پچھلے چند دنوں سے خاصی مصروفیت ہے۔ فیس بک پر سرسری نظر ہی دوڑا سکا۔ غامدی صاحب کے حلقے کے اصحاب سے ایک بحث جناب طارق محمود ہاشمی صاحب کی ہوئی اور اس میں جس بات نے سخت تکلیف دی وہ یہ تھی کہ غامدی صاحب کے منتسبین میں ایک نہایت سنجیدہ بزرگ بھی ہاشمی صاحب کی بات کا جواب دینے، یا اس کی غلطی واضح کرنے، کے بجائے اس کا مضحکہ اڑا رہے تھے۔ تکفیر اور تقلید کے مخالفین کا یہ انتہاپسندانہ اور جامد مذہب میری سمجھ میں نہیں آسکا۔
دوسری بات جو میں سنجیدگی سے سوچ رہا ہوں، وہ یہ ہے کہ اگر ہم کسی کو اس بنا پر کافر نہیں کہہ سکتے کہ دل کا حال تو خدا ہی جانتا ہے، تو پھر ہم کسی کو مسلمان کیسے مان سکتے ہیں جبکہ اس کے دل کا حال بھی خدا ہی جانتا ہے؟
یہیں سے اصل بات نکھر کر سامنے آجاتی ہے جو غامدی صاحب کے حلقے کے مؤقف کی بنیاد ہے۔ وہ اصل بات یہ ہے کہ کسی کا مسلمان ہونا یا نہ ہونا ایک ”پرائیویٹ“ معاملہ سمجھا جائے۔ کسی کو اس میں عمل دخل کی ضرورت نہ ہو۔ جو خود کو مسلمان کہتا ہے، وہ مسلمان ہے، اور جو خود کو مسلمان نہیں کہتا، وہ مسلمان نہیں ہے۔ اس پر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جو خود کو کافر کہے، اسے کیا کہیں گے؟ کیا پتہ وہ بھی اوپری دل سے، صرف زبان سے، یا محض ردِ عمل میں، بغیر سمجھے، یا بغیر غور کیے، یا ”بغیر اتمام حجت“ کے، ہی کہہ رہا ہو اور دل میں کافر نہ ہو؟ تو اس ”چکر“ میں پڑنا ہی نہیں چاہیے۔
یہاں سے ہم چوتھے سوال کی طرف جاتے ہیں۔ وہ سوال یہ ہے کہ کیا کسی کا مسلمان ہونا، یا نہ ہونا، صرف اس شخص کا اور اس کے خدا کا معاملہ ہے یا اس کے کچھ اثرات دوسرے انسانوں پر بھی مرتب ہوتے ہیں؟ غامدی صاحب کا حلقہ یہاں بالعموم دو باتیں کرتا ہے:
ایک یہ کہ کسی کو کافر کہہ کر آپ اسے دراصل جہنم کا پروانہ دے رہے ہیں اور یوں خدا کی پوزیشن پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں (Playing God)۔ کوئی ان سے کہے کہ جہنم میں یا جنت میں جانے کی بات تو آخرت میں ہوگی، ہمیں اصل فکر اس کے دنیوی نتائج کی ہے۔ مثلاً یہ کہ کیا اس کے ساتھ نکاح جائز ہے؟ کیا وہ مسلمان کا وارث، یا مسلمان اس کا وارث، ہوسکتا ہے؟ کیا وہ مسلمان کا ولی ہوسکتا ہے؟ وغیرہ۔ اس زاویے سے دیکھیں تو ہی سمجھ میں آتا ہے کہ کیوں غامدی صاحب نے نکاح اور میراث میں بھی ”اتمامِ حجت کا قانون“ گھسیڑ کر بہت سارے احکام، جیسے نکاح کی ممانعت یا میراث سے محرومی، کو رسول اللہ ﷺ کے اولین مخاطبین تک ہی محدود کردیا ہے۔ بہرحال اس وقت جو بات سامنے رکھنے کی ہے وہ یہ کہ تکفیر کے قائلین، یعنی آپ کے سوا باقی پوری امت مسلمہ، دراصل دنیوی نتائج پر فوکس کررہی ہے لیکن آپ اپنے حلقے کے جذباتی نوجوانوں کے سامنے Playing God کی بات رکھ کر اور جنت اور جہنم کا پروانہ دینے کا اختیار بتاکر خلط مبحث کر رہے ہیں۔
دوسری بات جو غامدی صاحب کے حلقے کے اصحاب اس موقع پر کرتے ہیں وہ یہ ہے کہ کسی کو آپ محض غیر مسلم نہیں کافر قرار دیتے ہیں تو گویا اسے واجب القتل قرار دیتے ہیں! کوئی پوچھے کہ یہ نتائج کی طرف چھلانگ لگانا آپ کب چھوڑیں گے؟ کیا کسی نے یہ کہا ہے کہ جو بھی کافر ہیں سارے واجب القتل ہیں؟ کافر ہونے اور واجب القتل ہونے میں تلازم کا دعوی کس نے کیا ہے؟ یہ صحافیانہ انداز صحافی کوچہ گردوں کے ساتھ تو عجیب نہیں لگتا لیکن جب علم اور حلم کے مدعیان اور داعیان بھی اس طرح کی مبالغہ آمیزیاں اور مغالطہ انگیزیاں کریں تو اس پر افسوس ہی کیا جاسکتا ہے۔
پانچویں اور آخری بات اور قابلِ غور امر یہ ہے کہ امتِ مسلمہ ہر دور میں تکفیر کی قائل رہی ہے۔ کسی مخصوص شخص یا گروہ کی تکفیر پر اختلاف الگ بات ہے، تکفیر میں احتیاط کی بات بھی اپنی جگہ لیکن کسی نے یہ نہیں کہا کہ تکفیر سرے سے کی نہیں جاسکتی۔ پہلی دفعہ یہ discovery المورد میں ہوئی ہے۔ تو صاف الفاظ میں اسے دریافت ہی کہیں۔ اسے آپ rediscovery کہتے ہیں تو یہ تلبیس ہے کیونکہ اس طرح آپ یہ تاثر دے رہے ہیں کہ پہلے بھی یہی مؤقف تھا لیکن لوگوں سے گم ہوگیا تھا تو اب ہم نے rediscover کرلیا ہے۔
اتنا کچھ لکھ لینے کے بعد اب مجھ پر لازم ہوگیا ہے کہ میں اپنے آپ کو اللہ کی پناہ میں دے دوں۔ یا اللہ! انتہا پسندی کے مخالف اس انتہاپسند گروہ کی انتہاپسندی کے شر سے مجھے بچائیو!
(ڈاکٹر محمد مشتاق احمد، ایسوسی ایٹ پروفیسر قانون، بین الاقوامی اسلامی یونی ورسٹی، اسلام آباد)
تبصرہ لکھیے