واٹس ایپ کے 6 چھپے ہوئے فیچرز

اگر آپ کے پاس اسمارٹ فون ہے اور آپ اس میں انٹرنیٹ بھی استعمال کرتے ہیں یقیناً آپ واٹس ایپ (Whatsapp) نامی ایپلی کیشن سے بخوبی واقف ہوں گے۔ بذریعہ انٹرنیٹ مفت پیغام رسانی کے لیے دنیا بھر میں استعمال ہونے والی اس مقبول ترین موبائل ایپ کو قریباً دس سال پہلے پیش کیا گیا تھا۔ ابتداء میں یہ ایپ صرف لکھے ہوئے پیغام بھیجنے اور وصول کرنے کے لیے استعمال کی جاتی تھی لیکن وقت کے ساتھ اس میں آڈیو پیغامات، تصاویر بھیجنے سے لے کر ویڈیو کال اور فائلز کی منتقلی تک بہت کچھ شامل کیا جاتا رہا ہے۔ واٹس ایپ کے چند فیچرز ایسے بھی ہیں کہ جن سے عام لوگ واقف نہیں حالانکہ ان کے استعمال سے واٹس ایپ کو زیادہ بہتر انداز سے استعمال کیاجاسکتا ہے۔ اس مضمون میں ہم انہی چند فیچرز کو بیان کر رہے ہیں جو بظاہر بہت معمولی لیکن حقیقت میں بڑے کام کے ہیں۔

شور مچانے والا گروپ 'خاموش'

اکثر اوقات واٹس ایپ گروپس میں ایسی گفتگو یا بحث چھڑ جاتی ہے کہ جس سے آپ کا لینا دینا نہیں ہوتا مگر نوٹیفکیشن آپ کو خاصہ تنگ کر کے رکھ دیتے ہیں۔ لیکن چونکہ گروپ کئی اعتبار سے آپ کے لیے مفید ہے اس لیے آپ وہاں سے راہ فرار بھی اختیار نہیں کرسکتے۔ ایسی صورتحال میں آپ گروپ کو کچھ وقت کے لیے خاموش کرسکتے ہیں۔ایپل آئی فون استعمال کرنے والوں کے لیے واٹس ایپ کے گروپ انفو میں ‘Mute’ کا آپشن موجود ہے جبکہ اینڈرائیڈ صارفین کو گروپ چیٹ میں جا کر مینو بٹن دبانے پر یہ آپشن نظر آئےگا۔ تو ابھی شور بچانے والے تمام گروپ 'خاموش' کریں اور سکون سے وقت گزاریں۔

انٹرنیٹ کا محدود استعمال

اگر آپ اسمارٹ فون میں موبائل انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں تو جان لیں کہ واٹس ایپ بہت زیادہ انٹرنیٹ استعمال کرتا ہے۔ چونکہ واٹس ایپ پر موصول ہونے والا ہر پیغام، تصویر، آڈیو یا ویڈیو فائل ازخود آپ کے فون میں ڈاؤنلوڈ ہوجاتی ہے اس لیے انٹرنیٹ کی کھپت بھی بڑھتی چلی جاتی ہے اور آپ کو علم بھی نہیں ہوتا۔ تو اگر آپ کے پاس لامحدود انٹرنیٹ موجود نہیں اور آپ اپنے پیسے بچانا چاہتے ہیں تو ابھی اپنے واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جائیں اور Data Usage آپشن پر کلک کریں۔ یہاں آپ کو مختلف آپشن نظر آئیں گے جن میں تصاویر، آڈیو اور ویڈیو فائل ازخود ڈاؤنلوڈ بند کرنے کا آپشن بھی موجود ہوگا۔ یہاں سے ڈاؤنلوڈنگ صرف وائی فائی پر محدود کردیں یا پھر بالکل بند کر کے اپنا خرچہ بچائیں۔

