”دلیل“ کے چاہنےو الے، دلیل مصنفین اور دلیل کے قارئین کے لیے یہ اطلاع کسی اہم خبر سے کم نہیں کہ آج دلیل پاکستان میں رینکنگ کے اعتبار سے بلاگز، مضامین اور کالمز کی سب سے بڑی یعنی پہلے نمبر کی ویب سائٹ بن گئی ہے۔
اس میں کئی باتیں قابل غور ہیں۔
ایک تو یہی کہ بلاگز اور مضامین سنجیدہ افراد ہی پڑھتے ہیں۔ خاص کر وہ جنھیں مطالعہ کا شغف ہو۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ قارئین کی ایک بڑی تعداد ایسی ہے جو سنجیدہ موضوعات کو پڑھنا چاہتی ہے۔ یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ ہمارے ہاں عموماً یہ کہا جاتا ہے کہ انٹرنیٹ پر پڑھنے والوں کی تعداد بہت کم جبکہ ”دیکھنے“ والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ دلیل نے اس تاثر کو کافی حد تک کم کردیا ہے۔ الحمدللہ
دوسرا، دلیل کو بہت کم عرصے میں اندرون و بیرون ملک سے لکھاریوں کا تعاون حاصل ہوا ہے. اس میں آزمودہ بھی ہیں اور نوآموز بھی. یہ کہنا مبالغہ آرائی نہیں ہوگا کہ دلیل کو کسی بھی دوسری مضامین اور بلاگز کی ویب سائٹس کے مقابلے میں زیادہ لکھاریوں کا تعاون حاصل ہے. اس میں خواتین لکھاری بالخصوص قابل ذکر ہیں جو کسی بھی دوسرے پلیٹ فارم کے مقابلے میں دلیل پر زیادہ تعداد میں موجود ہیں، اور ان کی نگارشات سامنے آ رہی ہیں. دلیل ٹیم کو اس بات کا بخوبی احساس ہے کہ اس میں اس کا کوئی کمال نہیں ہے. بیانیے کے میدان میں اسلام اور پاکستان کی خدمت جیسے عظیم مقصد اور جذبے کے ساتھ مقابل ہونے کی وجہ سے اسے یہ توجہ، مقام اور تعاون حاصل ہوا ہے. دلیل ٹیم دعا گو ہے کہ اللہ تعالی نیت کو ایسے خالص رکھے، اور لکھنے اور پڑھنے والے بھی اسی تناظر میں اس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں.
اس ضمن میں بار دگر عرض ہے کہ دلیل تجارتی مقاصد کے تحت بنائی گئی تھی نہ اس سے کسی ذات کی پروجیکشن مقصود تھی، بلکہ یہ بیانیے کی دھول میں اسلام اور پاکستان کی آواز کے طور پر سامنے آئی تھی. دلچسپی رکھنے والے احباب اس منظرنامے سے بخوبی واقف ہیں. پیش نظر یہ تھا اپنی بات پورے زور اور یقین کے ساتھ کہی جاتی رہے اور ہم خیال لوگوں کو کسی قسم کی مذہبی، مسلکی، لسانی اور سیاسی تفریق سے بالاتر ایک پلیٹ فارم بھی مہیا کیا جائے تاکہ اجتماعیت کی برکت بھی اس میں شامل ہو جائے.
تیسرا، ہمارے ہاں بدقسمتی سے ایک ٹرینڈ بن چکا ہے کہ لوگوں کو ویب سائٹ پر لانے کے لیے سنسنی خیزی اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جاتے ہیں۔ اس میں پاکستان کے کئی ایسے سنجیدہ نام ہیں جن سے ہرگز یہ توقع نہیں کی جاتی، مگر بدقسمتی سے وہ بھی اس میں سر تا پیر ڈوبے نظر آتے ہیں۔ ”کھودا پہاڑ، نکلا چوہا“ والا محاورہ غالباً ایسے ہی مواقع کے لیے بولا جاتا ہے۔ الحمدللہ! کسی مرچ مسالہ کے بغیر اتنے کم عرصے میں دلیل کے لیے قارئین کی اتنی بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کرنا کسی اہم واقعے سے کم نہیں۔ ہم یہ بات بار بار عرض کرتے ہیں کہ دلیل ٹیم تو بس مصنفین اور قارئین میں رابطے کا کام کر رہی ہے، اصل سہرا مصنفین اور قارئین کے سر ہی جاتا ہے۔
چوتھی اہم بات یہ ہے کہ دلیل کی یہ رینکنگ کسی قسم کی ایڈورٹائزمنٹ یا اسپانسرشپ کے بغیر ہے۔ آغاز سے اب تک کوئی ایک بھی تحریر اسپانسر نہیں کی گئی۔ اس کے باوجود کئی تحاریر کو ایک لاکھ سے زیادہ ویوز ملے جبکہ ہزاروں بار شیئر کی گئیں۔ گزشتہ ہفتے سے کئی تحاریر کے ویوز 50 ہزار سے ایک لاکھ کے درمیان رہے۔ 10 ہزار سے زائد ویوز والی تحاریر تو بےشمار ہیں۔
ہم خوشی کے اس موقع پر آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ بہت جلد ”دلیل“ میں آپ کو تکنیکی اور ظاہری شکل وصورت کے اعتبار سے نئی تبدیلیاں محسوس ہوں گی۔ جو یقیناً آپ کے لیے خوشگوار حیرت کا باعث ہوں گی۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ آپ کے تعاون کے ساتھ بہتری و کامیابی کی طرف ہمارا یہ سفر جاری وساری رہے گا۔
تبصرہ لکھیے