میں پہننے کے لیے کپڑوں کا انتخاب کیا گیا سرخ پیلے نیلے ، نہیں یہ تو میں نے عید پہ پہنے تھے گہرے نیلے یہ تو میں کئی دفعہ قرآن کی کلاس میں پہن چکی ہوں - ہلکے گلابی یہ تو میں دورہ قرآن مکمل ہونے پہ دعا میں پہن چکی ہوں سبھی نے دیکھ لیے ہیں اب کون سے پہنوں اچھا کیا ہوا جو کسی نے پہلے دیکھے ہیں دوبارہ سے دیکھ لیے تو کچھ کہے گی نہیں اگر کہہ بھی دیا تو کیا ہوا - جب اللہ تعالٰی کسی بندے کو کسی نعمت سے نوازتا ہے تو انسان کو بھی چاہیے کہ وہ رب کی عطا کردہ نعمتوں کا اظہار کرے -
اب جامنی رنگ کے کپڑے رہ گئے تھے جو کہ میری پیٹی نے ضد کر کے دلوائے تھے کہ کیا ہر وقت بوڑھی بنی رہتی ہیں ہر وقت سفید اور کریم کلر ، کیا دنیا میں اور رنگ ختم ہو گئے ہیں یا آپ اتنی عمر کی یو گئی ہیں کہ سفید رنگ ہی پہنے پھرتی ہیں ہمارا بھی دل کرتا ہےکہ ہماری ماں نکھرے نکھرے رنگ پہنے - اس نے گویا مجھے ایموشنل کر دیا اور میں جامنی رنگ کے کپڑے لے کر گھر آ گئی - ایک تو ہر وقت مسائل آ کھڑے ہوتے ہیں ، یہ کپڑے تو میں نے گھر میں رکھی گئی عید ملن پارٹی پہ پہنے تھے جس میں ایک نہیں بلکہ پچاس ، ساٹھ عورتوں اور بچیوں نے دیکھے تھے وہ کیا کہیں گی کہ ان کے پاس اور کوئی جوڑا نہیں جو یہ پہن کر آ گئیں -نہیں اب کی بار میں نے دل کی نہیں بلکہ دماغ کی سننی ہے یہ بے چارہ بھی تو کچھ کہتے کہتے تھک گیا تھا, اور میں نے اس کی ایک بھی نہیں سنی بس دل ہی کو اہمیت دیتی رہی -
اب دماغ کی بات جو غور سے سنی تو وہ کہنے لگا کہ مجھے ہر کوئی پاگل سمجھتا ہے کاش کہ کوئی ایک بار صرف ایک بار ہی میری بات سن لے - کیا ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کی ازواج مطہرات نے ہر موقع پہ نئے کپڑے خریدے کیا صحابہ کرام نے ایک دوسرے کے سامنے اپنے اپنے کپڑوں کی نمائش کی - نہیں بلکہ انھوں نے پیوند لگے دھلے ہوئے کپڑے پہنے - پھر میں کیوں ان ہستیوں کی پیروی نہیں کرتی - جامنی رنگ کے کپڑے نکالے استری کیے اور تیار ہو کر سبھی کے ا جانے کا انتظار کرنے لگی ، روڈ سے تین رکشے کیے اور دس منٹ کے اندر اکیڈمی پہنچ گئیں -
گیٹ پہ بیٹھی خواتین کو سلام کیا - ریسپشن پہ پہنچ کر نام لکھوایا اب مسلہ موبائل نمبر لکھوانے کا تھا جو نہ کبھی یاد کیا اور نہ کبھی کوشش کی - یہ تو شکر ہے کہ بڑی بہن اور دوسری کزنز کو آتے تھے میں نے بھی فوراً سے کہہ دیا کہ اوپر سے دیکھ لیں ایک ہی نمبر ہے - شکر ہے کہ اس نے رازی اور ساملی ہسپتال کے عملے کی طرح یہ نہیں کہا کہ آنٹی جی آپ کس دور میں رہ رہی ہیں - اکیڈمی کی سیڑھیاں اتر کر چھوٹے بھانجے اور بھانجی کے ساتھ سبحان اللہ کہتے ہوئے نیچے ہال میں گئیں اکیڈمی کی ایک بات جو مجھے بہت پسند آتی ہے وہ یہ کہ چند بچیوں اور ٹیچر کی ڈیوٹی جوتوں کو ترکیب سے رکھنا - اکیڈمی کی بچیوں کو علیحدہ مہمان خصوصی کو علیحدہ اور باقی سبھی کو ہال کے درمیان میں جگہ دی گئی - جو خواتین نیچے نہیں بیٹھ سکتی تھیں ان کے لیے کرسیوں کا اہتمام کیا گیا - ہاں بعض نے یہاں بھی پھرتی دیکھائی اور فوراً کرسی پہ قبضہ جما لیا ایسے ہی جیسے ایک جماعت جاتی ہے تو دوسری بیٹھ جاتی ہے اور پھر غریب عوام کا خون چوس کر بھی اٹھنے کا نام نہیں لیتی -