یہ بھی پڑھیں:   واٹس ایپ نے بڑا اعلان کر دیا، عوام کے لیے بری خبر آگئی

پیغامات کا منفرد انداز

یوں تو واٹس ایپ پر سادہ پیغام ہی بھلا لگتا ہے لیکن اگر آپ لمبے اور طویل پیغام کرنے کی عادت رکھتے ہیں اور اس میں چند باتوں کو زیادہ واضح کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے اپنے الفاظ زیادہ گہرے یعنی bold اور ترچھے یعنی italic بھی کرسکتے ہیں۔ بس آپ کو کرنا یہ ہے کہ جس الفاظ یا جملے کو نمایاں کرنا ہے اس کے شروع اور آخر میں *اسٹیرک* بنادیں۔ اسی طرح جس الفاظ کا جملے کو ترچھا انداز دینا ہوا اس کے شروع اور آخر میں _ لائن_ بنادیجیے۔ اس سے نہ صرف آپ کا پیغام مزید خوبصورت ہوجائے گا بلکہ پڑھنے میں بھی آسان محسوس ہوگا۔

منتخب پیغام کو سنبھالنا

واٹس ایپ پر دوست و احباب یا کسی گروپ میں بے تحاشہ پیغامات آتے رہتے ہیں۔ ایسے میں اس بات کا امکان بڑھ جاتا ہے کہ آپ بات چیت کے دوران بہت سے اہم پیغامات نہ ڈھونڈ پائیں۔ اس مسئلہ کا آسان حل یہ ہے کہ اس میسیج کو 'Star' کردیں۔ یہ ایک طرح کا فولڈر ہے جہاں صرف وہی پیغامات نظر آئیں گے کہ جنہیں آپ سنبھال رکھنا چاہتے ہیں۔ بعد میں ضرورت پڑنے پر واٹس کے سینکڑوں پیغامات کو چھاننے کی ضرورت نہیں بلکہ Starred Messages میں جائیں اور اپنا محفوظ شدہ پیغام پائیں۔ کسی بھی پیغام کو Star کرنے کے لیے اس پر کچھ دیر انگلی رکھیں اور آپشن نمودار ہونے پر ستارے کو منتخب کریں۔

تمام روابط کو ایک ساتھ پیغام بھیجنا

اگر آپ ایک ہی میسیج اپنے تمام دوستوں، عزیزوں اور رشتہ داروں کو بھیجنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے واٹس پر گروپ بنانے کی بالکل بھی ضرورت نہیں۔ جس طرح ای-میل کرتے ہوئے آپ تمام ای میل ایڈریس ایک ساتھ لکھ کر بھیج سکتے ہیں اسی طرح واٹس ایپ پر ایک ہی پیغام دو یا زائد روابط کو بھیجنا بھی ممکن ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہر شخص کے پاس آپ کا پیغام آپ ہی کے نمبر سے جائے گا اور اس میں کوئی ایسا اشارہ موجود نہ ہوگا کہ یہی پیغام کسی اور کو بھی بھیجا گیا ہے۔ واٹس ایپ میں یہ سہولت Broadcast کے نام سے دی گئی ہے جسے ایپ کے مینو سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:   واٹس ایپ نے بڑا اعلان کر دیا، عوام کے لیے بری خبر آگئی

واٹس ایپ کمپوٹر اسکرین پر

اگر آپ واٹس ایپ بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں اور آپ کی یہ عادت دفتر یا گھر والوں کو بالکل نہیں بھاتی تو پریشان ہونے کی بالکل ضرورت نہیں۔ واٹس ایپ نے موبائل پیغامات کو کمپیوٹر اسکرین پر پڑھنے اور ان کا جواب دینے کی سہولت بھی فراہم کی ہوئی ہے۔ اسے استعمال کرنے کے دو طریقے ہیں۔ پہلا طریقہ یہ ہے کہ اپنے کمپیوٹر کے آپریٹنگ سسٹم کے مطابق واٹس ایپ کی ویب سائٹ پر موجود سافٹویئر ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کرلیں۔ دوسرا طریقہ نسبتاً واٹس ایپ ویب کا ہے جسے web.whatsapp.com پر بغیر کسی قسم کی ڈؤان لوڈنگ اور انسٹالیشن استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ان دونوں ہی طریقوں واٹس ایپ براہ راست کمپیوٹر اسکرین سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ بس ابتداء میں اپنے فون سے صرف پہلی مرتبہ QR کوڈ اسکین کرنا ہوگا اور پھر آپ کے گھر والے پریشان ہوں گے، نا ہی دفتر والے ناک بھوں چڑھائیں گے۔

ٹیگز