ایلوویرا کے فوائد - بشری نواز

خوبصورتی چہرے کی ہو یا بالوں کی، یا بات صحت کی ہو، ایلوویرا ان سب میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ایلوویرا کو اردو میں کوارگندل کہا جاتا ہے۔ یہ نہ صرف حسن بڑھانے میں استعمال کیا جاتا ہے بلکہ یہ صحت کے لیے بھی بہت مفید ہے۔ قدرت نے اس دنیا میں بےشمار قسم کی جڑی بوٹیاں اور پودے پیدا کیے ہیں جن میں مختلف بیماریوں سے شفاء اور حسن کی حفاظت بھی موجود ہے۔

یورپ میں اس پودے کے طبعی فوائد جاننے کے لیے بہت سی تحقیقات کی گئیں اور تحقیقات کے نتیجے میں بہت سے فوائد سامنے آئے، جس میں چہرے کی خوبصورتی اور دلکشی کو بڑھانے کے لیے ایلوویرا کا استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ جلد کے کھنچاؤ کو برقرار رکھتا ہے۔ اسی وجہ سے ایلوویرا کو سن بلاک کلینرز باڈی لوشن میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کو بالوں کی حفاظت کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کا گودا بالوں کی جڑوں میں لگانے سے بال گھنے اور چمکدار ہو جاتے ہیں۔ بازار میں ایلوویرا سے تیار کردہ شیمپو اور کنڈیشنرز دستیاب ہیں۔ ایلوویرا جیل میک اپ کو صاف کرنے میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کو روئی پر لگا کر آپ میک اپ صاف کر سکتیں ہیں۔ ایلوویرا کا باقاعدہ استعمال آپ کی جلد کو ہمیشہ کے لیے جوان بنا دیتا ہے۔ اس کی جیل کو ڈارک سرکل دور کرنے کے لیے بھی استمعال کیا جاتا ہے۔

کچھ اہم فائدے اور استعمال:
ایلوویرا جیل کا استعمال چہرے کی جھریوں کو کم کرنے کے لیے بےحد فائدہ مند ہے۔ اس کی قدرتی نمی جلد کو پرکشش رکھتی ہے۔ اگر چہرے پر دانے یا نشان پڑ جائیں تو یہ وہاں بھی کام کرتا ہے۔ پیروں کی پھٹی ہوئی ایڑیوں پر جیل کا استعمال بہت فائدہ مند ہے۔ ایلوویرا کے گودے کا استعمال جسم کے کسی بھی حصے کی درد اور سوجن میں کمی لاتا ہے۔ سر کی جلد کے لیے بھی ایلوویرا جیل بہت مفید ہے، یہ سر میں ٹھنڈک کا احساس دلاتا ہے۔ جسم کے کسی بھی جلے ہوئے حصے پر اسے لگانے سے جلن کم ہوتی ہے اور ٹھنڈک کا احساس بھی ہوتا ہے۔

بے شمار فوائد کی وجہ سے اسے جادوئی پودا کہا جاتا ہے اس کا رس خارش والی جلد کے لیے بھی انتہائی مفید ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم بھی اس قدرتی نعمت کا پوری طرح فائدہ اٹھائیں۔