ہوم << ہر دلعزیزی - حنا نرجس

ہر دلعزیزی - حنا نرجس

آپ اپنے حلقہ احباب میں ہر دلعزیز ہونا چاہتے ہیں تو اس کے لیے بنیادی ٹِپ تو اخلاص ہی ہے کیونکہ دینِ اسلام کی بھی مختصر ترین تعریف یہی ہے کہ الدين النصيحۃ یعنی دین دراصل خیر خواہی ہے. اگر بنیاد میں اخلاص موجود ہے تو دوسروں کے دل میں گھر کرنے کے لیے کچھ مزید مشورے بھی دیے جا سکتے ہیں. انہی میں سے ایک آزمودہ ٹِپ آج حاضر ہے 🙂
غیر رسمی و بےتکلف ملاقات یا گفتگو میں بعض اوقات ہم کچھ نئے چہروں/لوگوں کو بے تکلفی سے مخاطب کرنا چاہتے ہیں. اب کرنا آپ کو یہ ہے کہ اگر مخاطب بندی کے بارے میں آپ سمجھتی ہیں کہ وہ آپ سے کئی سال بڑی ہیں اور ”باجی“ کہہ کر مخاطب کیے جانے میں کوئی حرج نہیں ہے تو بھی ”باجی“ نہ کہیے. نام لے کر ہی مخاطب کر لیں اور ان کے چہرے پر آنے والی روشنی اور خوشی سے آپ بھی خوش ہو جائیے.
اسی طرح جہاں آپ پُر یقین ہوں کہ انہیں "آنٹی“ کہا جا سکتا ہے وہاں”باجی“ کہہ لیجیے. مزید خوشگوار تاثر کے لیے ”آپی“، "اپیا“ وغیرہ کہیے. یاد رکھیں ”آپا“ کہنا اکثر کچھ زیادہ اچھا تاثر نہیں چھوڑتا :/
بس اسی پر قیاس کرتی جائیے تو ”آنٹی“ آپ انہیں کہیں گی جن کی عمر کا آپ کی دادی اماں اور نانی اماں سے زیادہ فرق نہ ہو.
کچھ بہنوں کو تشویش ہو سکتی ہے کہ ایسا کرنے سے ہم خود اپنی عمر سے زیادہ کی سمجھی جائیں گی. ان سے دو باتیں کہوں گی. آپ کی شخصیت، حلیہ، اندازِ گفتگو اور زندہ دلی ایسا نہیں ہونے دے گی. لیکن اگر آپ کو پھر بھی ایسا ہونے کا ڈر ہے تو یہ کیجیے کہ محض ”آپ“، ”جناب“ کہہ کر کام چلا لیجیے، کوئی بھی لیبل دینے سے گریز کریں.
بھائیوں سے بھی یہی کہوں گی کہ اپنے حلقہ احباب میں اس ٹِپ کو آزما کر دیکھیں. خوشگوار نتائج خود آپ کو بھی حیران کر دیں گے. دوسروں کو خوشی دینا بہترین صدقہ ہے. ورنہ آج کے دور میں ہر انسان کے پاس پہلے ہی پریشان ہونے اور جھنجھلاہٹ میں مبتلا ہونے کے لیے ایک سو ایک وجوہات موجود ہیں.
یقیناً آپ کو بھی تجربہ رہا ہوگا کہ کچھ لوگ بہت اچھے ہوتے ہیں مگر پھر بھی آپ انہیں قدرے ناپسند کرتے ہیں. کیوں؟ صرف اُس اندازِ تخاطب کی وجہ سے جو وہ آپ کے لیے اختیار کرتے ہیں. بس انہی کی غلطی سے سبق سیکھ لیجیے 🙂
ہاں! ایک بات کا خیال رکھیے کہ جو آپ سے بڑے ہوں، ان کے ساتھ بات چیت کرتے وقت عزت و احترام میں ہرگز کمی نہ آنے دیجیے کیونکہ چھوٹوں پر شفقت کرنے اور بڑوں کی عزت کرنے کی تلقین کی گئی ہے.
نوٹ: اگر معدودے چند لوگ اس بےتکفی کو پسند نہیں کرتے تو ٹھیک ہے، وہاں اس سے احتراز کیجیے.

Comments

Click here to post a comment