نیل آرٹ اور مؤمنات - فرح رضوان

کس قدر شکر کا مقام ہے نا کہ، دنیا بھر میں نیل آرٹ اپنے عروج پر ہے۔ کتنے لوگوں کا کاروبار اس سے وابستہ ہے۔ کتنوں کی خوشی، کتنوں کی صلاحیت، وقت اور مال؛ مگر مؤمنات کو یہ امتیاز میسر ہے کہ وہ اس قسم کی بربادی کا تصور بھی نہیں کرتیں، بلکہ بردباری، پاکیزگی اور طہارت ان کی اولین ترجیح ہوتی ہے۔

اور بھلا یہ آرٹ کتنے دن چلتا ہوگا؟ کیونکہ زندہ انسان کے ناخن تو مسلسل بڑھنے والی چیز ہے، کچھ روز میں تو ہر ایک کو ناخن تراشنے ہی پڑتے ہیں؛ ورنہ دوسروں کو یا خود کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ڈاکٹرز اور تجربہ کار افراد لوگوں کے ناخن دیکھ کر ان کی صحت اور صحبت جان لیتے ہیں۔ اب جو چڑھی ہوں رنگوں کی تہہ پر تہہ تو اصل ناخن بھلا ڈاکٹر کو دکھے گا کیسے؟ اور مرض کی تشخیص کیسے ہوگی؟ ناخن کی طرز پر ہی کچھ جذبے بھی انسانوں میں مسلسل پروان چڑھتے ہیں، جن کی تراش خراش نہ کی جائے تو کبھی کسی کو اور کبھی خود کو نقصان پہنچتا ہے، جیسے غصہ، نفرت، محبت، عقیدت، غم اور انا وغیرہ۔ ہر جمعہ یا ذی الحج کے چاند سے قبل ناخن تراش لینے کی یاد دہانیاں سبھی کو موصول ہوتی ہیں؛ ان کے ساتھ اپنا ایک ریمائنڈر لگایا جا سکتا ہے۔

ہر طرح کے ناخن تراش لیجیے، خود کوسنوار لیجیے، یہی تزکیہ نفس ہے جو انسان صرف خود ہی کر سکتا ہے۔ کوئی اور ناخن کاٹے تو گہرائی سے کاٹنے پر تکلیف تو ہمیں ہوگی نا۔ ناخن کی اہمیت جس قدر ہے، ویسے ہی مختلف جذبوں کی اہمیت ہے، تو طریقہ یہاں بھی وہی ہوگا کہ ایک حد تک جذبات کی تراش کی تاکہ دوسروں کو خراش نہ لگے، اور ان میں چھپے جراثیم سے ہم روحانی طور پر صاحب فراش نہ ہوا کریں۔ ان شاءاللہ۔ اس طرح انا بڑھ کر تکبر بننے کے بجائے سلف سٹیم، اور پراعتمادی میں ڈھلے گی۔ ضد، انتقام اورحسد کے بجائے عزم و استقامت بن سکے گی۔ غصہ یا نفرت ڈپریشن کےبجائے موٹیویشن بن سکے گا، جبکہ تجسس تحسس میں، ظلم عدل میں ڈھل سکے گا۔ دعا بہت بہت کرنی ہوگی رب تعالیٰ سے کہ ہمیں حق کو حق باطل کو باطل ہی دکھایا کریں۔

Comments

فرح رضوان

فرح رضوان

فرح رضوان کینیڈا میں مقیم ہیں۔ خالق کی رضا کی خاطر اس کی مخلوق سے لگاؤ کے سبب کینیڈا سے شائع ہونے والے ماہنامے میں قریباً دس برس قبل عائلی مسائل پرلکھنا شروع کیا تھا، اللہ کے فضل و کرم سے سلسلہ جاری ہے۔ دلیل کی مستقل لکھاری ہیں

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.