میں تلسی تیرے آنگن کی - اسماعیل صدیقی

سینتیس سالہ تلسی گیبرڈ امریکی ریاست ہوائی سے منتخب ہونے والی پہلی ہندو کانگریس وومن ہیں۔ اس وقت برنی سینڈرز کی قیادت میں ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر اٹھنے والی پروگریسو موومنٹ کا ایک درخشندہ ستارہ ہیں اور کچھ حلقوں کا کہنا ہے کہ تلسی آئندہ صدارتی انتخابات کی دوڑ میں ایک مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آسکتی ہیں۔

تلسی عراق کی جنگ میں امریکی فوج کی طرف سے جنگ کے میدان خدمات انجام دے چکی ہیں۔ 2002ء میں فقط 21 سال کی عمر میں ہوائی کی اسٹیٹ کانگریس کی رکن منتخب ہوئیں جو کہ ایک ریکارڈ تھا۔ تلسی 2013ء سے امریکی کانگریس کی ممبر ہیں۔ 2016ء میں تلسی اس وقت قومی افق پر ابھر کر سامنے آئیں جب انھوں نے ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کی نائب صدارت سے صرف اس لیے استعفی دے دیا تھا کہ وہ کھل کر برنی سینڈرز کی حمایت کرسکیں۔ ٹرمپ کے صدر بننے کی دیگر وجوہات میں ڈیموکریٹک پارٹی کا اندر سے تقسیم ہونا ہے اور لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ہیلرِی کلنٹن کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کی اسٹیبلشمنٹ نے الیکشن میں دھاندلی کی تھی۔ ہیلری کلنٹن اسٹیبلشمنٹ کی نمائندہ سمجھی جاتی تھیں اور ان پر ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر سے اٹھنے والے اعتراضات میں وال اسٹریٹ سے ان کی قربت تھی۔

ہیلری کلنٹن الیکشن تو ہار گئیں مگر اس کے نتیجے میں ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر پروگریسو موومنٹ نے مزید پذیرائی حاصل کی اور حالیہ مڈٹرم پرائمری انتخابات میں انہوں نے پاکستانی اردو اخبارات کی لغت کے مطابق "برج الٹ دیے"۔ اس کی ایک بڑی مثال اٹھائیس سالہ الیگزنڈریا اکاسیو کورٹز ہیں جنہوں نے دس مدتوں سے منتخب ہونے والے ڈیموکریٹک کاکس کے چئیرمین جو کراؤلی کو شکست دے دی۔ پروگریسو موومنٹ کی ان کامیابیوں کے بعد تلسی گیبرڈ کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے اور وہ موومنٹ کی ایک توانا آواز کے طور پر سامنے آئی ہیں۔ وہ بات کرنے کا سلیقہ جانتی ہیں اور مقناطیسی شخصیت کی حامل ہیں۔

تلسی گیبرڈ کے کچھ خیالات ٹرمپ اور ری پبلکن پارٹِی سے ملتے ہیں۔ ٹرمپ کے صدر منتخب ہوتے ہی وہ ان سے ملنے والی پہلی ڈیموکریٹ نمائندہ تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں انھوں نے شام کے مسئلے پر صدر ٹرمپ کو بریف کیا۔ وہ شام میں میں امریکی مداخلت اور عمومی طور پر حکومت تبدیلی کے خلاف ہیں۔ وہ بشار الاسد سے ملاقات بھی کرچکی ہیں۔ 2017ء میں تلسی نے کانگریس میں Stop ArmingTerrorists Act متعارف کروایا جس میں امریکی حکومت سے یہ کہا گیا ہے کہ شام کی حکومت کے خلاف برسر پیکار القاعدہ، داعش اور النصرہ فرنٹ کے دہشت گردوں کی مدد بند کی جائے۔ وہ صدر اوبامہ کو لفظ "اسلامی دہشت گردی" استعمال نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنا چکی ہیں۔ وہ ری پبلکن پارٹِی کی طرح گن کنٹرول کے بھی خلاف ہیں۔

تلسی گیبرڈ ایک سفید فام ہندو ہیں۔ ان کے باپ امریکن سموا میں پیدا ہوئے اور ماں ہندو مت قبول کرنے والی سفید فام عورت ہیں، اور انھوں نے اپنی اولاد کو ہندو مت کی تعلیمات پر ہی تربیت دی۔ تلسی نے ابتدائی تعلیم گھر پر ہی حاصل کی۔ تلسی گیبرڈ کی ایک پہچان یہ بھی ہے کہ وہ کانگریس میں بھارت کے مفاد کا خیال رکھنے والی India Caucus کی چئیر پرسن ہیں اور ایک پریکٹسنگ ہندو ہیں۔ وہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی مداح ہیں۔ انہوں نے نریندر مودی سے ملاقات میں وہ بھگوت گیتا مودی کو تحفے میں دی جس پر انھوں نے کانگریس میں حلف اٹھایا تھا۔ تلسی دہشت گردی کے متعلق پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہیں۔

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com
/* ]]> */