ہوم << قوم بننے کی ضرورت ہے - راؤ اسامہ منور

قوم بننے کی ضرورت ہے - راؤ اسامہ منور

اسامہ منور پاکستان کے سیاسی موسم میں اس وقت گہما گہمی دیکھنے میں آ رہی ہے، مختلف جماعتیں حکومت پر اپنے اپنے انداز میں دباؤ ڈال رہی ہیں. پانامہ لیکس کے مسئلے نے ایک طرف شریف خاندان کا پول کھول دیا ہے اور دوسری طرف ہم عوام کے بے حس ہونے کا سرٹیفکیٹ بھی عطا کر دیا ہے.
اس وقت ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتیں حکومت کی کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف یک زبان ہوچکی ہیں اور یہ چاہتی ہیں کہ پانامہ زدہ افراد کو کم یا زیادہ مگر سزا ضرور ملنی چاہیے اور یہ بات ہے بھی بالکل درست.
اس کی وجہ یہ کہ پانامہ لیکس میں جن سربراہانِ مملکت کے نام آئے ہیں ان میں سے اکثر مستعفی ہوگئے ہیں یا پھر سزا بھگت رہے ہیں، لیکن یہاں نواز انکل کمال ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ملک کی سربراہی پر براجمان ہیں بلکہ مخالفین کو عملا چلی ہے رسم کہ کوئی نہ سر اٹھا کے چلے، کا پیغام بھی دے رہے ہیں.
ان حالات میں قوم کو درحقیقت قوم بننے کی ضرورت ہے. قوم کو اپنی ترجیحات کا تعیّن کرتے ہوئے پہلی فرصت میں اپنے لیے ایک دیانتدار قیادت کا مطابہ کرنا ہوگا. سڑکوں پر نکلنے سے پہلے اس بات پہ یکسو ہونا ہوگا کہ ہمارا یہ احتجاج ملکی سلامتی کے لیے ہے نہ کہ کسی سیاستدانوں کے وقتی مفادات کے تحفظ کے لیے؟ سیاسی جماعتوں کے سربراہان وقت کی ضرورت کے مطابق قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے ملکی سلامتی میں بہترین کردار ادا کرسکتے ہیں. مجھ جیسے کم فہم لوگ حیران ہیں کہ جماعتِ اسلامی اور تحریک انصاف دونوں ہی کرپشن کے خلاف کھڑی ہیں لیکن دونوں جماعتیں علیحدہ علیحدہ شو آف پاور کر رہی ہیں. حالات کی نزاکت کے پیشِ نظر عوام کو اپنے مستقبل کے لیے دیانتدار لوگوں کےساتھ مل کر عملی جدوجہد کرنا ہوگی تاکہ ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوسکے.

Comments

Click here to post a comment