ایک کی تیاری پھر دوسری کی تیاری دیکھتے دیکھتے ہمیں گھر سے ہی دیر ہو چکی تھی - تلاوت قرآن اور نعت پڑھی جا چکی تھی مقابلہ جس کے لیے جلدی آنا تھا وہ بھی گزر چکا، کیا پتہ ہم بھی اپنی ذہانت کا لوہا منواتے اور کچھ نہ کچھ جیت ہی آتے - مگر اب پچھتائے کیا ہوت جب چڑیاں چگ گئیں کھیت - یہاں چڑیاں تو نہیں ہر عمر کی عورتیں بازی لے گئی اور ہم ہاتھ ملتے رہ گئیں - درس قرآن جاری تھا میڈم عشرت مدثر نے خوبصورت الفاظ کا چناؤ کر کے قرآن مجید پڑھنے پڑھانے اور اپنے گھروں میں کلاسیں جاری رکھنے پہ روشنی ڈالی - انھوں نے بتانا کہ جس گھر میں چند لوگ مل کر اللہ کا ذکر کرتے ہیں تو وہ گھر آسمان والوں کو ستاروں کی ماند نظر آتا ہے - فرشتے اس گھر کو گھیر لیتے ہیں رحمت اور سکونیت ان پہ چھا جاتی ہے - اس کے بعد نسرین باجی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بہت سی ایسی خواتین بیٹھی ہیں جو کہ پڑھی لکھی تو تھیں مگر اپنی بات دوسروں تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہیں ، ہم نے انھیں اس بات پہ آمادہ کیا کہ آپ اپنے گھر میں ہی چاہے دو افراد ہی کیوں نہ ہوں کلاس شروع کروائیں ، اور لوگوں کو قرآن کی طرف مائل کریں - آپ کو ایک ٹیچر مہا کر دی جائے گی - جنھوں نے پہلی پہلی کلاس لی ہر ایک نے سٹیج پہ آ کر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا -
ایک عورت نے بتایا کہ میرا دیور ہر کھانے میں نقص نکالتا تھا جب میں نے قرآن پاک کی کلاس لی اور باجی نے بتایا کہ کھانا پکاتے وقت اللہ کا ذکر خاص کر دردو شریف پڑھا کرو یہ عمل کرنے سے اب میرا دیور چپ چاپ کھانا بھی کھا لیتا ہے اور اس کھانے کی تعریف بھی کرتا ہے - ایک نے بتایا کہ شادی سے پہلے میں نعت خواں تھی ہر جگہ جا کر نعت پڑھتی اور اپنی آواز کا لوہا منوایا - بابل کا گھر چھوڑنے کے بعد مجھے جو ماحول ملا اس کے متعلق میں نے کبھی سوچا ہی نہ تھا - نہ نماز کا پتہ نہ روزہ ، زکوٰۃ کا - حج عمرہ کیا ہے اس سے تو سبھی گویا ناواقف تھے - پیسے کو جوڑ جوڑ کر فضول کاموں میں لگایا جاتا - کسی کے حقوق اور فرائض کیا ہیں سبھی ان سے بے خبر تھے - جمعہ جسے تمام دنوں کا سردار کہا جاتا ہے سارا دن سو کر گزارا جاتا - تین تین چار چار شادیاں کر کے عورت کو اس کے حقوق نہ دے کر زلیل کر کے گھر سے نکال دیا جاتا - بچے باپ کے ہوتے ہوئے بھی یتیموں جیسی زندگی گزارنے پہ مجبور ہو جاتے - شراب کی محفلیں سجائیں جاتی عورتیں ہر وقت ڈری سہمی رہتیں - گویا کہ گھر نہ ہو قید خانہ ہو - پھر ایک دن میرے گھر عالیہ اور فوزیہ باجی آئیں گھر کے مرد کہیں گئے ہوئے تھے - میں جلدی جلدی ساتھ کے گھروں سے دس پندرہ خواتین کو لے آئی ، انھوں نے آدھے گھنٹے کا درس تھا درس کیا تھا کہ بس میرے دل کی دنیا ہی بدل گئی - اللہ تعالیٰ کہتے ہیں کہ جب میں کسی کو بھلائی دیتا ہوں تو چن کر اپنی طرف کھینچ لیتا ہوں- پھر میرے ساتھ بھی یہی ہوا اس دن کے بعد میں نے اللہ تعالیٰ سے رو رو کر اپنے گھریلوں مسائل کے حل کے لیے دعائیں مانگنی شروع کر دیں - جب مرد باہر ہوتے تو ہم گھر اور محلے کی خواتین درس رکھ لیتیں اور ان کے لوٹنے سے پہلے پہلے مکمل کر لیتیں - اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے میری لاج رکھی اور مجھے آزمائشوں کی بھٹی سے سونا بنا کر نکالا آج الحمدللہ میرے گھر میں درس قرآن جاری ہے اور مجھے کوئی منع کرنے والا بھی نہیں ، نم آنکھوں سے مائیک میڈم نسرین کی طرف بڑھا دیا -
