دیارِ غیر میں رہنے والے میرے پاکستانیو!
خصوصا امریکا اور یورپ کے میرے بہت ہی عزیز پاکستانیو! اُمید ہے کہ آپ خیریت سے ہوں گے۔
اپنے وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے وزرا کے زبانی معلوم ہوا کہ باہر کی دُنیا میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے۔ خصوصا امریکا اور یورپ سے متعلق ہماری حکمران جماعت پی ٹی آئی نے جو تصویرکشی کی ہے، وہ دِل دہلا دینے والی ہے۔ ہمیں بتایا گیا ہے کہ دنیا کی تاریخ میں اس قدر مہنگائی کا سامنا کبھی ان اقوام کو نہیں کرنا پڑا ہے۔
میرے پاکستانیو!
اپنی حکومت کے ذریعے ہمیں جن حقائق کا پتا چلا، ان سے یوں معلوم ہوتا ہے کہ یورپ اور امریکا اس وقت مشکل ترین دور سے گزررہے ہیں۔ وہاں لوگ فاقوں پر مجبور ہیں۔ فی کس آمدنی شدید متاثر ہوئی ہے۔ کووڈ 19 کے اثرات سے، وہاں لوگوں کو جان کے لالے پڑے ہیں۔
میرے پیارے پاکستانیو!
آپ نے ہمیشہ مشکل میں اس ملک وقوم کا ساتھ دیا ہے۔ ترسیلاتِ زر کی وجہ سے ہماری معیشت اس وقت آسمان کی بلندیوں کو چھورہی ہے۔ اس دن ایک چینل پر مشہور ماہرِ معیشت چوہدری غلام حسین صاحب فرمارہے تھے کہ حکومت نے جان بوجھ کر Growth روک رکھی ہے، ورنہ معیشت زیادہ آگے نکل سکتی ہے۔
سو آپ سے بس اتنی سی گزارش کرنی تھی کہ اگر ان مشکل ترین حالات کا سامنا کرنے کی سکت آپ میں نہ رہی ہو اور آپ کو مستقبل بھی تاریک نظر آرہا ہو تو بلاکسی جھجک آپ اپنے ملک واپس آجائیں۔
میرے پیارے پاکستانیو!
میں آپ کا دُکھ اور درد سمجھ سکتا ہوں لیکن مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ پاکستان اس وقت دنیا کا سب سے سستا ترین ملک ہے۔ الحمدللہ! یہاں فی کس آمدنی بھی بہت بہتر ہوگئی ہے۔ پوری دنیا میں پیٹرول یہاں سب سے سستا ہے۔ آبادی بڑھنے کی وجہ سے چینی کچھ مہنگی ہوگئی ہے، اور مٹھاس بھی کچھ کم رہ گئی ہے، لیکن ہمیں بتایا گیا ہے کہ اب بھی ہمارے ہاں چینی دنیا میں سب سے سستی ہے۔
سو، جب اور جس وقت آپ کا جی چاہے آپ امریکا اور یورپ پر لعنت بھیج کر اپنے ملک آجائیے۔ اگر اس مشکل وقت میں پاکستان اور اہالیانِ پاکستان آپ کے کام نہ آئیں تو کب آئیں گے۔
والسلام۔۔۔ آپ کا اپنا
تبصرہ لکھیے