دوگھنٹے سے بیٹھے ہوئے بچوں نے ماؤں کو تنگ کرنا شروع کر دیا ، ساتھ لائے ہوئے لیز ، سلانٹی اور جوس کے ڈبے جو خالی ہو چکے تھے - کئی بچے تو بار بار ایک ہی سوال پوچھ رہے تھے کہ ماما چاول کب دیں گئے - ہال کے سب سے آخر میں بیٹھی نھنی ننھی بچیاں ایک دوسرے کے بال سنوارنے میں مگن تھیں - میڈم نے ضلع ناظمہ نزہت صاحبہ کو سٹیج پہ آنے کی دعوت دی ، انھوں نے کہا کہ میں پانچ منٹ سے زیادہ آپ کا وقت نہیں لوں گی کیونکہ مجھے پتہ ہے کہ آپ بیٹھے بیٹھے تھک چکی ہیں اور ساتھ بچوں کے سکول سے لوٹ آنے پہ بھی پریشان ہیں - انھوں نے ہال میں موجود سبھی سے پوچھا کہ آپ میں سے کون کون گھر کی صفائی خود کرتی ہیں تقریبا سبھی نے ہاتھ کھڑے کر دیے ، انھوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت اچھی بات ہے میں بھی آپ ہی میں سے ہوں ، ایک سوال پوچھا کہ صفائی کرتے ہوئے آپ کا رویہ کیا ہوتا ہے سبھی نے کہا کہ چیزوں کو اپنی جگہ نہ پا کر شدید غصہ آتا ہے ، اور جب صفائی کر لیں تو ، پھر ظاہری سی بات ہے کہ دل ع دماغ کو سکون ملتا ہے ، اس کے بعد کیا دل کرتا ہے کہ اپنا بستر ہو اور آپ آرام سے لیٹ جائیں کوئی آ کر گرما گرم چائے کا کپ دے دے - یہ کہنا تھا کہ کچھ خواتین بول اٹھیں کوئی پوچھتا ہی نہیں ، خود ہی بنا کر پی لیتے ہیں - اس پہ انھوں نے بہت خوبصورت مثال دی کہ اللہ کی زمین کو ہم نے گند سے صاف کرنا ہے جب ہم آخرت کے لیے تیاری کریں گئے تو زرا سوچیں کہ ہمارے لیے نرم بستر لگا دیا جائے گا اور اللہ تعالیٰ خود اپنے ہاتھوں سے ہمیں مشروبات پلائیں گے - اس پہ سبھی کے چہرے خوشی سے کھلکھلا اٹھے -
اکیڈمی کی پرنسپل نے اکیڈمی کا تعارف اور اس میں پڑھنے والی بچوں کے متعلق بتایا لڑکوں کے لیے علیحدہ کمپس جہاں یتیم بچوں کو مفت تعلیم دی جاتی ہے - آخر میں طاہرہ باجی نے اپنے خوبصورت الفاظ کے ساتھ دعا کروائی ، ایسے لگ رہا تھا کہ جیسے وہ ہمارے ہی دل کی دعا مانگ رہی ہوں - فرحت ممتاز باجی کی صحت و تندرستی کے لیے خصوصی دعا کی گئی - سبھی نے اٹھنا شروع کردیا نسرین باجی نے سب کو اپنی اپنی جگہ بیٹھ جانے اور لاہن بنا کر اوپر جانے اور اپنا کھانا لینے کی تاکید کی - میں میڈم ضیا کو سلام کرنے کے لیے اٹھی تو رش کی وجہ سے تعظیم پہلے پہنچ گئی مشابہت کی وجہ سے انھوں نے قیصرہ سمجھ کر تعظیم سے حال پوچھا جب میں گئی تو وہ حیران ہوگئیں کہ میں تو تعظیم کو آپ ہی سمجھ رہی تھی - اس پہ میں نے انھیں بتایا کہ اگرچہ اتنی مشابہت نہیں ہے مگر سکول میں بھی ٹیچر ہمیں جوڑواں بہنیں ہی سمجھتی تھیں - اس کے بعد انسیہ باجی کو سلام کیا وہ میرا ہاتھ پکڑے پکڑے نزہت باجی کے پاس لے گئیں اور میرا تعارف کروایا اس پہ وہ بہت خوش ہوئیں اور کہنے لگیں کہ انسیہ نے بیٹھے بیٹھے آپ کا تعارف کروایا تو میں سوچ رہی تھی کہ آپ سے ضرور ملوں گی - آپ نے سوچا اور میں آ گئی - انسیہ باجی کہنے لگیں کہ میں آپ کو سٹیج پہ بلانا چاہ رہی تھی مگر پھر رہ گیا اس پہ میں نے انھیں کہا کہ سٹیج پہ میری کانپیں ٹانگ جاتی ہیں اس پہ وہ خوب ہنسیں - آج مجھے اپنے اوپر فخر محسوس ہونے لگا کہ اللہ تعالیٰ نے اس قلم کی بدولت مجھے چن لیا اور یہ قلم میری پہچان بن گیا - الحمدللہ
تبصرہ لکھیے